ایوان غالب میں قرآن کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-21

ایوان غالب میں قرآن کانفرنس

ایوان غالب ماتا سندری لین میں "قرآن میں علم و عقل کا تصور" کے عنوان سے قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسوسی ایشن فار قرآنک انڈر اسٹینڈنگ، شکاگو(امریکہ) کے ڈائرکٹر عرفان احمد خان نے کہاکہ اسلام تسلسل کا نام ہے اور یہ تسلسل ہمیں اﷲ کی کتاب سے حاصل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اﷲ کی کتاب علم و حکمت کی تعلیم دیتی ہے ۔ اگر قرآنی علوم سے سب لوگ واقف ہو جائیں تو دنیا میں انقلاب آ جائے ۔ انہوں نے قرآنی آیات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کے مطالعہ سے عقل کی تربیت ہوتی ہے اور انسان کے اندر سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ میرٹھ کے سینئر وکیل عاصم علی سبزداری نے "علم اور عقل قرآن حکیم کی روشنی میں " پر اپنا پرچہ میں قرآن کریم کی آیات سے بات شروع کرتے ہوئے کہاکہ علم تنہا اﷲ تعالیٰ کی اجارہ داری ہے علم ہی وہ پہلا انعام ہے جو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے انسان کو عطا ہوا ہے ۔ عقل کے تعلق سے عاصم سبزواری نے کہاکہ عقل کی کارکر دگی کا اظہار ان نشانیوں کوسمجھنے کیلئے ہوتا ہے جو کائنات میں پھیلی ہوئی ہیں اور جس کا ذکر قرآن کریم میں کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے قرآن کریم کی آیات کے حوالہ سے مفصل گفتگو کی۔
اس سے قبل استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہاکہ قرآن کانفرنس کا مقصد قرآنی علوم کی ترویج کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن مجید بے شک مسلمانوں کی مقدس کتاب ہے لیکن اس کتاب کو پڑھنے اور سمجھنے کا حق دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی ہے ۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ قرآنی تعلیمات کو عام کریں تاکہ معاشرہ میں پھیل رہی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے ۔ کیونکہ قرآن مجید سرچشمہ حیات ہے ۔ پروگرام کی صدارت جمعیت شاہ ولی اﷲ پھلت مظفر نگر کے صدر شیخ محمد کلیم صدیقی اور نظامت ذا کر حسین دہلی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اسلم پرویز نے کی۔

Quran Conference in Aiwan e Ghalib

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں