ڈاکٹر آصف فرخی (پ: 16/ستمبر 1959 ، کراچی)
معروف افسانہ نگار، نقاد، مترجم و مدیر بروز پیر یکم/ جون 2020 کو، بعمر 60 سال، کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ معروف ادیب و نقاد اسلم فرخی کے فرزند تھے۔ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر، آصف فرخی نے اعلیٰ تعلیم کراچی اور ہارورڈ یونیورسٹی (امریکہ) سے حاصل کی تھی۔ ان کی تصانیف میں شامل ہیں: آتش فشاں پر کھلے گلاب (1982) ، اسم اعظم کی تلاش میں (1984)، چیزیں اور لوگ (1991)، چیزوں کی کہانیاں (1993)، عالم ایجاد (2004)، میرے دن گزر رہے ہیں (2009)۔
آصف فرخی کے افسانوں کا تیسرا مجموعہ "چیزیں اور لوگ"، 1991 میں شائع ہوا تھا جو 15 افسانوں پر مشتمل تھا۔ یہی مجموعہ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
آصف فرخی کی اچانک وفات پر ممتاز و معروف ادیب مشرف عالم ذوقی نے اپنی فیس بک ٹائم لائن پر یوں تعزیتی اظہار خیال کیا ہے ۔۔۔آصف فرخی : وہ اس گلوب کو اپنے ساتھ لے گیا ہے ، جہاں وہ اپنے مکالموں کے ویڈیو بناتا تھا
میں موت پر نہیں لکھ سکتا۔ کم از کم آصف کی موت پر نہیں۔ کیا موت نے اب ہماری عمر کے لوگوں کا دروازہ دیکھ لیا۔ ہٹا کٹا صحتمند۔ پیشے سے ڈاکٹر۔ مگر باہر اور اندر تک ادب کا سمندر۔ ایک بڑے باپ کا بیٹا۔ باپ نے بھی زندگی ادب میں بسر کی۔ بیٹے نے روایت کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ ایک ایسا نام ثابت ہوا کہ جس کے وجود میں اردو مہکتی تھی۔ جو اردو کو ساری دنیا میں پھیلانا چاہتا تھا۔ جو اردو سے وابستہ چھوٹی چھوٹی خبروں پر خوش ہو جایا کرتا تھا۔ میں نے اسے فہمیدہ ریاض پر آنسو بہاتے ہوئے دیکھا۔ انتظار حسین پر۔ عبد الله حسین پر۔ اسکی گرفت میڈیا میں تھی۔ سارک فیسٹیول کا حصّہ تھا۔ بین الاقوامی سطح پر بڑے سیمیناروں کا ہیرو تھا کیونکہ وہ اردو کے معاملے میں ، اس دور میں سب سے زیادہ اپ ڈیٹ تھا۔ بکر اور نابل انعامات پر اس کی نظر رہتی تھی ، اور وہ بچوں کی طرح خوش ہو جاتا تھا ، جب فاروقی یا انتظار حسین کا نام آتا تھا۔ وہ آج کی تاریخ میں ایک ادارہ تھا۔ وہ اردو کے معیار کا رکھوالا تھا۔
میں رک رک کر چل رہا ہوں ، یا چلتے چلتے ہانپ رہا ہوں۔ یا وقت رک گیا ہے ؟ یا لمحہ فریز ہو گیا ہے۔ اس کی موت سے ایک منٹ قبل ، جب اسکی سانسیں زندہ تھیں۔ اور میں ٹائم مشین کو ذرا پیچھے لے آیا جب وہ ہم سب کے لئے ویڈیو پروگرام بنا رہا تھا۔ اور ہم عاشق اردو اس کے ہر پروگرام پر فریفتہ تھے۔ ابھی دو دن پہلے کی بات۔ اس نے ایک خاتون کے ساتھ ایک تصویر شیر کی۔ ہم میں اس کی شخصیت اکیلی تھی کہ اردو کا ہمنوا ہو کر بھی اسکے شناسا دیگر زبان کے لوگ تھے۔ فرینچ ، جرمن ، کینیڈین۔ وہ ان کے درمیاں خوش رہتا تھا۔
ٹائم مشین کو ذرا پیچھے لے جاتا ہوں۔ محبوب الرحمن فاروقی آجکل کے مدیر تھے۔ 1988 کا زمانہ۔ فون آیا ، ذوقی آ جاؤ۔ آصف اے ہوئے ہیں۔ آصف کا مطلب ادب کی خوشبو۔ پہلی ملاقات میں وہ شرمیلے نظر اہے۔ فکشن اور موجودہ ادب پر خوب باتیں ہوئیں۔ آصف بولتے رہے۔ فکشن کو وقت کے ساتھ بدلنا ہے۔ پاکستان میں بھی بہت حد تک تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ پھر ہم دو تین بار انڈیا انٹرنیشنل میں ملے۔ یادیں محفوظ ہیں۔ آصف نے دنیازاد کا اجرا کیا تو ہم آصف کے مرید ہو گئے۔ شہرزاد کے نام سے پبلیکیشن ہاؤس قائم کیا تو معیاری ، غیر معمولی کتابوں کی اشاعت کو یقینی بنا دیا۔ وہ چلتا پھرتا ادارہ تھا۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں ، اردو کا سب سے نوجوان چہرہ۔ اسکی باتیں مستند مانی جاتی تھیں۔ اس نے ترجموں کی ضرورت کو سمجھا۔ ابھی دو دن پہلے عمران عاکف میرے پاس اہے تو میں نے آصف کا ایک ترجمہ پڑھنے کے لئے دیا اور کہا ، سیکھو ، ترجمہ کیسے کیا جاتا ہے۔ آصف ، ہماری مسلسل گفتگو کا حصّہ ، میں بھیانک خواب سے گزر رہا ہوں ، آصف ہماری دنیا سے کیسے جا سکتا ہے۔
سوغات میں برسوں پہلے اس کی کہانی ممبئی پڑھی۔ فکشن کے لئے ایک دیوانگی نظر آئی۔ وہ میتھ توڑتا تھا ، کہانی کے اصول پیمانے کی نفی کرتا تھا۔ وہ اپنا راستہ ایجاد کرتا تھا۔ اسے مارخیز ، پاموک ، میلان کندرا ، بورکھیس ، ایرانی ترکی ادیب ، نجیب محفوظ پسند تھے۔ مگر وہ کہانیاں لکھتے ہوئے اپنی ڈگر کا مسافر تھا ، وہ کسی کی پیروی نہیں کرتا تھا۔ اس کے خیالوں میں ہمیشہ فکشن کا عالمی معیار ہوتا تھا اور اسی لئے دنیا زاد کے کسی بھی شمارے کے ساتھ اس نے کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔
وہ کورونا کے دنوں میں گیا۔ اس نے لاک ڈاون کے دنوں میں الوداع کہا۔ وہ ڈاکٹر تھا۔ البئر کامو کا کردار ڈاکٹر ریو۔ جو اس وقت رو رہا تھا ، جب مہلک وبا سے انسانوں کی ہلاکت سامنے آ رہی تھی۔ یقینی طور پر خوشیاں تقسیم کرنے والا آصف خوف زدہ ہوگا کہ الہی ، ہم مستقبل کے کیسے ڈارک روم یا بلیک ہول میں اتار دیے گئے ہیں۔ خدا ، یہاں بہت گھٹن ہے۔ اور وہ نہ ختم ہونے والے اندھیرے میں سما گیا ، اپنی بیش قیمت کتابوں کا ذخیرہ چھوڑ کر۔
میں رک رک کر چل رہا ہوں ، یا چلتے چلتے ہانپ رہا ہوں۔ یا لمحہ فریز ہو گیا ہے۔ یا وقت رک گیا ہے۔ میں دونوں ہتھیلیوں کے ناخنوں کو رگڑتا ہوں تو ایک بجلی لپکتی ہے۔ میں ہوش میں ہوں۔ سانسیں زندہ ہیں۔ مگر آہ۔ کوئی چلا گیا ہے۔ واپس نہیں آئے گا۔ کل تک اس کی آنکھیں سب کچھ دیکھ رہی تھیں ، اب وہ گیلی مٹی کا حصّہ ہے۔ ہم سب کچھ کیسے دیکھ لیتے ہیں ؟ کیسے دیکھ سکتے ہیں؟
وہ اس گلوب کو اپنے ساتھ لے گیا ہے ، جہاں وہ اپنے مکالموں کے ویڈیو بناتا تھا۔ اور اس کے پروگرام گلوبل دنیا کو حیران کر دیتے تھے۔ ہم انتظار کریں گے۔ عدم آباد کی خاموش وادیوں میں بھی وہ فرشتوں سے اردو کی کتابیں مانگے گا۔ ہم اسکے پروگرام کا انتظار کریں گے۔ وہ اتنا کچھ اثاثہ چھوڑ گیا ہے کہ ہم اسے مرنے نہیں دینگے۔
یہ بھی پڑھیے:
آصف فرخی: نامور ادیب اور کراچی لٹریچر فیسٹیول کے بانی انتقال کر گئے - بی۔بی۔سی
دھوکے کھانے والا آدمی : مبشر علی زیدی - اردو وی۔او۔اے
دنیا زاد اور شہر زاد چھوڑ کر جانے والے آصف فرخی : فاطمہ علی
***
نام کتاب: چیزیں اور لوگ (افسانے)
مصنف: آصف فرخی
تعداد صفحات: 188
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Cheezein aur Log - Short stories by Asif Farrukhi.pdf
چیزیں اور لوگ - افسانے از آصف فرخی :: فہرست | ||
---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | صفحہ نمبر |
1 | زمین کی نشانیاں | 10 |
2 | بحیرۂ مردار | 18 |
3 | ستارۂ غیب | 30 |
4 | جونک | 40 |
5 | سمندر | 49 |
6 | دیمک | 68 |
7 | کاگ داس | 82 |
8 | من شر ما خلق | 96 |
9 | کاغذِ آتش دیدہ | 112 |
10 | زرخیز | 120 |
11 | قلزم | 130 |
12 | آٹے کی آپا | 140 |
13 | اوپر والیاں | 167 |
14 | گائے کھائے گڑ | 174 |
15 | بیر بساون | 178 |
Cheezein aur Log, urdu short stories by Asif Farrukhi, pdf download.
آصف فرخی صرف افسانہ نگار ہی نہیں بلکہ ایک بلند پایہ کے تخلیق کار بھی تھے
جواب دیںحذف کریں