سپریم کورٹ میں مودی سرکار کو شکست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-04

سپریم کورٹ میں مودی سرکار کو شکست

نئی دہلی۔(انقلاب نیوزنیٹ ورک) بدھ کو نریندر مودی سرکار کو سپریم کورٹ میںواضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سپریم کورٹ نے ریاست میں گورنر کملا بینی وال کے ذریعہ لوک آیوکت کے عہدے پر سبکدوش جج آر اے ورما کی تقرری کو جائز ٹھہراتے ہوئے اس بات پر برہمی کااظہار کیا کہ گجرات میں 9/سال تک لوک آیوکت کا اہم عہدہ خالی پڑا رہا۔ عدالت نے نہ صرف جسٹس ورما کو فوری طورپر عہدہ سنبھالنے کی ہدایت دی بلکہ مودی سرکار کو بھی حکم دیا کہ وہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ بہرحال کورٹ نے اپنے فیصلے یہ بھی کہا کہ لوک آیوکت کی تقرری کے تعلق سے اپنے رول کو سمجھنے میں گورنر سے غلطی ہوئی ہے انہیں یہ تقرری کابینہ کے مشورسے کرنی چاہئے تھی۔ واضح رہے کہ گجرات حکومت کی ٹال مٹول کے بعد گورنر نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے مشورہ سے لوک آیوکت کی تقرری کی تھی۔ اسے مودی سرکارنے عدالت میں چیلنج کردیاتھا۔ گورنر اور حکومت کے درمیان اختلاف کی وجہہ سے آئینی بحران سا پیدا ہوگیاتھا۔ مودی سرکار نے ہائی کورٹ میں شکست کے بعد سپریم کورٹ کا رخ کیاتھا۔ ریاستی حکومت کا موقف تھا کہ گورنر کملا بینی وال کابینہ کے مشورہ اور تعاون کے بغیر لوک آیوکت کی تقرری نہیں کرسکتیں۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں جسٹس بی ایس چوہان اور جسٹس ایف ایم ابراہیم خلیفۃ اﷲ نے مودی سرکار کی اپیل کو خارج کردیا۔ کورٹ نے کہاکہ "اس کیس کے حقائق ریاست گجرات کے افسوسناک حالات کا پتہ دیتے ہیں۔ یہاں لوک آیوکت کا عہدہ 9/سال سے زائد عرصے تک خالی پڑا رہا"۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں