تلنگانہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا استعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-29

تلنگانہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا استعفیٰ

تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے علیحدہ ریاست کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی اور پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو جانے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 7ارکان پارلیمنٹ منگل کو اپنے استعفوں کے مکتوب صدر کانگریس سونیا گاندھی کو روانہ کریں گے ۔ مسئلہ تلنگانہ پر وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور ریاستی کانگریس امور کے انچارج غلام نبی آزاد کے تازہ بیان کے بعد علاقہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے جی ویویک ایم پی کی قیام گاہ پر ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی۔ اجلاس کی صدارت سابق صدر پی سی سی ڈاکٹر کے کیشور راؤ نے کی‘ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ جی ویویک‘ پونم پربھا کر‘ سکھیندر ریڈی‘ سی راجیا‘ مدھویاشکی گوڑ‘ ایم جگناتھم اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایک دو ارکان پارلیمنٹ نے استعفی پیش کرنے کے مسئلہ پر مزید انتظار کرنے کی تجویز پیش کی۔ تاہم ارکان کی اکثریت نے مزید تاخیر کے بغیر فوری طورپر استعفی پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ جی ویویک اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہاکہ 29!جنوری کو تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ پارٹی اور لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کر دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے وزراء کو بھی استعفی پیش کرنے کی ہم ترغیب دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہم نے پارٹی اور لوک سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہو جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کے نام پر علاقہ میں خودکشی کے جاریہ واقعات کو روکا جاسکے ۔ ان ارکان نے کہاکہ استعفی پیش کرتے ہوئے ہم ہائی کمان کو یہاں کے حالات سے واقف کروائیں گے ۔

Telangana Congress MPs put off resignation decision

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں