جمعیۃ علما ہند کا مجوزہ انصاف مارچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-14

جمعیۃ علما ہند کا مجوزہ انصاف مارچ

اقلیتوں کے مسائل کے تئیں مرکزی حکومت کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے آج یہاں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کہاکہ ان کے حل کیلئے موجودہ صورتحال میں مسلسل جدوجہد کی بڑی ضرورت ہے تاکہ ارباب اقتدار کو عملی اقدامات کیلئے تیار کیاجاسکے ۔ اسی احساس فرض کے تحت جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملے کے فیصلے کے مطابق 5!مارچ کو مسلمانوں کیلئے آبادی کے تناسب سے ریزرویشن، فرقہ وارانہ تشدد کے انسداد کیلئے موثر قانون سازی اور دہشت گردی کے نام پر بے قصور گرفتار شدگان کی رہائی جیسے مسائل کو ترجیحات کی بنیادپر موثر طریقے سے اٹھانے کیلئے تال کٹورہ اسٹیڈیم نئی دہلی میں کانفرنس منعقد ہورہی ہے اور ساتھ ہی جنتر منتر تک انصاف مارچ بھی کیا جائے گا۔ مولانا مدنی یہاں جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر میں کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں اترا کھنڈ، میوات اوریوپی کے مغربی اضلاع کے ذمے داروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے پروگرام کا مقصد بتاتے ہوئے کہاکہ کانفرنس طئے ہے اور کسی بھی حال میں انشاء اﷲ اپنے مقاصد کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مولانا محمود مدنی نے کہاکہ ہمارے اکابر نے جان و مال، عزت نفس اور وقار کی قربانی دے کر اقلیتوں کیلئے دستور میں وہ چیزیں رکھوائیں جن کے رہتے ہوئے ہمیں اطمینان ہے کہ قانونی طورسے ہمیں محروم نہیں کیا جائے گا لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پچھلے 60سالوں کا تجربہ یہ ثابت کر رہا ہے کہ دستور میں تمام حقوق کے باوجود مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کی ایک منصوبہ بند سازش ہورہی ہے ۔ کچھ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمان ذہنی طورسے دوسرے درجے کے شہری بن جائیں ۔ انہوں نے بزرگوں کی قربانی یاد دلاتے ہوئے کہاکہ ہمیں ان طاقتوں سے بھی نمٹنا ہے اور ساتھ ہی اپنا حق بھی منوانا ہے اس کیلئے ہمیں بڑی بیداری کا ثبوت پیش کرنا ہو گا۔

Jamiat-Ulama-i-Hind's proposed Insaf march

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں