گجرات اسمبلی کے کثیر اراکین کا مجرمانہ ریکارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-25

گجرات اسمبلی کے کثیر اراکین کا مجرمانہ ریکارڈ

گجرات کی نئی اسمبلی میں تقریباً31 فیصد ارکان مجرمانہ پس منظر کے حامل ہیں ۔ اس فہرست میں کانگریس سب سے آگے ہے جب کہ حکمراں بی جے پی کے 10 ارکان کے خلاف سنگین الزامات بشمول عصمت ریزی کے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ گجرات الیکشن واچ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نئی اسمبلی میں جملہ182ارکان منتخب ہوئے ان میں 57 ارکان اسمبلی یا 31فیصد نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے ۔ ان میں 24 ارکان اسمبلی کے خلاف انتہائی سنگین الزامات ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مجرمانہ پس منظر رکھنے والوں کو اسمبلی کیلئے ٹکٹ نہیں دیا جانا چاہئے ۔ الیکشن واچ کے مطابق جو 10 ارکان اسمبلی سنگین فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ان میں 6 کا تعلق بی جے پی سے ہے اور امیت شاہ، شنکر چودھری، بابولال جمنا داس پٹیل ، پرشوتھم سولنکی، جیٹھا دھر واڈ اور دلیپ پاٹل ان میں شامل ہیں ۔ سابق وزیر داخلہ امیت شاہ حلقہ اسمبلی ناران پورہ سے منتخب ہوئے حالانکہ وہ قتل اور اغوا کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ سہراب الدین شیخ اور تلسی پرجاپتی فرضی انکاونٹر مقدمات میں بھی وہ مبینہ طورپر ملزم ہیں ۔ نیشنل الیکشن واچ کے مطابق گجرات اسمبلی کیلئے 99ارکان جو دوبارہ منتخب ہوئے ان میں 42کروڑپتی ہیں جن کے اثاثہ جات میں 2007ء کے بعد دو کروڑسے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 134 نو منتخب ارکان اسمبلی کے اثاثہ جات ایک کروڑسے زائد ہیں یعنی 74فیصد ارکان اسمبلی کروڑپتی ہیں ۔ بی جے پی کے 65 دوبارہ منتخب ارکان اسمبلی کے اثاثہ جات میں گذشتہ پانچ سال کے دوران 177 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں