نسل پرستوں کے خلاف نصیرالدین شاہ کی آواز سے آواز ملانا وقت کا تقاضا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-01-02

نسل پرستوں کے خلاف نصیرالدین شاہ کی آواز سے آواز ملانا وقت کا تقاضا

"مسلمان ہندوستان میں رہے ہیں اور رہیں گے، ہار نہیں مانیں گے" : نصیر الدین شاہ
سابق فوجی سربراہان ، بیوروکرسٹ ، علماء کرام اور ملک کے عوام کا دھرم سنسد کی زہریلی تقریروں کے خلاف سخت ردعمل!


ایک نیا سورج نکلا ہے ، سال 2022ء کا سورج۔
مجھے یقین ہیکہ 2021ء کے آخری غروب آفتاب کے ساتھ مایوسی، تشویش ، بے چینی، خوف اور جبر کے دِن بھی غروب ہو گئے ہیں۔ یا دھیرے دھیرے غروب ہو جائیں گے۔ ان شاء اللہ
آنے والے دِن خوش کن ہوں گے۔ گزرنے والا سال کس قدر اذیت ناک تھا!


کورونا کی وباء نے تو تباہی پھیلائی ہی تھی ، بھگوا عناصر نے ، بھاجپا کی مرکزی اور ریاستی سرکاروں نے کم اذیت نہیں پہنچائی تھی۔ شہریت قانون کا چابک ، مسجدوں اور مدرسوں کے خلاف ہونے والی کارروائیاں اور بے جا گرفتاریاں ،کیا کیا سامنے نہیں آیا۔۔۔ جانے والے سال کےآخر میں ایک شرمناک اور افسوس ناک فرقہ وارانہ ، متعصبانہ اور نسل پرستانہ واقعہ ہوا۔ ایک ایسا واقعہ جس نے مرکز کی نریندر مودی کی سرکار کے دجل و فریب کے پردے بالکل تار تار کر دیئے ، جس نے یہ ثابت کر دیا کہ اترپردیش (یوپی) میں یوگی آدتیہ ناتھ کی سرکار اور خود یوگی نہ جمہوریت پسند ہے ، نہ ہی اسے اس ملک کی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے کوئی ہمدردی ہے۔ اور نہ ہی اسے اس ملک کی سالمیت اور استحکام کی رتی بھر فکر ہے۔


اسے اور اس کے آقاؤں۔۔۔ نریندر مودی و امیت شاہ۔۔۔ اور ان کے آقا۔۔۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت۔۔۔ کو بس صرف اور صرف یہ فکر ہے کہ یہ ملک 'ہندوراشٹر' میں تبدیل ہو جائے اور وہ بذات خود اور ان کی نسلیں عیش کی زندگیاں گزاریں۔ ہری دوار کا دھرم سنسد ، یتی نرسنہا نند گِری کی زہریلی باتیں ، سادھوی شکن پانڈے کی اشتعال انگیزی ، مسلمانوں کی نسل کشی کا اعلان اور ایک شیطان صفت سادھو کی زبان سے ، قوم کے باپو، مہاتماگاندھی کے لیے نکلنے والے انتہائی غلیظ الفاظ نے، اس ملک کے لوگوں کو تو حیران کیا ہی، ساری دنیا حیران رہ گئی۔
گاندھی جی کے مقابلے ، ساورکر اور باپو کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی 'پوجا' کرنے والوں کا یہ گھناؤنا روپ کوئی نیا نہیں ہے۔ لیکن پہلے کبھی اس طرح کھل کر ' نسل کشی' کی اپیل نہیں کی گئی تھی، نہ ہی کھلے عام باپو کو گالیاں دی گئی تھیں۔
یہ گزرے ہوئے سال کا انتہائی شرمناک واقعہ تھا۔ اور یہ واقعہ اس وقت مزید شرم ناک بن گیا جب دھرم سنسد کے زہریلے لوگوں نے ، مسلم علماء کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی جسارت کی اور پولس کا اعلیٰ افسر، ان کے ساتھ ٹھٹھہ مارکر ہنستا رہا۔
مگر سال کے آخری دنوں نے یہ امید دلا دی کہ یہ "زہریلے لوگ" چاہے جو کر لیں نہ اس ملک سے جمہوریت کا خاتمہ کر سکیں گے اور نہ ہی یہ ملک 'ہندو راشٹر' میں تبدیل ہو سکے گا۔ یہ امید ان چند افراد کی جرات اور ہمت بلکہ بہادری نے بندھائی ہے جو ان "زہریلے لوگوں" کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
یاد رکھیں کہ یہ جو "زہریلے لوگ" ہیں ان کے سروں پر ، ان کی پیٹھ پر ، سرکاری ہاتھ ہے۔ بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی سرکاریں انہیں ہاتھوں ہاتھ لیے ہوئے ہیں ، وزیراعظم نریندر مودی اور ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ ان کی اشتعال انگیزی ، فرقہ پرستی ، ان کی نسل پرستی پر لبوں کو سیئے ہوئے ہیں۔ یعنی ان "زہریلے لوگوں" کے خلاف کھڑے ہونے کا مطلب بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی سرکاروں کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔ ای ڈی ، سی بی آئی ، انکم ٹیکس کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔ اور شرکے سارے نظام کو للکارنا ہے۔


لیکن فلم اداکار نصیرالدین شاہ نے یہ کام کیا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی نے یہ کام کیا ہے۔
مولانا توقیر رضا خان بریلوی نے یہ کام کیا ہے۔
آرمی کے پانچ سابق سربراہوں نے یہ کام کیا ہے۔
ملک کے چوٹی کے 76 وکلاء نے یہ کام کیا ہے۔
صحافی روش کمار ، ساکشی جوشی ، نوین کمار ، ابھیسار شرما اور پرشون جوشی نے یہ کام کیا ہے۔
نیوز پورٹل ' دی وائر' یہ کام کر رہا ہے ، اسکرول اور 'دی کوئنٹ' اس کام میں لگا ہوا ہے۔
کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے کھل کر اس کی مذمت کی ہے۔۔۔
اور ایک بڑی تعداد ہے ، گمنام افراد کی ، بے نام لوگوں کی جنہوں نے سوشل میڈیا پر "زہریلے لوگوں" کے خلاف ایک مہم چھیڑ دی ہے۔
یہ سب کے سب یقیناً مبارک باد کے حقدار ہیں۔ اور اس کے بھی حقدار کہ ان کا ساتھ دیا جائے۔


میں بات نصیرالدین شاہ کی کرنا چاہوں گا۔
نصیرالدین شاہ ایک بہترین اداکار اور سیکولر ذہن و مزاج رکھنے والے ایک اچھے انسان ہیں۔ ان کے نظریات سے بہتوں کو اختلاف ہو سکتا ہے ، لیکن اس سچ سے کوئی بھی اختلاف نہیں کر سکتا کہ انہیں فرقہ پرستی سے زبردست نفرت ہے ، اور وہ مسلمانوں کے حق کے لیے کھل کر آواز اٹھاتے ہیں۔
نصیر الدین شاہ نے کوئی آج ہی آواز نہیں اٹھائی ہے۔ دسمبر 2018ء میں یو۔پی میں ایک پولس والے کی ماب لنچنگ کے بعد انہوں نے کہا تھا:
"آج انڈیا میں جو حالات ہیں جہاں ایک انسان کے مقابلے میں گائے کی موت کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے ، اب اس جن کو واپس بوتل میں بند کرنا بہت مشکل ہوگا۔" انہوں نے مزید کہا تھا:
"مجھے اپنے بیٹوں عماد اور ووان کی فکر ہے ، میں نے انہیں کسی خاص مذہب کی تعلیم نہیں دی ہے ، اگر کل کو کوئی بھیڑ انہیں گھیر لیتی ہے تو وہ کیا بتائیں گے کہ وہ کون ہیں؟ مجھے اس سب سے ڈر نہیں لگتا بلکہ غصہ آتا ہے۔"


نصیرالدین شاہ کے مذکورہ بیان کے بعد "بھکتوں" نے انہیں "غذار" کا خطاب دے دیا تھا! نصیرالدین شاہ نے ' غدار' کہنے والوں کو یہ کہتے ہوئے منھ توڑ جواب دیا تھا:
"یہ ملک ہمارا ہے اور کسی میں ہمیں یہاں سے نکالنے کی ہمت نہیں ہے"۔
جب ملک میں این آر سی اور سی اے اے کا ہنگامہ پورے شباب پر تھا اس وقت بھی نصیرالدین شاہ نے آواز اٹھائی تھی اور ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا:
"حیرت ہے کہ متنازعہ شہریت قانون پر فلم انڈسٹری کے بڑے بڑے اداکار بات کیوں نہیں کر رہے ہیں۔"


نصیرالدین شاہ مسلسل یہ کہتے چلے آ رہے ہیں کہ:
"لوگ ڈریں نہیں اور نہ خاموش رہیں، آواز اٹھائیں"۔
اس بار ہری دوار کے دھرم سنسد کے تناظر میں انہوں نے پہلے کے مقابلے زوردار آواز اٹھائی ہے ، ایسی آواز جس نے یقیناً فرقہ پرستوں ، متعصبوں اور نسل پرستوں یا باالفاظ دیگر "زہریلے لوگوں" کو حواس باختہ کر دیا ہوگا۔ آپ لوگ بھی وہ آواز سن لیں ، اور صرف سنیں ہی نہیں نصیرالدین شاہ کی آواز میں آواز ملا لیں۔
نصیرالدین شاہ نے 'دی وائر' کے لیے کرن تھاپر سے بات کرتے ہوئے کہا :
"یہ (ہندوستان) ہمارے 20 کروڑ لوگوں (مسلمانوں) کے لیے مادرِ وطن ہے ، ہم 20 کروڑ لوگ یہیں کے ہیں ، ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں ، ہمارے خاندان اور کئی نسلیں یہیں رہیں اوراسی مٹّی میں مل گئیں ، مجھے یقین ہے کہ اگر ایسی مہم (نسل کشی کی ) شروع ہوئی تو سخت مزاحمت ہوگی اور لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑے گا۔ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنایا جا رہا ہے ، یہ مسلمانوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے لیکن مسلمان ہار نہیں مانیں گے۔ مسلمانوں کو اس کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ہمیں اپنا گھر بچانا ہے ، ہمیں اپنے مادرِ وطن کو بچانا ہے ، ہمیں اپنے خاندان کو بچانا ہے ، ہمیں اپنے بچوں کو بچانا ہے۔ میں مذہب کی بات نہیں کر رہا ہوں ، مذہب تو بہت آسانی سے خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ اور جو لوگ مسلمانوں کی نسل کشی کی بات کر رہے ہیں وہ دراصل ملک میں خانہ جنگی شروع کرنا چاہتے ہیں۔"


نصیرالدین شاہ نے سچ کہا۔ یہ ساری زعفرانی ، بھگوا ٹولی ، یہ ' ہندوراشٹر' کے قیام کےجنونی حامی ، یہ 'دھرم سنسد' کے "زہریلے لوگ" یہ خانہ جنگی پر ہی تلے ہوئے ہیں۔ لیکن اس کے اثرات کس قدر خوف ناک ہوں گے ،اس کی نہ انہیں فکر ہے ، نہ مودی ، یوگی اور امیت شاہ بلکہ پوری بی جے پی اور سنگھ پریوار کو کوئی فکر نہیں ہے۔


لیکن فوجیوں کو فکر ہے۔ ملک کی مسلح افواج کے پانچ سابق سربراہان ایڈمرل رام داس ، ایڈمرل وشنو بھاگوت ، ایڈمرل ارون پرکاش ، ایڈمرل آر کے دھون اور ائر چیف مارشل ایس پی تیاگی نے ، اور ان کے ساتھ مزید سو سے زائد سابق فوجی افسران اور سرکردہ بیورو کریٹوں نے زہریلی ، اشتعال انگیز تقریروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے ، اور سچ ہی کہنا ہے کہ:
"نسل کشی کا نعرہ دینے والے افراد کوئی بھی ہوں ، ملک کی حکومت اور عدلیہ کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف قدم اٹھائے۔ یہ نہ صرف ملک کی داخلی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ ہمارے سماجی تانے بانے کو بھی تار تار کرکے رکھ دے گا۔ مقررین نے اس میں پولیس اور فوجی افسران کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی ہے ، جو انہیں نسل کسی کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔"


ان فوجی افسران اور بیورو کریٹوں کو ، اور نصیرالدین شاہ کو ہمارا سلام ہے۔
انہوں نے امید بندھائی ہے ، ہمت بندھائی ہے۔ بات سید محمود اسعد مدنی کی کر لیتے ہیں ، انہوں نے زہریلی تقریروں کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ یہ ہمت کی بات ہے کیونکہ آج ساری مسلم تنظیمیں جماعتیں اور مسلم قائدین نشانے پر ہیں۔ محمود مدنی نے اس کی پروا نہیں کی ہے۔ مولانا اختر رضا خان بریلوی نے آواز اٹھائی ہے کہ :
"ہاں! آؤ ہم مرنے کو تیار ہیں"۔
صحافی حضرات کھڑے ہیں ، حقوق انسانی کی تنظیمیں کھڑی ہیں۔ وکلاء نے ملک کے چیف جسٹس رمنا سے قدم اٹھانے کی درخواست کی ہے اور اس ملک کے بہت سارے سیکولر مزاج ہندو نفرت کے خلاف بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ سب افراد امید بندھا رہے ہیں ، بلکہ یقین دلا رہے ہیں کہ 2022ء قطعی 2021ء جیسا نہیں ہوگا۔
ان شاء اللہ

***
بشکریہ: شکیل رشید فیس بک ٹائم لائن
khansh.rasheed[@]gmail.com

'Nobody Can Drag Me From My Home': Naseeruddin Shah Tells Karan Thapar. Column: Shakeel Rasheed, Mumbai.
200m of us will fight back, vows Bollywood's Naseeruddin Shah after Hindutva hate speech against Muslims.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں