تلنگانہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ پر عمل آوری - کابینہ کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-06-09

تلنگانہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ پر عمل آوری - کابینہ کی منظوری

telangana-cabinet-approves-prc

وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندرا شیکھر راؤ کی زیر قیادت 8/جون بروز پیر پرگتی بھون میں ریاستی کابینہ کا اجلاس دوپہر دو بجے سے شروع ہوا اور رات دیر گئے تک جاری رہا۔ ریاست میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق تفصیلات کے اعلان کے ساتھ دیگر موضوعات پر بھی کابینہ نے چند اہم فیصلوں کو منظوری دی ہے۔
تلنگانہ کے پہلے اور سابقہ متحدہ ریاست کے گیارہویں پے ریویژن کمیشن کی سفارشات پر غور کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے گذشتہ ماہ مارچ کے آخری ہفتہ میں تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تیس (30) فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا، جس پر عمل آوری کے لیے ریاستی کابینہ کی منظوری درکار تھی۔


پیر کے اجلاس میں ریاستی کابینہ نے تلنگانہ کے پہلے پی۔آر۔سی سے متعلق وزیر اعلیٰ کے فیصلہ کو منظوری عطا کی ہے۔ تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق باقاعدہ سرکاری عملے کے ساتھ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کے علاوہ وظیفہ یاب ملازمین سرکار پر بھی لاگو ہوگا۔ کابینہ کے فیصلے کے بموجب تنخواہوں میں تیس فیصد اضافہ کا اطلاق یکم/جولائی 2018 سے ہوگا۔
یکم اپریل 2020ء سے 31/مارچ 2021 تک کی (ایک سالہ) اضافہ شدہ تنخواہ کے بقایا جات، نقد رقم کی شکل میں قسطوں میں ادا کیے جائیں گے۔ جبکہ یکم اپریل 2021 سے 30/جون 2021 تک کی (تین ماہ کی) اضافہ شدہ نقد رقم ، ماہ جون 2021ء کی تنخواہ کے ساتھ یکم/جولائی 2021 کو یکمشت ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جون-2021 کی تنخواہ نئی پی۔آر۔سی کے مطابق ہوگی جس سے سرکاری عملے کے علاوہ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کے ساتھ وظیفہ یاب ملازمینِ سرکار بھی استفادہ کریں گے۔
ونیز وظیفہ یاب سرکاری ملازمین کو، یکم اپریل 2020ء سے 31/مارچ 2021 تک کی (ایک سالہ) تنخواہ کے بقایا جات، جملہ 36 قسطوں میں ادا کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ سابقہ دسویں پی۔آر۔سی سے متعلق جی۔او حکومت تلنگانہ نے 18/مارچ/2015 کو جاری کیا تھا جس کے مطابق دسویں پی۔آر۔سی کی طےشدہ تنخواہیں یکم/جولائی/2013 سے ادا کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے گیارہویں پی۔آر۔سی کی طےشدہ تنخواہیں یکم/جولائی/2018 سے ادا کی جانی چاہیے، مگر ماہ مارچ کے اپنے فیصلے میں ریاستی وزیراعلیٰ نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی کہ نئے پی۔آر۔سی کا اطلاق کب سے ہوگا؟


واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے 18/مئی/2018 کو جی۔او:86 کے ذریعے گیارہویں پی۔آر۔سی کی تشکیل کے لیے تین رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا تھا جس میں بحیثیت چیرمین سی۔آر۔بسوال (ریٹائرڈ آئی۔اے۔ایس افسر) اور بحیثیت رکن ڈاکٹر محمد علی رفعت (ریٹائرڈ آئی۔اے۔ایس افسر) اور سی۔امامہیشور راؤ (ریٹائرڈ آئی۔اے۔ایس افسر) شامل تھے۔ اس کمیٹی نے 27/جنوری/2021 کو اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے تنخواہوں میں محض ساڑھے سات (7.5) فیصد اضافہ کی تجویز پیش کی تھی۔ بعدازاں ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری سومیش کمار اور سرکاری ملازمین کی مختلف یونین کے ساتھ متعدد بار مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ نے کمیٹی کی سفارش کردہ تجویز کو چار گنا بڑھا کر تیس (30) فیصد فٹمنٹ کے اجرا کا فیصلہ کیا، جس سے تقریباً 9.21 لاکھ سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔


Telangana Govt approves PRC
Nod to PRC 2021 by Government of Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں