جلوس پیش خدمت ہیں - انشائیہ از یوسف ناظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-09-26

جلوس پیش خدمت ہیں - انشائیہ از یوسف ناظم

juloos

ہم اپنی تعریف آپ کرنے پر اس لئے مجبور ہیں کہ اس کے بغیر آپ ہماری صلاحیتوں سے واقف نہیں ہوسکتے۔ اپنے بارے میں کچھ عرض کرنے سے پہلے ہم آپ کو یہ بتادینا ضروری سمجھتے ہیں کہ ہم شیخی اور انکساری کے فرق اور ان کے نتائج و نقصانات سے بھی واقف ہیں اس لئے ہم جو کچھ عرض کریں گے وہ سچ ہوگا (وہ سچ نہیں جو حلف لے کر بولا جاتا ہے)


ہماری فرم پچھلے 22 سالوں سے ہندوستانی فلموں کے لئے اکسٹرا فراہم کرتی آئی ہے۔ اور آج تک ہمارے کسی سر پرست کو ہم سے کوئی شکایت نہیں ہوئی( ہوتی بھی کیسے جب کہ ہم نے کسی سے ان کے دام وصول کئے اور نہ اکسٹرا ہی واپس مانگے)۔


اپنے تجربے اور عوام کی عصری ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے آج سے دس سال پہلے اپنے ادارے میں ایک نیا شعبہ شعبہ فراہمی مورچہ" قائم کیا تھا(یہ ہماری تتجارتی سوجھ بوجھ تھی) تجارتی سوجھ بوجھ ، تنقیدی سوجھ بوجھ سے الگ ہوتی ہے۔ تجارتی سوجھ بوجھ دکھائی نہیں دیتی لیکن ہوتی ضرور ہے۔ جب کہ تنقیدی سوجھ بوجھ صرف دکھائی دیتی ہے) اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر یہ شعبہ اب ایک خود مختار اور علیحدہ ادارے کی حیثیت سے آپ کی خدمت میں حاضر ہورہا ہے۔ اسے ایک علیحدہ فرم کی حیثیت دینے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ اس شعبے میں کام بہت بڑھ گیا۔ ایک ہی دن میں کئی کئی آرڈر موصول ہوتے ہیں۔ یہ آرڈر نہ صرف شہر اور مضافات کے ہوتے ہیں بلکہ اب و اضلاع سے بھی فرمائشیں وصول ہونے لگی ہیں۔ اور ہم اخلاق کے بندے کسی سے انکار کرنے کے عادی نہیں ہیں۔۔ ہمیں آپ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ اب ہم نے اپنی اس نئی کمیٹی کے لئے قلب شہر کی سب سے بڑی عمارت" دلنواز" میں گیارہویں منزل پر جگہ حاصل کرلی ہے۔ (پگڑی کا حساب ہم کسی بتاتے نہیں) ہمارا دفتر ڈھائی ہزار مربع فٹ جگہ کو احاطہ کئے ہوئے ہے اور اسمیں 6 ٹیلی فون لگے ہوئے ہیں۔۔(ٹیلیفون حاصل کرنے کا ایک خاص طریقہ ہوتا ہے) صرف ایک ماہ کے عرصے میں ہمارے دفتر میں ان کمنگ یعنی وصول شدہ پیاموں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ تھی۔ اس ایک ہزار میں رانگ نمبر کے فون شامل نہیں ہیں۔ خطوں اور تاروں کے ذریعے وصول ہونے والے آرڈرس علیحدہ ہیں جن کی گنتی جاری ہے۔


نوعیت کار:
مہرباں ہو کے بلا لو ہمیں چاہے جس وقت۔


ہم ہر نوعیت اور ہر وضع کے مورچوں کے لئے اشخاص اور اسباب فراہم کرتے ہیں۔ احتیاطاً ہم ان اشخاص کو اکسٹرا کا نام نہیں دیتے۔ جب بھی آپ کو کوئی جلوس لے جانا ہوچاہے وہ احتجاجی ہو یا مطالباتی، تہنیتی ہو یا تعزیتی(خدانخواستہ) سیاسی ہو یا بلا وجہ۔ فرمائش وصول ہونے پر ہم آپ کے بجٹ اور آپ کی حیثیت کے مطابق ایک سالم اور مکمل مورچہ فراہم کردیں گے۔ ایک ہزار سے کم اشخاص کے مورچوں کے آرڈر ہم قبول نہیں کرتے (چھوٹیے مورچے اتنے بڑے شہر میں گم ہوجاتے ہیں) پانچ سے پندرہ ہزار تک کے مورچوں کے لئے ہمیں صرف بارہ گھنٹے پہلے فرمائش بھیج دی جائے تو کافی ہے( لیکن مخصوص حالات میں ہم ارجنٹ آرڈر بھی قبول کرلیتے ہیں) اس سے بڑے یعنی بی کلاس مورچے 24 گھنٹوں کی نوٹس پر فراہم کئے جاتے ہیں۔ اے کلاسس کے مورچے جن میں کم سے کم 25 ہزار افراد حصہ لیتے ہیں۔ آٹھ دن کی نوٹس پر حاصل کئے جاسکتے ہیں۔


مختلف سائز اور مختلف ضروروں کے مورچوں کے علاوہ جلسوں اور تقریبوں کے لئے شرکائے جلسہ اور حاضرین محفل بھی فراہم کرنے کا انتظام ہمارے یہاں موجود ہے ( یہ بالکل الگ قسم کا گروپ ہوتا ہے)


اقسام مورچہ:
گر جیت گئے تو کیا کہنا، ہارے بھی تو بازی مات نہیں۔
اپنے سرپرستوں کی سہولت کی غرض سے ہم نے مورچوں کی اصناف مقرر کردی ہیں۔ (اصناف سے مراد صنف نازک یا صفت سخت نہیں بلکہ وہ اصناف ہیں جو فنون لطیفہ میں رائج ہیں۔)


خاموش مورچہ:
یہ مورچہ بہت متین، سنجیدہ اور تقریباً مہذب لوگوں سے بنایاجاتا ہے۔ یہ مورچہ جب سڑکوں پر چلتا ہے توایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی قافلہ ہے جو کسی میر کارواں کے پیچھے پیچھے آنکھیں بند کئے چلاجارہا ہے۔ یہ مورچہ راہ چلتے ہوئے ادھر ادھر نہیں دیکھا کرتا۔ نعرے بھی نہیں لگاتا۔ اس مورچے کے ہاتھوں میں جھنڈے نہیں ہوتے ، صرف تختیاں ہوتی ہیں جن پر چاک سے کچھ لکھا ہوتا ہے لیکن لوگ اسے پڑھ نہیں سکتے۔ اس مورچے میں حصہ لینے والے لوگ صاف ستھرے کپڑے پہنتے ہوتے ہیں۔ اس لئے اس مورچے کو دھوپ میں زیادہ دیر تک نہیں رکھاجاسکتا۔اسے گرد و غبار سے بھی بچانا چاہئے۔ یہ مورچہ ایک پرسکون جھیل کی مانند ہوتا ہے اور افراد مورچہ دوران کار، کھانا پینا تو الگ رہا۔ پانی پینے سے بھی احتراز کرتے ہیں۔ اکثر لوگ اسے معزز مورچہ کہتے ہیں لیکن ہم مبالغہ سے کام نہیں لیں گے۔


پرجوش مورچہ:
پرجوش مورچہ اس مورچہ کو کہتے ہیں جس کی آمد آمد کی خبر سن کر دکاندار احتراما! اپنی دکانوں کے شٹر گرادیتے ہیں۔ یہ مورچہ اس بات کا خیال رکھتا ہے کہ ہوٹلوں اور چائے خانوں میں کوئی چیز رکھے رکھے ضائع نہ ہونے پائے۔ اس مورچے کو سڑک پر کھڑے رہ کر نہیں دیکھاجاسکتا اسے گھر کی بالکنی یا کھڑکی سے دیکھنا چاہئے۔ اہل مورچہ اور اہل نظر میں اتنا فاصلہ ہونا ہی چاہئے ، پرجوش مورچے کی تیاری اور فراہمی پر ہم زیادہ سے زیادہ توجہ دیتے ہیں اور اس بات کا اہتمام کریت ہیں کہ کوئی کسر نہ رہ جائے گھنٹوں ٹریفک کو رکوا دینا اس مورچے کا پہلا کام ہے۔ ضرورت پڑنے پر مورچہ اور کئی کام کرسکتا ہے جس کی تفصیل بیان کی جانی ضروری نہیں ہے۔ بعض باتیں اشاروں میں کہی جاتی ہیں۔


پرتشدد مورچہ:
یہ پرجوش مورچے کی اعلی قسم ہے اور یہ مورچہ بصیغہ راز فراہم کیاجاتا ہے۔ اس مورچے میں حصہ لینے والے اشخاص کوئی معمولی لوگ نہیں ہوتے کہ منہ اٹھایا اور چلے آئے۔ یہ سب تربیت یافتہ لوگ ہوتے ہیں اور انہیں بڑی احتیاط سے سپلائی کرنا پڑتا ہے۔ اس مورچے کی اہمیت کا اندازہ صرف اس رپورٹ سے ہوسکتا ہے جو بعد میں شائع ہوتی ہے۔ بعض وقت تو اس کے کارناموں ککی داد دینے کے لئے کمیشن بھی قائم کرنا پڑتا ہے۔ اس مورچے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ جدھر سے بھی گزرجاتا ہے وہاں کئی دنوں تک سناٹا رہتا ہے۔ اس مورچے کا نرخ بھی زیادہ ہے۔ اس نرخ میں مورچے کے اخراجات طعام شامل نہیں ہیں۔ مورچہ اپنا انتظام خود کرلیتا ہے اس مورچے کے ہاتھوں میں کوئی غیر مضرت رساں چیز نہیں ہوتی کچھ ٹرک بھی ساتھ چلتے ہیں ان بار بردار گاڑیوں میں کیا سامان ہوتا ہے عوام کو اس سے واقف ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگتی۔


پرسوز مورچہ:
جب کسی شخص کا پتلا، نذر آتش کرنا ہو یا کسی کی ڈمی میت کا بندوبست کرنا ہو تو ایسے موقعوں پر پرسوز مورچہ کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ اس مورچے کے لئے ہم نے مخصوص لباس بھی تیار کروائے ہیں لیکن مورچے میں صرف دو یا ڈھائی درجن مورچہ کن باوردی ہوں گے ، باقی کے شرکاء مفتی لباس میں ہوں گے لیکن یہ بھی امتیازی حالت میں ہوتے ہیں۔ کیونکہ انہیں سیاہ رنگ کے بازو بند اور پھندنوں سے آراستہ کیاجاتا ہے۔


پرساز مورچہ:
یہ مورچہ جس میں زیادہ تعداد خواتین کی ہوتی ہے۔ چھوٹے موٹے آلات موسیقی، ٹین کے ڈبوں ، تھالیوں اور اس قسم کے دوسرے گھریلوں ظروف کی مدد سے تیار کیاجاتا ہے۔ یہ مورچہ دیکھنے اور سننے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس مورچہ پر خرچ زیادہ آتا ہے۔ لیکن نتائج بھی بہتر حاصل ہوتے ہیں۔ یہ مورچہ زیادہ دور پیدل نہیں چل سکتا۔ تکلیف ہوتی ہے (کیا تکلیف ہوتی ہے یہ ہم بیان نہیں کرسکتے) ان کے علاوہ اور بھی طرح طرح کے مورچے ہیں جو موقع اور مقام کی مناسبت سے فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ اہم موقعوں پر نمونے کے مورچے بھی فراہم کئے جاتے ہیں اور ان کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کیاجاتا۔(آخر خدمت خلق بھی کوئی چیز ہے، تجارت تو ہوتی ہی رہتی ہے۔)


مورچوں کی وجہ تسمیہ:
مورچہ اس عہد کی ضرورت ہیں، ملک چاہے ترقی یافتہ ہو یا پس ماندہ۔ وسیع ہو یا باقی ماندہ۔ مال دار ہو یا مقروض غریب ہو یا عجیب ، مورچوں کے بغیر اس کا کاروبار نہیں چل سکتا۔


ہم نے اپنے تجربے کی بنا پر یہ بات بھی محسوس کی ہے کہ بعض وقت صورتحال بہت نازک ہوتی ہے۔ اور مورچے کا اہتمام خلاف مصلحت ہوتا ہے ایسے موقعوں پر صرف تصویروں سے کام لینا چاہئے۔ ہم مورچں کی تصویریں بھی فراہم کرتے ہیں۔ یہ بھی چھپوالی جائیں تو کافی ہیں۔


اب ہم زیادہ کیا عرض کریں۔ کئی باتیں ایسی ہوتی ہیں جو لکھی نہیں جاتیں۔ ہم سے ہمارے دفتر پر ملاقات کیجئے۔ اور ہمارے نرخ نامے کا مطالبہ کیجئے۔ اتنے داموں پر اتنے اچھے مورچے آپ کو کہیں اور نہیں ملیں گے۔ براہ کرم یہ بات یاد رکھئے کہ ہم اپنے فراہم کئے ہوئے مورچے واپس نہیں لیتے۔


ہمارا پتہ فون نمبر اور دوسری تفصیلات اس کتابچے کی پشت پر درج ہیں۔
سرورق پر جو تصویر ہے وہ کسی مورچے کی تصویر نہیں۔
ہمارے اسٹاف ممبروں کا گروپ فوٹو ہے (ایک خود مختار کمپنی کے لئے اتناعملہ تو چاہئے ہی)
ہم اس سے زیادہ کچھ عرض کرنا نہیں چاہتے۔ آپ نے ہماری خدمات سے استفادہ نہیں کیا تو نقصان میں آپ رہیں گے ہم نہیں۔
یاد رہے کہ الکشن نزدیک ہیں۔


***
ماخوذ از کتاب: البتہ (مزاحیہ مضامین)
مصنف: یوسف ناظم۔ ناشر: زندہ دلان حیدرآباد (سن اشاعت: 1981ء)

Juloos pesh khidmat hain, Light-Essay by: Yusuf Nazim.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں