صدر جمہوریہ کا بجٹ اجلاس میں دونوں ایوانوں سے خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-22

صدر جمہوریہ کا بجٹ اجلاس میں دونوں ایوانوں سے خطاب

صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ عدم اعتماد کو بڑھاوا نہ دینے کے اپنے وعدے پر قائم رہے اور ہندوستان اس کے ساتھ امن کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے آج پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان ہمیشہ برصغیر میں امن، استحکام، تعاون اور اقتصادی ترقی چاہتا ہے اور اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کو اولین ترجیح دیتا ہے ۔ دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں پرنب مکرجی نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعقلات معمول پر لانے کی غرض سے ہندوستان نے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ امن کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں لیکن ساتھ ہی پاکستان کو بھی عدم اعتماد کو بڑھاوا نہ دینے کے اپنے وعدے پر قائم رہنا چاہئے ۔ افغانستان کے معاملہ پر صدرجمہوریہ نے کہاکہ اب جبکہ افغانستان میں سیاسی اور سلامتی کی سطح پر تبدیلیاں آ رہی ہیں ۔ ہندوستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے میں اس جنگ زدہ ملک کی مدد کرتا رہے گا۔ واضح رہے کہ 2014ء تک افغانستان سے 23ہزار غیر ملکی فوجی واپس ہو جائیں گے ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی معاہدے کے سلسلہ میں صدر جمہوریہ نے کہاکہ پارلیمنٹ میں ایک دستوری ترمیمی بل پیش کیا جائے گا جس کے تحت سرحدی معاہدے اور 2011ء کے معاہدے پر عمل ہو گا۔ اس کے نتیجے میں سرحد پر حفاظتی انتظامات اور بہتر ہو جائیں گے ۔ سری لنکا کے ساتھ اپنے معاملات پر پرنب مکرجی نے کہاکہ حکومت وہاں بے گھر ہونے والے افراد کی بازآبادکاری کی کوششوں کے سلسلے میں سری لنکا کی حکومت سے بات کر رہی ہے ۔ مغربی ایشیاء اور شمالی افریقہ کے معاملے پر صدر جمہوریہ نے کہاکہ ہندوستان ان علاقوں میں تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کو بخوبی یہ احساس ہے کہ تقریباً60 لاکھ ہندوستانی خلیجی ممالک میں قیام پذیر ہیں لہذا ہمیں ان کی حفاظت کی بھی فکر لاحق ہے ۔ صدر جموریہ نے کہاکہ ہندوستان بہت حد تک اپنی توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے خلیجی ممالک پر منحصر ہے اور یہ کہ ہندوستان، افریقی ممالک کے ساتھ بھی اپنی سیاسی اور اقتصادی مصروفیات میں اضافہ کر رہا ہے ۔ چین کے معاملے پر صدر جمہوریہ نے کہاکہ ہندوستان، چین کے ساتھ بھی مثبت طرزعمل اپنا رہا ہے تاکہ باہمی تعلقات کو نئے عروج تک پہنچایاجاسکے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے آسیان ممالک کے ساتھ اپنی اہم شراکت داری کو بھی مستحکم کیا ہے بلکہ خدمات اور سرمایہ کاری کے معاملے پر اس نے آسیان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ بھی کیا ہے ۔

Budget Session: Important that Pakistan desists from acts that lead to trust deficit, says Pranab

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں