علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کا 60 واں جلسہ تقسیم اسناد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-17

علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کا 60 واں جلسہ تقسیم اسناد

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا 60واں جلسہ تقسیم اسناد اچانک ہوئی بارش کی نذر ہو گیا فوری طورپر متبادل انتظام ناکافی ثابت ہوا جلسہ کی مہمان خصوصی یوپی اے کی چئیر پرسن سونیا گاندھی اپنے تبدیل شدہ پروگرام کے باوجود بھی علی گڑھ نہیں پہنچ سکیں ۔ جلسہ اپنے مقررہ وقت سے 3گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ جلسہ کی صدارت نواب ابن سعید خان آف چھتاری نے کی۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ نے کہاکہ آج ہمارے لئے یہ مسرت کا مقام ہے کہ ہم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 60ویں جلسہ تقسیم اسناد کے گواہ بنے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج سے 137سال قبل مصلح قوم سرسید احمد خان نے جو خواب دیکھا تھا آج وہ شرمندہ تعبیر ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ آج اے ایم یو کا عالمی سطح کی یونیورسٹیز میں شمار ہوتا ہے یہاں کے شعبہ قانون کا عالمی سطح پر 8واں مقام ہے ۔ اے ایم یو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے ۔ یہاں متعدد ممالک کے طلباء زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج یونیورسٹی کے جن طلباء کو اسناد تفویض کی جا رہی ہیں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری سے سرفرازمعروف اولڈ بوائے اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ظفر اقبال نے کہاکہ میرے لئے یہ فخر کا مقام ہے کہ مادر درسگاہ میں مجھے یہ اعزاز مل رہا ہے میری زندگی کا یہ ایک سنہرا باب ہے آج جو کچھ میں نے حاصل کیا وہ اسی یونیورسٹی کی دین ہے اور خاص طور سے وہ اساتذہ جنہوں نے مجھے آگے بڑھانے میں مددکی۔ انہوں نے بتایا کہ میری پوری تعلیم علی گڑھ میں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے طلباء نے پوری دنیا میں علیگ ہونے کا ثبوت دیا ہے وہ جہاں بھی گئے وہاں یونیورسٹی کا روشن کیا۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے نواب چھتاری ابن سعید خان نے طلباء کو دعاؤں کے ساتھ مبارکباد پیش کی اور کہاکہ تعلیم کی تکمیل کے بعد اب دوسرا مرحلہ شروع ہوتا ہے ۔ اس مرحلہ میں ایک طرف قومی خدمت ہوتی ہے اور دوسری طرف اعلیٰ کارکر دگی کی وجہہ سے مادر رسگاہ کا نام بھی روشن ہوتا ہے ۔ جلسہ کی نظامت مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار شاہ رخ شمشاد نے کی اس موقع پر پرو وائس چانسلر سید احمد علی اور کنٹرولر امتحان پرویز مستجاب بھی موجود تھے ۔ وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ سے یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیوں کے ڈین حضرات کو ان کی فیکلٹیوں سے منسلک طلباء کی ڈگریاں دیں ۔ اس موقع پر سابق وائس چانسلر محمود الرحمن، نواب کوکب حمید، ڈاکٹر معراج الدین، سلامت اﷲ، ظفرعالم، حاجی ضمیر اﷲ، و ویک نسل ، روحی زبیری کے علاوہ یونیورسٹی اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد مسلم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اختتام پر یونیورسٹی ترانہ اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

60th Annual convocation of AMU

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں