افضل گرو سزائے موت کی مذمت - عمر عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-11

افضل گرو سزائے موت کی مذمت - عمر عبداللہ

چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداﷲ نے افضل گرو کو سزائے موت دئیے جانے کی مذمت کی ہے اور کہاکہ اس سے وادی کی نوجوان نسل میں بیگانگی اور نا انصافی کا احساس پیدا ہو گا۔ عمر نے مزید کہاکہ گرو کو آخری وقت گھروالوں سے ملاقات اور پھانسی کے بعد تجہیز وتکفین کی افراد خاندان کو اجازت نہ دیا جانا ایک "سانحہ" ہے ۔ محمد افضل گرو کوپھانسی دینے پر واضح طورپر ناراض چیف منسٹر نے کہاکہ کئی سوال اٹھتے ہیں جن کے جواب ضروری ہیں ۔ عمر نے احساس ظاہر کیاکہ گرو کو تختہ دار پر چڑھانے کے طویل عرصہ تک مرتب ہونے والے اثرات انتہائی پریشان کن ہیں کیونکہ اس کا تعلق کشمیر کی نوجوان نسل ہے جو ہو سکتا ہے مقبول بھٹ کو نہ جانتے ہوں لیکن افضل گرو کو ضروریاد رکھیں گے ۔ بھٹ کو برطانیہ میں ایک ہندوستانی سفارت کار رویندر مہاترے کے قتل کے الزام میں 1984ء میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ عمر عبداﷲ نے ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا برائے کرم اس بات کو سمجھنے کی کوشش کیجئے کہ کمشیر میں ایک سے زائد نسلیں ایسی ہیں جو خود کو مظلوم کی حیثیت سے دیکھتی ہیں ۔ کئی نسلیں ہیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ انہیں انصاف نہیں ملے گا۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر نے صاف الفاظ میں کہاکہ آپ اسے پسند کریں یا نہ کریں کہ افضل گرو کو پھانسی دئیے جانے سے یہ بات ابھر کر سامنے آئی ہے کہ انہیں انصاف نہیں ملا۔ میرا ذہن بھی بہت منتشر ہے اور سلامتی کے محاذ پر جلد مرتب ہونے والے اثرات سے پریشان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم احساس بیگانگی اور نا انصافی کو کیسے دور کر پائیں گے ۔ یہ ایک سوال ہے جس کا میرے پاس کوئی جواب نہیں ۔

Omar Abdullah slams Afzal Guru's hanging, says long-term implications 'far more worrying'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں