محمود گاواں کی واپسی - ریڈیائی ڈرامہ از رحمٰن آذر - پی۔ڈی۔ایف کتاب ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-06-27

محمود گاواں کی واپسی - ریڈیائی ڈرامہ از رحمٰن آذر - پی۔ڈی۔ایف کتاب ڈاؤن لوڈ

Mahmood-Gawan-ki-wapsi_Rahman-Azer

محمود گاواں کی واپسی - دراصل ایک ریڈیائی فیچر ڈراما ہے جو آل انڈیا ریڈیو گلبرگہ سے 1977ء میں نشر ہوا تھا اور حیدرآباد سے کتابچہ کی شکل میں 1978ء میں منظر عام پر بھی آیا۔ بعد ازاں جب تاریخ و ادب کے شیدائیوں نے اس کتابچہ کا پرجوش استقبال کیا تب 1980ء اور 1987ء میں بنگلور سے اس کے یکے بعد دیگرے ایڈیشن بھی شائع کیے گئے۔ 2015ء میں اس کا نیا ایڈیشن منظر عام پر آیا۔ اور یہی نیا ایڈیشن جنوبی ہند کی تاریخ و ثقافت میں دلچسپی رکھنے والے باذوق قارئین کی خدمت میں پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے۔


اس اثر انگیز ریڈیائی فیچر میں انتہائی دلچسپ اور خوبصورت انداز سے شستہ و سلیس اردو زبان میں محمد آباد، بیدر کی تاریخ کے اس زریں اور اہم تاریخی عہد کا ذکر کیا گیا ہے جو سلطنت بہمنیہ کے عظیم المرتبت وزیر اعظم خواجۂ جہاں خواجہ عماد الدین محمود گاواں کی شخصیت اور کارناموں کی ناقابل فراموش اور حسیں یادوں کے روپ میں تاریخ کے صفحات پر زندہ و تابندہ ہے۔ فاضل مصنف جناب رحمن آذر نے مزارِ خواجہ پر ایک صحافی کی حاضری اور عالم خیال میں ان سے گفتگو اور سیرِ بیدر کے غنائیہ انداز کو انتہائی موثر اور دلچسپ اسلوب میں پیش کیا ہے۔


جناب رحمن آذر ، سابق اڈیٹر 'کرناٹکا ہیرٹیج' یکم اکتوبر 1938ء کو ہبلی ( کرناٹک ) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ممبئی کے بھارتیہ ودیا بھون کے صحافتی کالج سے ڈپلوما کورس ان جرنلزم مکمل کیا۔ جب بچپن ہی میں ان کے والد انتقال کر گئے تو ان کے بلند ذوق برادر بزرگ جناب مخدوم حسین کے زیر تربیت انہوں نے زندگی کے ابتدائی مراحل طے کئے۔


جناب رحمن آذر اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی لکھتے ہیں۔ انگریزی اخبارات جیسے دی ہندو (چینئی )، ڈکن ہیرالڈ (بنگلور )، پائنیر (دہلی )، فری پریس جرنل (ممبئی)، ٹائمز آف انڈیا ( بنگلور ) اور اردو اخبارات جیسے انقلاب (ممبئی)، راشٹریہ سہارا (بنگلور )، سیاست ( بنگلور )، اردو ٹائمز (ممبئی)، سالار ( بنگلور ) اور دیگر اخبارات میں ان کے مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔ ویسے ان کے مضامین 'پلٹز' (ممبئی)، 'بانو' (دہلی )، تہذیب الاخلاق ( علی گڈھ ) ، 'ایشیا' (دہلی ) وغیرہ میں چھپ چکے ہیں۔ انگریزی میں ان کی تین کتابیں نایاب پبلیکیشنز نے شائع کی ہیں۔
1: ٹائیگر سلطان ( ٹیپوسلطان شہید کے تعلق سے ایک باتصویر معلوماتی مونوگراف )۔ اس کتاب کا کنٹری زبان میں ترجمہ ہوا ہے۔ 2: دی گوپورم۔ 3: بنگلور یاتری


محمود گاواں کی واپسی ایک Tourism - oriented ڈرامہ ہے جو کہ پڑھنے والے کو بیدر کی سیر کراتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سلطنت بہمنیہ کے قابل وزیر اعظم خواجہ محمود گاواں کی شخصیت اور اعلی کارناموں کی سچی اور صحیح تصویر ابھر کر اس کے سامنے آتی ہے۔


اردو یا دیگر ہندوستانی زبانوں میں واجد علی شاہ ، ٹیپو شہید ، بہادر شاہ ظفر ،اکبر، شاہجہاں ، جہانگیر اور قلی قطب شاہ کے ڈرامے تو ملتے ہیں لیکن محمود گاواں پر کوئی تخلیق ڈرامائی انداز میں نہیں ملتی۔ جناب رحمن آذر نے اردو میں پہلی بار اس عظیم شخصیت کو ڈرامے کے ذریعہ پیش کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔


***
نام کتابچہ: محمود گاواں کی واپسی (ریڈیو ڈرامہ)
مصنف: رحمٰن آذر
ناشر: نایاب پبلی کیشنز، بنگلور (سن اشاعت: 2015ء)
تعداد صفحات: 34
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 2 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Mahmood Gawan ki wapsi by Rahman Azer.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:


Mahmood Gawan ki wapsi. A radio Drama by Rahman Azer, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں