عالمی یوم شاعری - بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کا مشاعرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-03-28

عالمی یوم شاعری - بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کا مشاعرہ

bazme-urdu-toastmasters-club-riyadh-mushaira

اردو زبان اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے اور اہل اردو طرح طرح کی آزمائشوں میں مبتلا ہیں، اس کے باوجود اپنی مادری زبان اور تہذیبی ورثہ کو بچانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ اردو کے ساتھ اتنا برا سلوک کیا جارہا ہے کہ اسے پاکستان سے آئی ہوئی اور دہشت گردوں کی زبان تک قرار دیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مشاعرہ ڈاکٹر سعید نواز نے کیا۔ وہ بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرے سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ کلب نے یہ مشاعرہ "عالمی یوم شاعری" کی مناسبت سے منعقد کیا تھا۔
ڈاکٹر سعید نواز نے مزید کہا کہ اردو کی حفاظت اور اس کے فروغ کی فکر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ایک فعال تنظیم ہے جو اردو زبان کی ترقی و ترویج میں سرگرم ہے۔ انہوں نے شعراء اور سامعین سے خواہش کی کہ کلب کی رکنیت حاصل کریں۔

bazme-urdu-toastmasters-club-riyadh-mushaira-1

کلب کے اس خصوصی اجلاس کی ابتدا سارجنٹ آف آرمس عبد القدوس جاوید نے کی، جس کے بعد صدر ٹوسٹ ماسٹرز کلب مرزا ظہیر بیگ نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کلب کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور کلب کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ آخر میں انھوں نے بھی حاضرین سے ٹوسٹ ماسٹرز کلب کی رکنیت حاصل کرنے کی گزارش کی۔


ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے اس خصوصی اجلاس کی شعری نشست میں جن شعر آئے کرام نے اپنا کلام پیش کیا ان میں عبدالرحمان ناقد، ایوب تشنہ، منصور قاسمی، ذکریا سلطان، محترمہ نور جمشید پوری، سہیل اقبال، طاہر بلال، فیض الحسن عارفی، الطاف شہریار، ظفر محمود اور سعید نواز شامل تھے۔ محفل کا آغاز منصور قاسمی کی نعت مبارکہ سے ہوا۔
جیسا کہ آج مشاعروں میں غزل حسن و جمال اور لب و رخسار کی باتوں سے زیادہ سماجی ناانصافی، جبر و تشدد، انسانی درد و الم، گرتے ہوئے اخلاقی اقدار، بے راہ روی ، تنگ دستی، بھوک و افلاس جیسے موضوعات کا احاطہ کر رہی ہے۔ اس مشاعرے میں بھی سارے شعرا کے کلام میں یہی موضوعات حاوی رہے جنہیں سامعین نے بے حد سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔

bazme-urdu-toastmasters-club-riyadh-mushaira-2

کلب کے نائب صدر تعلقات عامہ، کے۔ این۔ واصف نے دلچسپ انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ ڈاکٹر سعید محی الدین نے مشاعرے کو سوشل میڈیا پر راست ٹیلی کاسٹ کرنے کا اہتمام کیا۔ سکریٹری محمد مبین اور سید عتیق نے انتظامات کی نگرانی کی۔ سمامہ ریسیڈنسی کے خوبصورت ہال میں منعقد اس شاندار مشاعرے میں باذوق مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ جناب محمد عبدالباری "مسح اسپشلائزڈ کنسٹرکشن کمپنی" اور ابراہیم علی کرجیکر نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ کلب کے نائب صدر تعلیم محمد سیف الدین کے ہدیہ تشکر پر یہ محفل اختتام پذیر ہوئی۔


***
محمد سیف الدین (ریاض ، سعودی عرب)۔
mohdsaifuddin[@]gmail.com
محمد سیف الدین

UK-Iran crisis: British oil tanker seized in Strait of Hormuz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں