Saudi King Asks Saud Bin Nayef to Run Oil-Rich Province qatif
مشرقی صوبہ قطیف اور مدینہ علاقہ کے نوتقرر شدہ گورنرس نے شہریوں کی خدمت کا عظیم موقع فراہم کرنے پر خادم الحرمین شریفین شاہ عبداﷲ سے اظہار تشکرکیا ہے اور عہد کیا ہے کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی خدمت اور ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ دیں گے ۔ شاہ عبداﷲ کی جانب سے جاری کردہ فرمان کے مطابق پرنس فیضل بن سلمان کو مدینہ منورہ کا گورنر مقرر کیا ہے اس حیثیت سے ان کا مرتبہ سعودی وزیر کے برابر ہو گا۔ پرنس فیصل کو پرنس عبدالعزیز بن ماجد کی جگہ گورنر بنایا گیا ہے ۔ شاہ عبداﷲ نے ایک اور حکم نامہ کے تحت پرنس محمد بن فہد کی جگہ پرنس سعود بن نائف کو مشرقی صوبہ کا گورنر مقرر کیا ہے ۔ پرنس سعود سعودی وزیر داخلہ محمد بن نائف کے بڑے بھائی ہیں ۔ وہ اسپین میں سعودی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں ان کے مرحوم والد سعودی عرب کے سابق ولیعہد پرنس نائب کے ایوان میں خدمات انجام دینے کیلئے ریاض طلب کر لیا گیا تھا۔ 57 سالہ پرنس سعود اس وقت ولی عہد کی عدالت کے سربراہ اور سعودی ولی عہد کے خصوصی مشیر کے عہدے پرفائز ہیں ۔ مدینہ کے نئے گورنر پرنس فیصل بن سلمان کی عمر43سال ہے ۔ وہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں اور اس وقت وہ مشرق وسطی کے سب سے بڑے اشاعتی ادارے سعودی ریسرچ اور مارکٹنگ گروپ (ایس آر ایم جی) کے چیرمین کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وہ سعودی عرب کے وزیر دفاع اور ولی عہد پرنس سلمان بن عبدالعزیز کے 5ویں بیٹے ہیں ۔ عرب بزنس میگزین نے انہیں 2004ء میں "سال کا بہترین آدمی" قراردیا تھا۔ اس کے پانچ سال کے بعد انہیں عرب میڈیا فورم نے سال کی "میڈیاشخصیت" قراردیا تھا۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں