ترنمول کانگریس نے 15واں یوم تاسیس منایا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-03

ترنمول کانگریس نے 15واں یوم تاسیس منایا

کولکتہ۔
2/جنوری (ایجنسیاں)
ترنمول کانگریس نے یکم جنوری کو یہاں اپنا 15واں یوم تاسیس منایا۔ اس موقع پر شہر میں سب سے بڑا جلسہ دھرم تلہ کے گاندھی مجسمہ کے پاس ہوا جہاں پارٹی کے سیوادل کے کارکنوں نے مختلف طرح کے پروگرام کئے۔ اس سے قبل ترنمول کانگریس بھون میں بھی پارٹی کا یوم تاسیس منایا گیا جہاں سابق مرکزی وزیر سی ایم جٹوا نے قومی پرچم لہرایا جبکہ سابق وزیر ریلوئے اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مکل رائے نے پارٹی کا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ترنمول بھون میں ادریس علی، ترنمول چھاتر پریشد کے ریاستی صدر شنکھو پانڈا، نرمل مانجھی ایم ایل اے، پارٹی کے ریاستی سکریٹری الوک داس اور اقلیتی سیل کے نائب صدر عالم انصاری وغیرہ بھی موجود تھے۔ بعدازاں ترنمول کانگریس کے 15ویں یوم تاسیس کے موقع پر راجہ بازار موڑ پر مغربی بنگال ترنمول کانگریس اقلیتی سیل کی جانب سے ایک عوامی جلسہ کا انعقادہوا جس کی صدارت اقلیتی سیل کے ریاستی چیرمین ادریس علی ایڈوکیٹ نے کی۔ ادریس علی نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ممتابنرجی نے اپنی دیڑھ سالہ حکومت کے دوران اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے اتنے اقدامات کئے ہیں جو بایاں محاذ کی حکومت نے 34 برسوںمیں بھی نہیں کئے۔ اردو کوریاست کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ، دس ہزار مدرسوں کو منظوری،عالیہ یونیورسٹی اور دوسرے حج ٹاور کیلئے زمین اور فنڈ کی فراہمی، اردو کے سالانہ بجٹ میں خطیر رقم کا اضافہ، وقف کی زمین ہڑپنے والوں کے خلاف سی بی آئی اور سی آئی ڈی کی جانچ، اقلیتی طلبہ و طالبات کے تعلیمی وظائف چند ایسے اقدامات ہیںجن سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ممتا بنرجی اقلیتوں کی ترقی کیلئے دل و جان سے کوشاں ہیں لیکن سی پی ایم، کانگریس، بی جے پی اور صدیق اﷲ چودھری و عبدالرزاق ملاجیسے لوگوں کو ممتا بنرجی کی مقبولیت پسند نہیں آرہی ہے۔ وہ لوگ ممتا بنرجی کو طرح طرح سے بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیںبلکہ سابق وزیر انیس الرحمن جیسے کچھ لوگ تو اب گالی گلوج پر اتر آئے ہیں لیکن عوام ممتابنرجی کے ساتھ ہیں اس لئے دشمنوں کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں