باپ اور بیٹے ناول از تورگنیف - اردو تلخیص - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-12-12

باپ اور بیٹے ناول از تورگنیف - اردو تلخیص - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

fathers-and-sons-ivan-turgenev-novel-urdu

روس کی ادبی تاریخ میں اتنا ہنگامہ کبھی بپا نہیں ہوا تھا جتنا کہ تورگنیف کے ناول "باپ اور بیٹے" کی اشاعت پر ہوا۔ تصوریت اور رومانیت پرستوں اور جدت پسندوں اور حقیقت پرستوں کے درمیان جو خلا پیدا ہو گیا تھا، اس ناول نے اسے اور بھی وسیع کر دیا۔ مصنف کی تعریف بھی کی گئی اور مذمت بھی۔ دوستوں کی طرف سے مذمت کی گئی اور دشمنوں کی طرف سے تعریف۔
اپنے عہد کا صحیح ترجمان ہونا، واقعات، رجحانات اور خیالات کی بےلاگ مصوری کرنا، جس سے سماج کی تصویر آنکھوں میں پھر جائے ایک مصنف کو تخلیقی فنکاروں کی صف میں لے آنے کے لیے کافی ہے۔
تورگنیف بھی اسی قسم کا مصور ہے بلکہ تورگنیف مصور سے بھی زیادہ بڑا ہے۔ تورگنیف نے بدلتی ہوئی زندگی کی مکمل تصویر کھینچی، حالانکہ وہ عہد ابھی ادھورا تھا۔ اور جو اشخاص اس عہد کی تعمیر میں حصہ لے رہے تھے ابھی اس کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ نہیں ہوئے تھے۔ تورگنیف اس اعتبار سے نہ صرف تاریخی عصر کا ترجمان تھا بلکہ اس کا معمار بھی تھا۔ اس نے جو کچھ لکھا اگر وہ اس کو پیدا نہ کر سکا تو کم سے کم اس نے اس دور میں آنے والی نئی کروٹ کو تیز تر کر دیا۔


تورگنیف کی یہ خصوصیت اس کے ناول "باپ اور بیٹے" میں انتہا پر ہے۔ جب ناول پہلی مرتبہ 1862ء میں چھپا تو ہیرو بیزروف کا کردار اور خیالات و رجحانات جو اس نے ناول میں قلمبند کیے روسی سماج کے علمبردار تھے۔ روسی سماج اس وقت منکرِ مذہب بنتا جا رہا تھا۔ تورگنیف کا تیر نشانے پر بیٹھا تھا۔ اس نے بعد میں لکھا ہر شخص کے لبوں پر اس وقت "نہالیت" (کسی عقیدے کو تسلیم نہ کرنا) کی تحریک کا تذکرہ تھا۔ اس کا ہیرو بیزروف اس تحریک کا علمبردار تھا۔ وہ تحریک اس وقت کے روس کی جان تھی۔ اس عہد کے بہت بڑے تنقید نگار پزارف نے لکھا کہ بیزروف کے کردار میں اس وقت روس کی نوجوان نسل کی روح تھی۔ روس میں نہالیت کی تحریک اس وقت زوروں پر تھی۔ یہی وجہ ہے کہ "باپ اور بیٹے" کی اشاعت پر روس متحیر رہ گیا کیونکہ بیزروف بعض کے نزدیک ایک نیا انکشاف معلوم ہوا اور دوسروں کے نزدیک نوجوان روس پر بہتان ثابت ہوا۔


ناول "باپ اور بیٹے" 1865ء کے نوجوان روس کے رجحانات کی تفسیر ہے جو ہیرو بیزروف کے کردار کے ذریعے کی گئی ہے۔ ان رجحانات کو "نہالیت" کا نام دیا گیا ہے۔ 'نہالسی' کے معنی ان دنوں کچھ اور تھے اور آج اس کے معنی کچھ اور ہیں۔ تورگنیف کا نہالسی دہشت پسند نہیں تھا۔ 'نہالسی' کی تعریف ناول میں بیزروف کے شاگرد ارکیڈی کی زبان سے خوب ادا کروائی گئی ہے۔ آرکیڈی کہتا ہے:
ایک "نہالسی" وہ شخص ہے جو کسی عقیدے کے آگے سر نہیں جھکاتا ہے، کسی حکم و فرمان کا تابع نہیں۔ جو کسی اصول کو اعتقاد تصور نہیں کرتا۔ چاہے اس عقیدے میں کتنا ہی احترام کیوں نہ ہو۔ فی الحقیقت نہالسی سائنس کی روح ہے۔ وہ ہر چیز کو تشکیک کی نگاہوں سے دیکھتا ہے، اسے پرکھتا ہے۔ اسے ٹھونک بجا کر دیکھتا ہے اور جو چیز اس کے امتحان پر پوری نہیں اترتی اسے مسترد کر دیتا ہے۔ اسی لیے نہالسی اکثر اوقات ایک روحِ منفی بن جاتا ہے۔


نہالسی فلسفے نے قدرتی طور پر بوڑھوں اور نوجوانوں میں ایک دیوار حائل کر دی۔
تورگنیف کی ہمدردی انتہا پسند روسی اذہان سے تھی اس لیے وہ بیزروف کو ناپسندیدہ حالات میں کیونکر پیش کر سکتا تھا۔ لیکن تورگنیف فنکار بھی تھا۔ اسے پروپیگنڈے سے کیونکر دلچسپی ہو سکتی تھی۔ بیزروف میں دل پسند خوبیاں تھیں۔ انہیں اجاگر نہ کرنا نہایت بےانصافی تھی۔ اس نے خوبیوں کو چھپانے کی اور عیوب کو نمایاں کرنے کی کوشش نہ کی۔ اس نے ناول کے ہیرو کے دونوں پہلو روشن کیے۔ اس نے خلوص کے ساتھ اس کے کردار کی مصوری کی، اس کی خشک مزاجی، سنگدلی، کرختگی اور گستاخی پر اس نے پردہ نہ ڈالا۔ اس نے اس کو اسی طرح پیش کیا جس طرح کہ اسے پیش کیا جا سکتا تھا۔


اس ناول کے ذریعے تورگنیف نہ صرف انسانی مفاد کو قائم رکھ سکتا ہے بلکہ ایک ایسا کردار تخلیق کرنے میں کامیاب ہوا ہے کہ جس کی مثال ادب میں نہیں ملتی۔


اس مشہور ناول کی تلخیص پر مبنی یہ مختصر دلچسپ اور یادگار کتاب تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 6 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


***

نام کتاب: باپ اور بیٹے (ناول از ترگنیف) (تلخیص)
اردو ترجمہ: مخمور جالندھری
ناشر: شاہین پبلشرز، ادب کدہ، جالندھر (سن اشاعت: 1945ء)
تعداد صفحات: 145
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 6 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Fathers And Sons Ivan Turgenev Urdu.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:


Fathers And Sons, a novel by Ivan Turgenev, Summary in Urdu by Makhmoor Jallandhari, urdu pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں