جامعہ ملیہ اسلامیہ - اردو ہندی کتب کی نمائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-27

جامعہ ملیہ اسلامیہ - اردو ہندی کتب کی نمائش

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی مرکزی لائبریری ڈاکٹر ذا کر حسین کے زیر اہتمام آج لائبریری کے طلبہ ریڈنگ روم میں اردو اور ہندی کتابوں پر مشتمل دوروزہ کتاب میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ کتاب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے نائب شیخ الجامعہ پروفیسر ایس ایم راشد نے خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ کتابوں کی نمائش سے طلبہ اور اساتذہ کو سب سے زیادہ فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس سے بہت سی اچھی کتابوں کی دریافت ہو جاتی ہے جو عام طورپر ہر علاقوں کے کتب خانوں میں دستیاب نہیں ہوتیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع سے جامعہ کے طلبہ، ریسرچ اسکالرز اور اساتذہ فائدہ اٹھائیں ۔ لائبریری کے ڈائرکٹر غیاث مخدومی نے بتایا کہ ہم موقع بموقع لائبریری کے زیر اہتمام کتابوں کی نمائش کا اہتمام کرتے رہے ہیں ۔ اس موقع پر ہمارے طلبہ اور اساتذہ فائدہ اٹھاتے ہیں اور ہماری لائبریری کیلئے مطلوبہ کتابیں بھی خرید لی جاتی ہیں ۔ نمائش میں ہندی اور اردو کے تقریباً18 کتب خانوں نے اپنا اسٹال لگایا ہے ۔ اکثر اسٹالوں کی کتابیں 25سے 30فیصد رعایتی شرح پر فروخت کی جا رہی ہیں ۔ ہندی سے کہیں زیادہ اردو کتابوں کے خریدار نظر آ رہے تھے ۔ اردو کتب خانوں میں ایجوکیشن پبلیشنگ، مکتبہ جامعہ، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، کتاب محل، اردو اکادمی دہلی اور نیشنل بک ٹرسٹ والوں نے اپنے اسٹال لگائے ہیں ۔ جبکہ ہندی کتب خانوں میں ساہتیہ اکادمی، رادھا کرشنا، دانی، کے کے پبلی کیشن، ہیرا اکادمی، پرکاشن سنستھا اور لوک بھارت جیسے کتب خانوں کے اسٹال لگائے گئے ہیں ۔

Jamia Millia Islamia - urdu hindi books exhibition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں