پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک کی ہند میں آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-15

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک کی ہند میں آمد

جمعہ کو پاکستانی وزیر داخلہ رحمن ملک کے نئی دہلی پہنچنے کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے اُس نئی ویزا پالیسی کو نافذ العمل کردیا جس سے تاجروں، معمر افراد اور مذہبی سفر کرنے والوں کو بڑی راحت ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی رحمن ملک نے یہ کہہ کر ممبئی حملوں کے کلیدی ملزم حافظ سعید کے خلاف کسی طرح کی کارروائی سے پاکستان کی معذوری ظاہر کی کہ اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ان کے مطابق گرفتاری کے باوجود پاکستانی عدالت نے سعید کو رہا کردیا کیونکہ ممبئی حملوں میں اس کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا۔
انہوں نے کہاکہ "اگر آج مجھے ثبوت مل جائے تو میں پاکستان واپس جانے سے پہلے گرفتاری کا حکم دے دوںگا"۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد رحمن ملک نے کہاکہ وہ امن کے پیغام کے ساتھ سہ روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کااظہار بھی کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اب بہتر رشتے ہیں۔
بہرحال ممبئی حملوں میں اپنے ملک کے ملوث ہونے اور ہندوستان کے مجرمین کو پناہ دینے کے الزام کا دفاع کرتے ہوئے رحمن ملک نے بابری مسجد کی شہادت کا تذکرہ کرکے ہندوستانی حلقوں میں ناگواری بھی پھیلادی۔ انہوں نے کہاکہ "ہم 9/11 ، 26/11، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے اور کسی بابری مسجد کی شہادت نہیں چاہتے"۔

Pakistan Interior Minister Rehman Malik's visit to India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں