بالآخر موبائل اینڈروئیڈ میں گوگل ایڈسنس ایپ نے اس ہفتہ 13/اگست سے کام کرنا مکمل طور سے بند کر دیا ہے۔ گوکہ ابھی آئی-فون پر کسی حد تک یہ ایپ چل رہا ہے۔
دو سال قبل یعنی 15/جولائی 2019 کو گوگل ایڈسنس نے اپنے بلاگ پر اعلان کیا تھا کہ ستر فیصد گوگل ایڈسنس موبائل ایپ صارفین کے زیراستعمال ہونے کے باوجود وہ چند ناگزیر وجوہات کے سبب "ایڈسنس ایپ" کو ختم کرنے والا ہے۔ اور 2019ء کے اواخر تک یہ ایپ گوگل پلے اسٹور سے بھی ہٹا لیا جائے گا۔
پھر بھی چند ایک بار کی وارننگ کے باوجود 'ایڈسنس ایپ' تقریباً اوائل اگست 2021ء تک تسلسل سے اینڈروئیڈ/آئی-فون میں جاری رہا۔ اور اب 13/اگست 2021ء سے مستقلاً ختم ہو گیا ہے۔
اگر ایپ چلایا بھی جائے تو "نو ڈیٹا" کا ایرر مسیج سامنے آتا ہے۔
گوگل نے اپنے متذکرہ اعلان میں ایڈسنس صارفین کو ترغیب دلائی تھی کہ ایڈسنس آمدنی چیک کرنے کے لیے اب صرف گوگل ایڈسنس کی ویب سائٹ سے ہی استفادہ کیا جانا چاہیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل کے اعلان کے مطابق ایڈسنس ایپ سال 2019 کے اختتام پر ختم ہو جانا چاہیے تھا مگر گوگل کی روایتی سستی کے سبب یہ ایپ تقریباً ڈیڑھ سال مزید چلتا رہا۔ حالانکہ درمیان میں گوگل وقفہ وقفہ سے وارننگ ڈسپلے کرتا رہا کہ ایڈسنس ایپ جلد ختم ہونے والا ہے۔
بہرحال ایڈسنس ایپ کے ختم ہونے کے بعد یہ نوٹیفیکیشن بتایا جا رہا ہے:
ہم نے اس ایپ کی سہولت کو ختم کر دیا ہے۔ بہتر موبائل سہولت کے لیے اس ویب صفحہ سے استفادہ کیجیےWe’re no longer supporting this app. For a better mobile experience go to:
google.com/adsense
گوگل ایڈسنس صارفین کی اکثریت نے اس ایپ کے خاتمے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ اس طرح وہ گاہے بگاہے صرف ایک کلک پر ایڈسنس آمدنی کا جائزہ لینے کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔ اور ایڈسنس ویب سائیٹ کے متعلقہ ویب صفحہ سے ایڈسنس آمدنی چیک کرنا ایک کلک جتنا آسان بہرحال نہیں ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں