میری آپ بیتیاں ہیں، تیری آپ بیتیاں
انوکھی اور پیاری ہیں ، سبھی آپ بیتیاں
انوکھے سے لوگ ہیں، انوکھی کہانیاں ہیں
گلشن ادب میں یوں ، سجی آپ بیتیاں
(رانا علی رضا بلو)
ایک وقت تھا کہ جب بچوں کے رسائل میں مشہور و معروف لکھاریوں کو صرف نام کی حد تک پہچانا جاتا تھا، ان کی کہانیاں معیار کی ضمانت سمجھی جاتی تھیں۔
ان کے نام دیکھ کر میگزین فروخت ہوتے تھے، لیکن۔۔۔ وہ مشہور مصنفین بذاتِ خود کون تھے؟
اْن کی اپنی کہانی کیا تھی؟
حقیقی زندگی میں وہ کیسے تھے؟
ان کی ذاتی زندگی، بچپن، گھر اور گھر والے کون تھے، کیا تھے۔۔۔ یہ سب تھوڑا بہت ہی جان پاتے تھے، وہ بھی محض مختصر انٹرویوز میں۔
یہ 1999ء کی بات ہے کہ نامور ادیب نوشاد عادل نے ماہ نامہ "نٹ کھٹ" حیدرآباد (سندھ) کے مدیر "محمد وسیم خان " کو آئیڈیا دیا کہ ماہ نامہ " نٹ کھٹ "کا "آپ بیتیاں نمبر" نکالا جائے، جس میں رائٹرز اور ایڈیٹرز کی آپ بیتیاں شائع کی جائیں۔
محمد وسیم خان کو یہ آئیڈیا اچھا لگا اور عمل کرنے نکلے تو لکھنے والوں نے ٹال مٹول شروع کر دیا۔ تب نوشاد عادل نے آئیڈئیے میں تبدیلی کی اور کہا کہ ہر ماہ کسی ایک قلم کار کی آپ بیتی شائع کی جائے۔ نوشاد عادل پہلی آپ بیتی مسعود احمد برکاتی صاحب کی شائع کرنا چاہتے تھے، لیکن وہ بھی پہلو بچاتے رہے۔ دو سال گزر گئے، کسی نے یا تو سیریس نہیں لیا، یا آپ بیتی کی اہمیت سمجھی نہیں۔
نوشاد عادل کو اپنا یہ آئیڈیا ناکام ہوتا نظر آنے لگا۔ تب مدیر نٹ کھٹ محمد وسیم خان نے نوشاد عادل کو کہا کہ پہلی آپ بیتی تم لکھ دو، ہو سکتا ہے اس کے بعد باقی لوگ بھی لکھیں۔
نوشاد عادل نے اللہ کا نام لے کر لکھ ڈالی جو پاکستانی بچوں کے ادب میں، میگزین میں شائع ہونے والی سب سے پہلی آپ بیتی ثابت ہوئی۔ اس کے بعد "نٹ کھٹ" میں کافی آپ بیتیاں شائع ہوئیں۔ ماہ نامہ "نٹ کھٹ" کی اشاعت کا تسلسل برقرار نہ رہا تو نوشاد عادل نے محبوب الہٰی مخمور، مدیراعلیٰ ماہ نامہ "انوکھی کہانیاں"، کراچی سے یہ سلسلہ اپنے رسالے میں شروع کرنے کا کہا۔ یوں اکتوبر 2012 ء سے آپ بیتیوں کے سلسلے کے سیزن 2 کا آغاز ہوا، جو اب تک جاری و ساری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ "آپ بیتیاں" کے عنوان سے کتابی شکل میں ایک حصہ2015 ء میں شائع بھی ہو چکا ہے جو ایک تاریخی دستاویز بن چکی ہے۔ پہلے حصے میں چودہ مقبول و معروف ادبیوں کے حالات زندگی شائع کیے جا چکے ہیں۔
اس تاریخی "آپ بیتیاں" کتاب کا دوسرا حصہ ستمبر 2021 ء میں سامنے آ چکا ہے۔ جس میں ادیبوں کی حقیقی زندگی کی کہانی کسی بھی ناول، افسانے اور کہانی سے زیادہ دل چسپ ہے۔ جو یقینی طور پر قارئین کے دلوں کو جیت لے گی کہ کہانی کاروں کی اپنی کہانی اُن کی لکھی گئی تحریروں سے کم حیرت انگیز اوردلکش نہیں ہوگی۔
"آپ بیتیاں" کتاب کے دوسرے حصے میں جن ادیبوں کی سرگزشت پیش کی جا رہی ہیں ان کے نام ان کے ادبی کام کی بدولت قارئین کے دلوں پر نقش ہیں۔ ان نامور ادیبوں میں
درج ذیل نام شامل ہیں جو کہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں:
- نسیم حجازی
- محمود شام
- نذیر انبالوی
- ڈاکٹرافضل حمید
- نوشاد عادل
- ڈاکٹر عبدالرّب بھٹی
- امجد جاوید
- خلیل جبّار
- یاسمین حفیظ
- عبداللہ ادیب
- جاوید بسّام
- عارف مجید عارف
- ناصر زیدی
- عبدالصمد مظفّر
- نورمحمد جمالی
- صالحہ صدیقی
- روبنسن سیموئل گل
- ظہورالدین بٹ
- حاجی عبدالطیف کھوکھر
- سیدمظہر مشتاق
- رؤف اسلم آرائیں
- تسنیم جعفری
- سید آصف جاوید نقوی
- محمد اکمل معروف
- علی عمران ممتاز
- راحت عائشہ
- فہیم زیدی
- غلام زادہ نعمان صابری
- رضیہ خانم
- ذوالفقار علی بخاری
اگر آپ ادب سے وابستہ ہیں تو آپ کا بطور ادیب یہ بھی فرض بنتا ہے کہ جو بھی نئی روایت یا رجحان سامنے آتا ہے تو اس کی بھرپور طورپر پذیرائی کریں۔ محبوب الہی مخمور اور نوشاد عادل کا نام اور کام ادبی حلقوں میں چرچے میں رہتا ہے تاہم اس کتاب کی بدولت رہتی دنیا تک اُن کا نام ادبی دنیا میں امر ہو چکا ہے کہ انہوں نے ادیبوں کو وہ پذیرائی دی ہے جس کا ایک ادیب متمنی ہوتا ہے۔
محبوب الہی مخمور اور نوشاد عادل نے ادیبوں کے حالات زندگی سامنے لاکرجو ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے وہ آج تک بہت کم ادارے اور افراد کر سکے ہیں۔ پاکستان میں یہ ایک نیا رجحان ہے ، اسی کی تقلید کرتے ہوئے فیس بک ادبی محفل "سرائے اُردو" میں مختصر آپ بیتی لکھنے کا کامیاب مقابلے کا انعقاد بھی کرایا گیا ہے ، اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ماہ نامہ انوکھی کہانیاں، کراچی نے مختصر آپ بیتی خاص نمبر سامنے لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آج بھی قارئین آپ بیتیاں پڑھنے کے متلاشی ہیں۔
یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد کام ہے جو کہ ادیبوں کو آنے والے وقت میں بھی متعارف کرواتا رہے گا۔ آپ سے گذارش ہے کہ اپنے من پسند ادیبوں کے حالات زندگی پر شائع ہونے والے مجموعے کو ضرور خرید کر اپنے کتب خانے کی زینت بنائیں یہ آپ کی ادب سے محبت کا بہترین ثبوت ہوگا۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھیں کہ دوسروں کی زندگی ہمارے لئے ایک سبق بھی ہوتی ہے ہم ان کی زندگی سے سیکھ کر خود بھی کامیابی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔
" آپ بیتیاں" کتاب میں شامل نامور ادیبوں کی زندگی کی روداد آپ کی زندگی بدل سکتی ہے کہ کامیاب افراد نے کیسے کامیابی حاصل کی ہے، اگر آپ نے یہ جان لیا تو آپ بھی کامیابی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ اس لئے آپ اس بے مثال اورتاریخی اہمیت کی حامل کتاب کا ضرور مطالعہ کیجئے۔
"آپ بیتیاں" حصہ دوئم کے صفحات کی تعداد 700 کے لگ بھگ اور رعایتی قیمت 800 روپے ہے۔
اس معلوماتی اور دل چسپ کتاب کو درج ذیل پتے سے براہ راست منگوا یا جا سکتا ہے:
مولف : محبوب الہی مخمور / نوشاد عادل
صفحات: تقریباً 700
ناشر: الہٰی پبلی کیشنز
ملنے کا پتہ :
95۔R. سیکٹرB۔ 15، بفر زون، نارتھ کراچی۔ پاکستان
واٹس ایپ نمبر: 0333.2172372
ای میل: melahi1963@yahoo.com
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں