دہلی وقف بورڈ کے کردار کی ایک بار پھر مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-04

دہلی وقف بورڈ کے کردار کی ایک بار پھر مذمت

نئی دہلی(انقلاب نیوزنیٹ ورک) شہید غوثیہ مسجد اور منہدم شدہ قبرستان کا آج ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد اور حافظ منصور علی خاں جنرل سکریٹری ایس ڈی پی آئی نے مشترکہ دورہ کیا ان کے علاوہ قومی درج فہرست ذات کمیشن کے نیشنل کوآرڈنیٹر حاجی تاج الدین انصاری نے بھی حالات کاجائزہ لیا۔ لوگوں نے بتایا کہ اگر دہلی وقف بورڈ وقت پر کارروائی کرتا تویہاں یہ تباہی نہ ہوتی۔ مفتی مکرم احمد نے دہلی وقف بورڈ کی خاموشی، دہلی و مرکزی حکومت اور ڈی ڈی اے کے ظالمانہ رویہ پر شدید افسوس کااظہار کیا نیز دہلی و مرکزی حکومت سے پرزورمطالبہ کیا کہ بے سہارا مظلوم عوام پر ظلم نہ کیاجائے، ان کو دوبارہ یہاں بسایاجائے اور وقف بورڈ زمین واپس لینے کی کارروائی جلدکرے۔ وہاں پر توڑی گئی غوثیہ مسجد اور سینکڑوں منہدم شدہ قبروں کو دیکھ کر انہوں نے دلی رنج کا اظہار کیا ساتھ ہی وہاں پر ۴/ڈگری ٹمپریچر میں کھلے آسمان کے نیچے رہ رہے بچوں، بوڑھوں، عورتوں اور بیمارلوگوں سے ملے اور انہیںصبر کی تلقین کی۔ انہوں نے موقع پر ہی وزیراعلیٰ کے گھر فون کیا جہاں سے بتایاگیا کہ وزیراعلیٰ پیر کو اس ضمن میں وقف، ڈی ڈی اے اور متعلقہ لوگوں کے ساتھ میٹنگ کرنے جارہی ہیں۔ حاجی تاج الدین انصاری کالونی کے لوگوں سے بات چیت کی اور اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ اس معاملہ کو کمیشن کی میٹنگ میں مضبوطی کے ساتھ اٹھایاجائے گانیز وزیراعلیٰ کو مکتوب بھی لکھوں گا۔ انہوں نے کہاکہ جب یہ جگہ وقف بورڈ کی ہے تو پھر ڈی ڈی اے نے یہاں بلڈوزر کیوں چلایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ زمین وقف بورڈ کی ہے تو بورڈ کو سامنے آنا چاہئے اور وضاحت کرنی چاہئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں