اے۔ایم-یو - انگریزی کتاب تنقید اور متبادل تنقید کا اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-26

اے۔ایم-یو - انگریزی کتاب تنقید اور متبادل تنقید کا اجرا

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹنٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ نے اکیڈمک اسٹاف کالج میں "تنقید اور متبادل تنقید" پرانگریزی کتاب کا اجراء کیا۔ یہ کتاب پرویفسر اے آر قدوائی اور ڈاکٹر محمد عاصم صدیقی کی ادارت میں شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے شعبہ انگریزی کے 3پروفیسرس پروفیسر اسلوب احمد انصاری، پروفیسر مسعود الحسن اور پروفیسر زاہدہ زیدی جوان کے استادرہ چکے ہیں کی تنقیدوں کو پیش کیا ہے ساتھ ہی شعبہ کے 22اساتذہ کے مضامین بھی اس کتاب میں شائع ہوئے ہیں ۔ وائس چانسلر نے رسم اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تنقید زندگی کا حصہ ہے اور تنقید اور متبادل تنقید پر ان کے بھی چند تجربات ہیں ۔ ان کے چچا مسٹر ادریس شاہ نے صوفی ازم پر جو کتاب لکھی وہ تنقید کی وجہہ سے ہاٹ کیک کی طرح خوب فروخت ہوئی۔ انہوں نے اساتذہ برادری سے اپیل کی کہ وہ تدریسی عمل کے ساتھ اچھی کتابیں بھی لکھیں ۔ انہوں نے اس کتاب کی اشاعت پر مدیران اور قلم کاروں کے اس عمل کو سراہا۔ رسم اجراء کی تقریب کے اعزازی مہمان پروفیسر ایم شمیم جے راج پوری، سابق وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد نے کہاکہ کسی بھی یونیورسٹی کی پہنچان اس کے تحقیقی کاموں سے ہوتی ہے ۔ اکیڈیمک اسٹاف کالج کے ڈائرکٹر پروفیسر اے آر قدوائی، ڈاکٹر عاصم صدیقی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اکیڈمک اسٹاف کالج کی ڈاکٹر فائزہ عباسی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور ڈاکٹر ریشما جمال نے حاضرین کاشکریہ ادا کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں