مسجد اقصیٰ - اسرائیلی سازشوں سے سنگین خطرات لاحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-13

مسجد اقصیٰ - اسرائیلی سازشوں سے سنگین خطرات لاحق

اسرائیل نے براق صحن کے ساتھ یہودی عبادت گاہ ، پولیس اسٹیشن اور تعمیرات پر مشتمل پروجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے ۔ براق صحن کے اطراف جاری کھدائیوں سے فلسطینیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں مین غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اقصیٰ فاونڈیشن نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس صہیونی منصوبے کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے صحافیوں کی ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں مسجد اقصیٰ پر مکمل قبضے کے اس صہیونی منصوبے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی دی گئی ۔ اتوار کو ہونے والی اس کانفرنس میں فلسطین کے جید علماء اورنامور رہنماؤں نے شرکت کی ۔ 1948ء کے مقبوضہ فلسطین میں سرگرم تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ زائد صلاح ،القدس سے اسلامک سپریم کونسل کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری کے علاوہ مقبوضہ فلسطین کے عرب سٹیزن کمیٹی کی مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ استاذ محمد الازیدان اور الاقصیٰ فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر انجینئر امیر خطیب بھی شریک تھے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رائد صلاح نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک ایسے موقع پر منعقد کی جارہی ہے جب مسجد اقصیٰ انتہائی خطرے میں ہے ۔ اسرائیلی فوج کا جنون پاگل گائے کے جنون سے بھی بڑھ گیا ہے ۔ اسرئیلی فوج اور انتہاء پسند یہودیوں کی جانب سے رات دن مسجد اقصیٰ اور القدس پر دھاوا بولا جا رہا ہے ۔
مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کرنے والے شیخ رائد صلاح کاکہنا تھا کہ "سٹراس ہاؤس" کی عمارت کے مسجد اقصیٰ کے ساتھ ملنے کا مطلب ہوگا کہ مسجد اقصیٰ کے احاطے کو بڑھایا جا رہا ہے ۔ اس طرح مسجد اقصیٰ کا گراؤنڈ فلور بھی مسجد کے نیچے بچھائے گئے اسرائیلی سرنگوں کے نیٹ ورک سے متصل ہوجائے گا ۔ شیخ صلاح نے اعلان کیا کہ وہ اس ہفتے کے اختتام پر جمعرات ، جمعہ اور ہفتے کے دن اس منصوبے کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائیں گے ۔ جس میں اہلیان القدس کو درپیش خطرات میں ان کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا جائے گا ۔

Al-Aqsa Mosque conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں