دنیا کی خوبصورتی کے۔ این۔ واصف کے کیمرہ کی آنکھ سے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-03-03

دنیا کی خوبصورتی کے۔ این۔ واصف کے کیمرہ کی آنکھ سے

indias-architectural-heritage-book-by-k-n-wasif

India's Architectural Heritage - ہندوستان مین قرون وسطی کی اہم تاریخی عمارتوں کی خوبصورت تصاویر پر مشتمل یہ کتاب ایک اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بات سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے معروف صحافی و مصور کے۔ این۔ واصف کی کافی ٹیبل بک بعنوان India's Architectural Heritage کی رسم اجرا انجام دینے کے بعد کہی۔ انڈین ایمبیسی آڈیٹوریم میں منعقد اس تقریب مین ڈاکٹر اوصاف سعید نے کتاب کے مصنف کے۔ این۔ واصف کے طویل صحافتی سفر، اور ان کی فوٹوگرافی کی بہترین الفاظ میں ستائش کی۔


اس موقع پر ایمیسی احاطہ میں کے۔ این۔ واصف کی تصویروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ نمائش کے افتتاح کے بعد سفیر ہند نے اعلان کیا کہ ممتاز صحافی و فوٹوگرافر کے۔ این۔ واصف کی لی ہوئی ہندوستانی تاریخی عمارتوں کی تصاویر کی نمائش کا، سفارت خانہ کے تعاون سے سعودی عرب کے مختلف شہروں اور خلیجی ممالک میں اہتمام کیا جائے گا۔ رسم اجرا کے بعد سفیر ہند نے مزید کہا کہ کے۔ این۔ واصف نے ایک بہترین فوٹوگرافر، صحافی، کالم نگار اور خاکہ نگار کے طور پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا لیا ہے۔ نیز ہندوستانی تاریخی ورثہ کی تصاویر پر مبنی ان کی مذکورہ کتاب بیرونی ممالک خاص طور پر خلیجی ممالک میں ہندوستانی سیاحت کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔


ڈاکٹر اوصاف سعید نے کے۔ این۔ واصف کی چار دہائیوں پر محیط غیر معمولی صحافتی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں واصف صاحب کی مزید کتابیں منظر عام پر آئیں گی اور ہم طویل عرصہ تک ان کی تحریروں اور تصاویر سے مستفیض ہوتے رہیں گے۔

indias-architectural-heritage-book-by-k-n-wasif

ابتدا مین سیکنڈ سکریٹری سفارت خانہ ہند عاصم انور نے خیر مقدم کیا۔ جس کے بعد صدر عثمانیہ یونیورسٹی المونائی ایسوسی ایشن ریاض انجینئر محمد مبین نے کے۔ این۔ واصف کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے۔ این۔ واصف نے اپنی تصاویر کے ذریعہ ہندوستان کے ثقافتی ورثہ کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں تصاویر کی نمائش کے ذریعہ ہندوستانی سیاحت کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا۔ ان کی فوٹوگرافی اور صحافتی خدمات یکساں طور پر غیر معمولی اور نا قابل فراموش ہیں۔ شائد یہ دنیا کے واحد این۔ آر۔ آئی ہیں جنہوں نے ہندوستانی تارکین وطن کے حالات اور ان کے مسائل پر مسلسل پچیس سال تک کالم تحریر کیا۔ اس کے لئے ان کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔


صدر ہندوستانی بزم اردو تقی الدین میر نے کے۔ این۔ واصف کی کافی ٹیبل بک پر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ واصف نے ہندوستان کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقاریب کے موقع پر اس وقت کے سفیر ہند جناب حامد انصاری کے مشورے پر وطن عزیز کے تاریخی مقامات کی تصویر کشی کا آغاز کیا اور آج ہندوستان کے 75 سالہ جشن کی تقاریب کے موقع پر یہ کافی ٹیبل بک شائع کی ہے۔ یہ ان کی ربع صدی کی مسلسل محنت، لگن اور جستجو کا نتیجہ ہے جو آج میں خوبصورت اور تاریخی کتاب ہمارے ہاتھ میں ہے۔


سکریٹری عاصم انور نے تقریب کی کاروائی چلائی۔ ابتدا میں ہندوستان کی تاریخی عمارتوں پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ بعد ازاں کے۔ این۔ واصف کی کتاب میں شامل ہندوستان کی تاریخی عمارتوں کی تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں سفارتکار، ہندوستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سکریٹری عاصم انور کے ہدیۂ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔


***
بشکریہ:
ہفت روزہ گواہ ، 11/ تا 17/مارچ 2022۔
محمد سیف الدین (ریاض ، سعودی عرب)۔
mohdsaifuddin[@]gmail.com
محمد سیف الدین

K.N.Wasif's book "India's Architectural Heritage" released in Riyadh. Report: Mohd Saifuddin

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں