فلک نما ایجوکیشن کیمپس میں ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-03-20

فلک نما ایجوکیشن کیمپس میں ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر

falaknuma-educational-campus-govt-officials-meeting

اکبرالدین اویسی قائد مجلس مقفنہ پارٹی و رکن اسمبلی چندرائن گٹہ کے ساتھ کمشنر محکمہ ٹکنیکل و کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ عمر جلیل نے آج فلک نما ایجوکیشن کیمپس کا دورہ کیا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے فلک نما ایجوکیشن کیمپس میں ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر کے لیے جناب اکبر اویسی کی نمائندگی پر 5 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ اس وقت ڈگری کالج میں 1007 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
عمارت کی تعمیر کے کاموں کے سلسلہ میں نوین متل اور عمر جلیل نے جناب اکبر الدین اویسی کو تفصیلات سے واقف کروایا اور ان کی تجاویز طلب کیں۔ قائد مجلس نے ان عہدیداروں کو بتایا کہ چار سال قبل اس وقت کے وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے چیف مسٹر کی ہدایت پر کیمپس کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت حکومت نے کیمپس کے لئے 20 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی۔ ایک ماڈل کے جی تا پی جی کیمپس میں تبدیلی سے متعلق عمارت کا ڈیزائن انہوں نے اپنی نگرانی میں تیار کروایا تھا۔ وہ ڈیزائن حکومت کو بھی پیش کیا گیا تھا۔ فلک نما ایجوکیشن کیمپس میں اردو ، انگریزی اور تلگو میڈیم پرائمری اور ہائی اسکول بھی ہیں، لڑکے اور لڑکیوں کا جونیر کالج بھی ہے۔ گذشتہ 4 سال سے وہاں ڈگری کالج بھی شروع کیا گیا ہے۔ اس کیمپس میں جملہ ساڑھے پانچ ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔


جناب اکبر اویسی نے محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں سے کہا کہ ان طلبہ کی سہولت کی خاطر جو بھی اقدامات وہاں فوری کئے جا سکتے ہیں وہ کئے جائیں۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلنے کودنے کی بھی طلبہ کو سہولتیں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپس کے ڈیولپمنٹ کے لئے انہوں نے اپنے ایم ایل اے فنڈ سے 2 کروڑ روپے فراہم کئے اور ڈگری کالج کے طلبہ کے لئے وہاں موجود ایک عمارت کی مرمت کے لئے 25 لاکھ روپے سالار ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ سے خرچ کئے گئے۔


عمر جلیل نے بتایا کہ فلک نما میں وہ ووکیشنل ایجوکیشن سنٹر قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں بھی مشاورت کی گئی۔ ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر، ووکیشنل سنٹر کی تعمیر کے لئے بھی جگہ کی نشاندہی کروائی گئی۔
بعد ازاں نوین متل اور عمر جلیل نے چنچل گوڑہ کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ جناب احمد بلعلہ نے ان دونوں عہدیداروں کو وہاں کیمپس کا تفصیلی معائنہ کروایا اور جو پانچ کروڑ روپے چنچل گوڑہ ڈگری کالج کے لئے جاری کئے گئے ہیں اس سے نئی عمارت کی تعمیر کے لئے جگہ کی نشاندہی کروائی۔
احمد بلعلہ نے بتایا کہ 13 ایکڑ 28 گنٹے پر مشتمل چنچل گوڑہ کے کیمپس میں اسکولس ، جونیر کالج ، ڈگری کالج ہے جہاں 4,500 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے اس کیمپس کے طلبہ کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈگری کالج کے لئے عمارت کی جلد تعمیر پر زور دیا۔
چنچل گوڑہ کیمپس میں مجلس کے رکن اسمبلی کی نمائندگی پر اسکولوں کی نئی عمارتیں تعمیر کروائی گئیں۔ مجلس کی نمائندگی پر ہی ڈگری کالج کی منظوری لی گئی۔ اب جناب اکبر اویسی کی نمائندگی پر 5 کروڑ کی لاگت سے وہاں ڈگری کالج کی عمارت کے تعمیری کام شروع کئے جائیں گے۔


Govt. Officials Inspected the #Falaknuma Junior and Degree Educational Campus Under #Chandrayangutta Constituency.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں