امریکی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ ملاقات - حیدرآباد دھماکوں کا ذکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-23

امریکی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ ملاقات - حیدرآباد دھماکوں کا ذکر

امریکہ کے نومقرر کردہ وزیر خارجہ جان کیری نے آج دورہ کنندہ ہندوستانی معتمد خارجہ رنجن متھائی سے ملاقات کی اور اس بات پر زوردیا کہ ہند۔ امریکہ تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور وہ (کیری) اپنی معیاد کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے کوشاں رہیں گے ۔ متھائی کے ساتھ ملاقات کے فوری بعد کیری نے بحیثیت سکریٹری آف اسٹیٹ ٹوئٹر پر اپنی پہلی تحریر درج کی جس میں انہوں نے متھائی کے ساتھ ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس دوران ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی گئی۔ نیز اس موقع پر حیدرآباد کے دلیر عوام کے تعلق سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا جیسا کہ اس شہر میں کل جڑواں دھماکوں کے باعث کئی جانیں ضائع ہوئیں ۔ کیری نے ٹوئٹر پر اپنی شخصی دستخط بھی کی۔ واضح رہے کہ تحربہ کار سنیٹر کیری نے جو ہندوستان کے ساتھ مستحکم تعلقات کے حامی رہے ہیں جاریہ ماہ ہلاری کلنٹن کے جانشین کے طورپر امریکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے عہدہ کا حلف لیا۔ کیری نے اس موقع پر حیدرآباد بم دھماکوں کی مذمت بھی کی جس میں 14افراد ہلاک اور 80سے زائد زخمی ہوئے ۔ انہوں نے متھائی سے اس سلسلہ میں مزید تفصیلات طلب کیں اور اپنے ملک کی جانب سے درکار کسی بھی تعاون کی پیشکش بھی کی۔ اس موقع پر انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ برائے سیاسی امور وینڈی آر شرمن نے حیدرآباد دھماکوں پر امریکہ کی جانب سے اظہار مذمت کیا اور اس بات کو ترجیح دی کہ ہند۔ امریکہ، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متحدہ طورپر اقدام کریں گے ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون بھی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ شامل ہو گئے اور ہندوستانی شہر حیدرآباد میں ہوئے دہشت گرد دھماکہ کی مذمت کی جس میں زائد از دو درجن افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ۔ بان کیمون نے عام شہریوں پر اس طرح کے قاتلانہ حملوں کی سختی سے مذمت کی۔ اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کے دفتر کی جانب سے کل جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وہ مہلوکین کے افراد خاندان کے علاوہ ہندوستانی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔

John Kerry meets Ranjan Mathai; reaffirms importance of ties with India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں