ہیڈلی کو ہندوستان کی تحویل میں دینے سے امریکہ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-27

ہیڈلی کو ہندوستان کی تحویل میں دینے سے امریکہ کا انکار

امریکہ نے پاکستانی نژاد امریکی ڈیویڈ ہیڈلی کو ہندوستان کی تحویل میں دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ جبکہ نئی دہلی نے اسے شکاگو کی عدالت کی جانب سے 35 سال کی سزائے قید سنائے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ہندوستان اس بات کا خواہاں ہے کہ ممبئی 26/11 حملوں کے کلیدی سازشی داؤد گیلانی عرف ہیڈلی کو اس کے حوالے کر دیا جائے تاکہ اسے امریکہ میں سنائی گئی سزا سے زیادہ سخت سزا دی جاسکے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے گذشتہ روز کہا کہ محکمہ انصاف نے اس بارے میں بتایا ہے کہ ہیڈلی پر مقدمہ چلایا گیا اسے مجرم قراردیا گیا اور وہ امریکہ میں اپنی سزا کی تکمیل کرے گا۔ ان سے ہیڈلی کو حوالے کرنے ہندوستان کی درخواست کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ کارگذار امریکی اٹارنی گیری شپیرو نے شکاگو میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگر ہیڈلی کو ہندوستان کے حوالے کرنا ہے تو پہلے اسے اپنے جرم سے انکار کرنا پڑے گا یا پھر امریکی حکومت کے ساتھ تعاون واپس لینا پڑے گا۔ حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کے تحت ایسے جرائم کیلئے ہندوستان کے حوالے نہیں کیا جاسکتا جن کیلئے اسے وہاں خاطی نہ ٹھہرایا گیا ہو۔ اگر معاہدہ کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہیڈلی کو ہندوستان کی تحویل میں دینے کا ہمارا معاہدہ بھی کالعدم قرار پاتا ہے ۔ معاہدہ کے تحت امریکی استغاثہ نے ہیڈلی کیلئے سزائے موت کی اپیل نہ کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے اسے ایسے جرائم کیلئے پاکستان، ہندوستان یا ڈنمارک کے حوالے نہ کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا جن کیلئے اسے ان ممالک میں خاطی نہ ٹھہرایا گیا ہو۔ وکٹوریہ نولینڈ نے کہاکہ ہماری نظر میں انصاف کر دیا گیا ہے اور انسداد دہشت گردی سے متعلق امریکہ اور ہندوستان کے اشتراک کی یہ بے حد مثبت مثال ہے ۔

The U.S. refused to hand over Headley to India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں