ہیلی کاپٹر سودے کی منسوخی کاروائی شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-16

ہیلی کاپٹر سودے کی منسوخی کاروائی شروع

وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر کی سودے بازی میں 360کروڑروپئے کی ہوئی رشوت خوری میں بی جے پی شامل ہے یا کانگریس اس پر بحث شروع ہو گئی ہے ۔ دونوں پارٹیوں کے لیڈران کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کی جا رہی ہے ۔ کانگریس اس رشوت خوری کیلئے بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو قصور وار بتا رہی ہے جبکہ بی جے پی اس الزام کو خارج کرتے ہوئے کانگریس قیادت والی یوپی اے حکومت کو اس پورے معاملے کا ذمہ دار قرار دے رہی ہے ۔ ان سیاسی مباحثہ کے دوران حکومت ہند نے ہیلی کاپٹر سودے میں ہوئے معاہدے کو منسوخ کرنے کی کار روائی شروع کر دی ہے ۔ وزارت دفاع حکومت ہند نے ہیلی کاپٹر کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ کو ایک وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے اس پورے معاملہ میں ایک ہفتہ کے اندر اندر جواب دینے کو کہا ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر دفاع اے کے انٹونی نے رشوت خوری کے اس معاملہ کی سی بی آئی جانچ کرائے جانے کے ساتھ ہی یہ کہا تھا کہ اگر اس معاملہ میں صداقت پائی جاتی ہے تو یہ معادہ ختم کر دیاجائے گا اور متعلقہ ہیلی کاپٹر کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ کو بلیک لسٹ کر دیاجائے گا۔ 2010ء میں ہوئے معاہدہ پر دستخط کے مطابق ہندوستان کو 3600کروڑروپئے کے 12وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر اٹلی سے خریدنے تھے ۔ اس سودے بازی میں اپنی کمپنی کو رکھنے کیلے آگسٹا ویسٹ لینڈ نے 360کرو روپئے کی رشوت ہندوستان کو دی تھی جس میں سابق ائیر مارشل ایس پی تیاگی کا نام سرفہرست بتایا گیا ہے ۔ حالانکہ انہوں نے اس الزام کو پوری طرح سے بے بنیاد قراردیا ہے تاہم جانچ سے پہلے کسی کے بارے میں کچھ بھی کہہ پانا مشکل ہے ۔ دراصل اس سودے کی شروعات 2003ء میں ہوئی اور اس وقت این ڈی اے کی حکومت تھی۔ اسی کو بنیاد بنا کر کانگریس بھی بی جے پی حملہ آور ہورہی ہے ۔

India may cancel Finmeccanica chopper deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں