امیتابھ بچن کی مقبول ہندی فلمیں - تلگو ری-میک پر این۔ٹی۔آر کی بھی مقبولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-08-21

امیتابھ بچن کی مقبول ہندی فلمیں - تلگو ری-میک پر این۔ٹی۔آر کی بھی مقبولیت

amitabh bachchan and ntr

جنوبی ہند کی تلگو فلمی صنعت میں جو مقبولیت اور شہرت این۔ٹی۔آر (ننداموری تارک راما راؤ) (پیدائش: 28/مئی 1923ء ، وفات: 18/جنوری 1996ء) کو حاصل ہوئی شاید ہی کسی اور ہیرو کو ملی ہو۔ ان کی متعدد فلموں نے بےتحاشا عوامی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے اور تلگو باکس آفس پر سوپر ہٹ بھی ثابت ہوئیں۔ این ٹی راما راؤ نے کئی فلمی اداروں کو بھی اپنے ساتھ شہرت اور نمایاں شناخت دلائی۔


این ٹی آر کے متعلق کہا جاتا ہے کہ ہر کوئی وقت کے ساتھ چلتا ہے لیکن این ٹی آر نے وقت کو اپنے ساتھ چلایا۔ مشہور ہندی فلموں کا تلگو ری-میک بنانے کا سہرا این ٹی راما راؤ کے سر باندھا جاتا ہے۔ ہندی سے تلگو زبان میں بنائی گئیں یہ فلمیں مشہور بھی ہوا کرتی تھیں اور ان کی آمدنی بھی متاثرکن ہوتی تھی۔


ذیل میں بالی ووڈ کی ہندی فلموں کے سوپر اسٹار امیتابھ بچن (پیدائش: 11/اکتوبر 1942ء، الہ آباد) کی ان پانچ مشہور فلموں کا مختصر جائزہ پیش ہے جن کے تلگو ری-میک کے ذریعے این۔ ٹی۔ راما راؤ نے بھی اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جھنڈے گاڑے تھے۔


(1)
ہندی:
فلم؛ زنجیر (ریلیز: مئی 1973ء) ، IMDb : 7.6/10
تلگو:
فلم؛ نِپو لانٹی منشی (آگ جیسا آدمی) (ریلیز: اکتوبر 1974ء) ، IMDb : 6.2/10
zanjeer and Nippulanti Manishi

این ٹی آر نے اپنی عمر کے 52 ویں سال میں فلم "نِپو لانٹی منشی (آگ کے جیسا آدمی)" میں اپنی لازوال اداکاری کے جوہر دکھائے اور یوں اس فلم نے نہ صرف بلاک بسٹر کامیابی حاصل کی بلکہ ایک پولیس آفیسر کے رول نے دیگر فلموں میں بھی پولیس کے مثبت کردار کے راستے کھول دئیے تھے۔
دراصل یہ فلم امیتابھ بچن کی ہندی فلم "زنجیر" کا ری میک تھی جس سے خود امیتابھ بچن نے "اینگری ینگ مین" کا لقب حاصل کرتے ہوئے ہندی فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کی تھی۔ اس وقت امیتابھ بچن کی عمر 32 سال تھی اور اسی ہندی فلم کے تلگو ری میک میں 52 سالہ این ٹی آر نے امیتابھ بچن کا کردار اداکرتے ہوئے ایک ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔ دوسری جانب یہ بات قابلِ غور ہے کہ یہی امیتابھ بچن اپنی عمر کے 52 سال میں ہندی فلموں میں کیرکٹر ایکٹر کا رول ادا کرنے پر مجبور رہے!
واضح رہے کہ مقبول تلگو سوپر اسٹار چرنجیوی کے اداکار فرزند رام چرن نے بھی ہندی فلم "زنجیر" کے تلگو ری میک "طوفان" (ریلیز: ستمبر 2013ء) میں مرکزی کردار نبھایا لیکن انہیں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ ویسے رام چرن نے اپنی اسی تلگو فلم کو ہندی میں بھی "زنجیر" کے نام سے ہی پیش کیا تھا۔


(2)
ہندی:
فلم؛ دیوار (ریلیز: جنوری 1975ء) ، IMDb : 8.1/10
تلگو:
فلم؛ مگاڈو (مرد) (ریلیز: مئی 1976ء) ، IMDb : 7.4/10
deewaar and Magaadu

"دیوار" نے جہاں امیتابھ بچن کے شعلہ صفت جوانمرد کے کردار کو استحکام بخشا تھا وہیں این۔ٹی۔آر نے بھی اس کے تلگو ری-میک "مگاڈو" (مرد) کے ذریعے بےانتہا مقبولیت سمیٹی۔ ششی کپور والا متوازی کردار فلم مگاڈو میں راماکرشنا نے نبھایا تھا۔ اور فلم کے ہدایتکار ایس۔ڈی۔لال تھے۔

(3)
ہندی:
فلم؛ ڈان (ریلیز: مئی 1978ء) ، IMDb : 7.8/10
تلگو:
فلم؛ یوگندھر (ریلیز: نومبر 1979ء) ، IMDb : 6.3/10
don and Yugandhar

فلم "ڈان" کو امیتابھ بچن کے کیرئر کی مقبول ترین فلم باور کیا جاتا ہے۔ جنوبی ہند کی تقریباً تمام زبانوں میں اس گینگسٹر تھرلر کو منتقل کیا گیا تھا۔ جس میں سب سے پہلے این۔ٹی۔آر کی "یوگندھر" مشپور و مقبول ہوئی جس کی ہدایت کاری کے۔ایس۔آر داس نے نے دی، جیا سدھا نے ہیروئین کا کردار نبھایا اور الیہ راجا فلم کے موسیقار تھے۔
دیگر ری-میک میں، تمل میں رجنی کانت نے "بِلّا" (1980ء)، تمل میں ہی اجیت کمار نے بھی "بِلّا" (2007ء)، تلگو میں پربھاس نے "بِلّا" (2009ء) اور ملیالم میں موہن لال نے شوبھراج (1986ء) بنائی۔ اسی طرح شاہ رخ خان نے بھی فرحان اختر کی "ڈان" (2006ء) میں مرکزی کردار نبھانے کے علاوہ اسی کے سیکوئیل "ڈان:2" (2011ء) میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔


(4)
ہندی:
فلم؛ سہاگ (ریلیز: اکتوبر 1979ء) ، IMDb : 6.7/10
تلگو:
فلم؛ ستیم شیوم (ریلیز: مئی 1981ء) ، IMDb : 7.2/10
suhaag and Satyam Shivam

امیتابھ بچن اور ششی کپور کی مشہور مکس مسالہ فلم سہاگ، این ٹی راما راؤ نے تلگو میں "ستیم شیوم " کے نام سے بنائی جس میں ششی کپور والا کردار اس وقت کے فیملی ہیرو کی پہچان کے حامل اکینینی ناگیشور راؤ نے نبھایا تھا۔ اسی طرح امیتابھ کی ہیروئین ریکھا کا کردار تلگو فلم میں این ٹی آر کے مقابل سری دیوی نے اور ششی کپور کی ہیروئین پروین بابی کا کردار ناگیشور راؤ کے مقابل رتی اگنی ہوتری نے ادا کیا۔ فلم کی ہدایت اور اسکرین پلے کی ذمہ داری مشہور ہدایت کار کے۔ راگھویندر راؤ نے نبھائی تھی۔

(5)
ہندی:
فلم؛ لاوارث (ریلیز: مئی 1981ء) ، IMDb : 7.1/10
تلگو:
فلم؛ نادیشم (ریلیز: اکتوبر 1982ء) ، IMDb : 7.1/10
laawaris and Naa Desam

امیتابھ بچن کی فلم "لاوارث" کئی لحاظ سے ایک یادگار فلم کہی جا سکتی ہے جس نے اپنے دور میں باکس آفس کے ہر علاقے میں تقریباً دو کروڑ سے زائد کمائی کی جبکہ اس وقت (سنہ 1984ء) تک مجموعی طور پر ہندی فلم انڈسٹری کی صرف تیرہ (13) عدد فلمیں ہی اس نشانہ کو عبور کر پائی تھیں۔ اس فلم میں مختلف خواتین کا بھیس بدل کر امیتابھ بچن کا گایا ہوا نغمہ "میرے انگنے میں تمہارا کیا کام ہے" نے بھی شہرت حاصل کی تھی۔ حالانکہ اسی نغمہ کو فلم میں الکا یاگنک نے بھی اپنی آواز دی تھی۔
تلگو زبان میں این۔ٹی۔آر کی ری-میک فلم "نادیشم" (میرا ملک) نے بھی یکساں سطح کی مقبولیت حاصل کی اور آل ٹائم سپرہٹ کا لقب جیتا۔
تلگو فلم "نا دیشم" کی خصوصیت یہ رہی کہ اس فلم کے ریلیز ہونے کے 70/دن بعد ہی این ٹی آر نے 9/جنوری/1983 کو اس وقت کی متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے پہلے غیر سیاسی اور غیر کانگریسی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ این۔ ٹی۔ آر نے 29/ مارچ 1982 کو اپنی سیاسی جماعت "تلگودیشم" کے نام سے قائم کی تھی۔این ٹی آر کی فلمی مقبولیت میدان سیاست میں بھی کام آ گئی اور اس وقت منعقدہ انتخابات میں 294 رکنی ریاستی اسمبلی میں این ٹی آر کی جماعت تلگودیشم نے 202 نشستیں حاصل کی تھیں۔


علاوہ ازیں این۔ٹی۔آر نے امیتابھ بچن کی فلم "دو انجانے" کے تلگو ری-میک "ما واری منچی تنم" (ہمارے اپنوں کا اچھاپن) میں بھی بحیثیت مرکزی اداکار کام کیا۔
امیتابھ بچن اور ونود کھنہ کی ملٹی اسٹارر فلم "ہیرا پھیری" جو کہ کامیڈی اور فیملی فلم تھی، اس کے تلگو ری-میک "راما کرشنولو" میں این۔ٹی۔آر کے ساتھ ونود کھنہ والا کردار اکینینی ناگیشور راؤ نے نبھایا۔ چونکہ این ٹی آر اور ناگیشور راؤ کے اپنے اپنے مداحوں پر مختص لاتعداد فلمی گروہ تھے لہذا اس تلگو ری-میک نے بھی بےتحاشا کامیابی سمیٹی۔

امیتابھ بچن اور ونود کھنہ کی ایک اور مشترک کامیاب فلم "خون پسینہ" (1977) کی تلگو ری-میک جب "ٹائیگر" (1979) کے عنوان سے بنی تو اس میں امیتابھ کا کردار این۔ٹی۔آر نے اور ونود کھنہ کا کردار رجنی کانت نے نبھایا تھا۔ "ٹائیگر" نہ صرف فلمی دنیا میں رجنی کانت کی 50 ویں فلم تھی بلکہ این۔ٹی۔آر کے ہمراہ ان کی یہ واحد فلم بھی قرار پائی۔


لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ قابل غور ہے کہ جہاں این ٹی آر نے امیتابھ بچن کی نصف درجن سے زیادہ مشہور ہندی فلموں کے تلگو ری میک میں کام کیا وہیں امیتابھ بچن نے این ٹی آر کی کسی ایک بھی مشہور تلگو فلم کے ہندی ری میک میں اداکاری نہیں کی۔ تلگو فلموں کے ہندی ری-میک کے میدان میں البتہ جتیندر نے کافی کام کیا ہے۔


The top and hit movies of Amitabh Bachchan and their Telugu remakes by NTR.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں