سابق ریاست حیدرآباد دکن کے آخری نظام مکرم جاہ بہادر کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2023-01-16

سابق ریاست حیدرآباد دکن کے آخری نظام مکرم جاہ بہادر کا انتقال

mukarram-jah-bahadur-asafjah-eighth

حیدر آباد۔ 15 جنوری (پی ٹی آئی) نظام ہشتم مکرم جاہ بہادر استنبول (ترکی) میں 14/جنوری 2023ء کو انتقال کر گئے۔ اتوار کو ان کے ایک دفتر سے جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ وہ 89 برس کے تھے۔ 6 اکتوبر 1933ء کو ان کی پیدائش نائس (فرانس) ہوئی تھی۔ وہ ترکی منتقل ہو گئے تھے اور وہیں رہنے لگے تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ:
ہم بڑے دکھ کے ساتھ یہ اطلاع دیتے ہیں کہ نواب میر برکت علی خان والاشان مکرم جاہ بہادر ایچ ای ایج دی نظام آف حیدرآباد VIII استنبول میں کل رات ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق 10:30 بجے انتقال کر گئے۔ وطن میں تدفین کی ان کی خواہش کے مطابق ان کے بچے ان کا جسد خاکی 17 جنوری کو حیدرآباد لے آئیں گے۔ نظام ہشتم کے جسد خاکی کو چومحلہ پیالیس لے جایا جائے گا اور تدفین آصف جاہی خاندان کے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔

مکرم جاہ بہادر حیدرآباد کی دیسی ریاست کے ساتویں نظام نواب میر عثمان علی خان کے بڑے بیٹے میر حمایت علی خان (اعظم جاہ بہادر) کے بیٹے تھے۔ ریاست حیدر آباد کا انضمام 1948 میں انڈین یونین میں عمل میں آیا تھا۔ آئی اے این ایس کے بموجب ریاست حیدرآباد کے آخری حکمراں نواب میر عثمان علی خان مرحوم کے پوتے نواب میر برکت علی خان صدیقی مکرم جاہ آصف جاہ ہشتم ، کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ وہ 1724ء میں قائم ہونے والی سلطنت آصفیہ کے آٹھویں نظام تھے۔ انہیں 6/ اپریل 1967ء کو چومحلہ پیالیس میں نظام ہشتم قرار دیا گیا تھا۔ ان کے دادا نواب میر عثمان علی خان بہادر نے اپنے لڑکوں کو نظر انداز کر کے انہیں اپنا جانشین منتخب کیا تھا۔
پرنس مکرم جاہ بہادر کی پیدائش 1933ء میں فرانس میں پرنس اعظم جاہ بہادر اور پرنسس درشہوار کے گھر ہوئی تھی۔ ترکی منتقل ہونے سے قبل انہوں نے کئی سال آسٹریلیا میں گزارے تھے۔


یو این آئی کے بموجب حیدر آباد میں سوگ کی لہر دیکھی گئی۔ جسد خاکی کو حیدرآباد لانے کے بعد آخری دیدار کیلئے چومحلہ پیالیس میں رکھا جائے گا۔ تدفین احاطہ مکہ مسجد میں عمل میں آئے گی جہاں آصف جاہی حکمراں، ان کے ارکان خاندان مدفون ہیں۔
پرنس مکرم جاہ بہادر کے والد پرنس آف برار نواب میر حمایت علی خاں اعظم جاہ بہادر احاطہ مکہ مسجد میں دفن ہونے والے خاندان آصفیہ کے آخری رکن تھے۔ ان کے بعد ان کے فرزند کی تدفین اس احاطہ میں عمل میں آئے گی۔ اعظم جاہ کا انتقال 1970ء میں 63 برس کی عمر میں ہوا تھا۔ مکرم جاہ بہادر، ترکی کی خلافت عثمانیہ کے آخری تاجدار سلطان عبدالمجید ثانی کے نواسہ ہوتے ہیں۔ مکرم جاہ بہادر کی پیدائش فرانس کے شہر نیس میں ہوئی تھی۔ 1967ء میں نواب میر عثمان علی خان کے انتقال کے بعد مکرم جاہ بہادر کی تقریب مسند نشینی مشہور چومحلہ پیالیس میں ہوئی تھی۔ پرنس مکرم جاہ کی پہلی بیگم شہزادی اسریٰ کے بطن سے ان کو ایک لڑکا پرنس عظمت جاہ اور ایک لڑکی پرنسیس شہکار ہیں۔ پرنس اسری حیدر آباد میں تمام امور اور اثاثوں کی دیکھ بھال کر رہی تھیں۔ توقع ہے کہ پرنسس اسریٰ، پرنس عظمت جاہ اور پرنس شہکار تدفین کے موقع پر موجود ہوں گے۔


Mukarram Jah, 8th Nizam of Hyderabad, passes away in Turkey. Mukarram Jah was born on October 6, 1933 in France, to Prince Azam Jah and Princess Durru Shehvar, the imperial princess of the Ottoman Empire, daughter of Abdulmejid II.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں