دلتوں پر مظالم کے خلاف سخت قانون - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-25

دلتوں پر مظالم کے خلاف سخت قانون - سونیا گاندھی

صدرنشین یوپی اے سونیا گاندھی نے دلتوں اور آدی واسیوں کی بہبود کے ئلے حکومت کے عزم مصمم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان طبقات کے خلاف ظلم و استبداد روکنے کیلئے اور زیادہ سخت قانون بنایا جائے گا۔ سونیا گاندھی نے آج یہاں بین الاقوامی دلت کانفرنس کو بھیجے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ حکومت نے درج فہرست ذات و قبائل کو اور زیادہ مضبوط بنانے کیلئے کئی قانونی اور انتظامی اقدامات کئے ہیں جن سے ان طبقات کی بہبود کے ہمارے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان طبقات پر مظالم کے سلسلہ روکنے کیلئے متعلقہ قانون کو اور زیادہ سخت بنانے اور سختی کے ساتھ نافذ کرنے کیلئے ضروری تبدیلیاں کی جا رہی ہیں ۔ اس کانفرنس کا اہتمام درج فہرست ذات و قبائل کی تنظیموں کی کل ہند فیڈریشن نے کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ سر پر غلاظت اٹھانے کا طریقہ پوری طرح ختم کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں ایک بل پاس کیا گیا ہے جس میں اس طریقے پر پابندی عائد کرنے کی بات کہی گئی ہے ۔ اس بل میں اس طرح کے کام میں لگے افراد کو روزگار فراہم کرنے اور ان کی بازآبادکاری کرنے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے ۔ مزید یہ کہ درج فہرست ذات و قبائل سے متعلق منصوبوں کو اور مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ ان طبقات کے لئے مختص وسائل کو اور زیادہ بہتر طریقے سے ان کے حق میں استعمال کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طبقے کے ملازمین کو ترقی میں بھی تحفظات دینے کی تجویز سے متعلق بل بھی پہلے ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جا چکا ہے ۔

Sonia gandhi statement for International Dalit conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں