بی۔جے۔پی اور آر۔ایس۔ایس کے دہشت گردی ٹریننگ کیمپس - وزیر داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-21

بی۔جے۔پی اور آر۔ایس۔ایس کے دہشت گردی ٹریننگ کیمپس - وزیر داخلہ

مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج ایک بڑا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس دہشت گردی کے ٹریننگ کیمپس چلا رہے ہیں اور "ہندو دہشت گردی" کو فروغ دے رہے ہیں ۔ زعفرانی پارٹیوں نے اس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سونیا گاندھی کی جانب سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اے آئی سی سی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شنڈے نے کہا "ایک جانب ہم ملک میں امن کی برقراری کی کوشش کر رہے ہیں اقلیتوں کے ساتھ نا انصافی ختم کرنے اور دراندازی کے خلاف بھی اقدامات کر رہے ہیں لیکن ان کوششوں کے بیچ ہمیں یہ تحقیقاتی رپورٹ ملی کہ آر ایس ایس ہو یابی جے پی، ان کے ٹریننگ کیمپس ہندو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں ۔ ہم اس تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں "۔ انہوں نے بلا کسی تردو و جھجھک واضح الفاظ میں کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس، مکہ مسجد میں بم نصب کئے گئے مالیگاؤں میں دھماکے کئے گئے اور ان تمام واقعات میں دائیں بازو کے انتہا پسند گروپ ملوث ہیں ۔ شنڈے نے کہا "ہمیں اس بارے میں سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا اور چوکسی برتنا ہو گا"۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نے شنڈے کے ریمارکس کو "خطرناک" قرار دیتے ہوئے کانگریس پر "تخریبی سیاست" میں ملوث ہونے کا الزام لگایا لیکن شنڈے بعد میں بھی اپنے موقف پر یہ کہتے ہوئے ڈٹے رہے کہ "یہ بات معتدد بار تحریری شکل میں سامنے آ چکی ہے۔
یہ کوئی نئی بات نہیں ہے جو آج میں کہہ رہا ہوں "۔ وزیر داخلہ نے کہا "جی ہاں ! یہ زعفرانی دہشت گردی ہے جس کی میں بات کر رہا ہوں ۔ یہ وہی چیزہے کوئی نئی بات نہیں ۔ میڈیا میں بارہا اس تعلق سے کہا جا چکا ہے "۔ صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ یہ زعفرانی دہشت گردی ہے یا ہندو دہشت گردی انہوں نے کہاکہ میں زعفرانی دہشت گردی کے بارے میں بات کر رہا ہوں ۔

Shinde accuses BJP RSS of conducting terror training camps

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں