اسلام آباد دنیا کا سب سے بڑا تحریر اسکوائر بنے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-03

اسلام آباد دنیا کا سب سے بڑا تحریر اسکوائر بنے گا

کراچی۔
2/جنوری (ایجنسیاں)
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 14/جنوری کو اسلام آباد میں دنیا کا سب سے بڑا "تحریر اسکوائر"بننے جارہا ہے مگر یہ پرامن تحریراسکوئر ہوگا کوئی تشدد نہیں ہوگا کوئی گولی نہیں چلے گی۔ مینار پاکستان سے شروع ہونے والے انقلاب کا کراچی سے آغاز ہورہا ہے۔ جناح گراونڈ عزیز آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادری نے کہاکہ جبر اور بربریت کے خاتمے کیلئے ایم کیو ایم نے ہاتھ ملایا ہے ایم کیو ایم کی حمایت کا شکریہ ادا کرنے نائن زیرو آیا ہوں۔ الطاف حسین سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ استحصالی نظام کے خاتمے، حقیقی جمہوریت کی بحالی کی دعوت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوںکو دی تھی۔ الطاف حسین اور ایم کیو ایم غریب عوام کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے، آج انقلاب کے عملی سفر کا آغاز ہوگیاہے۔ انقلاب کا یہ سفر زیادہ دن نہیں لے گا، سفر انقلاب اپنی منزل پر پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے واضح کردیا کہ وہ صرف کراچی کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جماعت ہے۔ 14/جنوری کو عوام کی پارلیمنٹ اپنا فیصلہ سنادے گی۔ انہوں نے کہاکہ بھوک و افلاس کی آگ میں کروڑوں افراد جل رہے ہیں۔ بیمار دوا کو ترس رہے ہیں۔18کروڑ عوام سن لیں مظلوموں کیلئے آزادی کا علم بلند ہوگیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں