محمد ضمیر الدین نظامی - شہرت یافتہ خوش نویس و خطاط کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-04-01

محمد ضمیر الدین نظامی - شہرت یافتہ خوش نویس و خطاط کا انتقال

zameeruddin-nizami-khattaat

حیدرآباد دکن کے بین الاقوامی شہرت یافتہ نامور خوش نویس و خطاط محمد ضمیر الدین نظامی خدری (ولد محمد بشیر الدین صاحب خدری) ساکن آئی۔اے۔ایس کالونی، ٹولی چوکی کا 31/مارچ بروز منگل کو انتقال ہو گیا۔ وہ مقبول عام ترقی پسند شاعر مخدوم محی الدین کے چچا زاد بھائی تھے۔
نماز جنازہ اور تدفین قبرستان ٹولی چوکی حکیم پیٹ میں عمل میں آئی۔ تقریباً تین ماہ سے ان کی علالت کا سلسلہ چل رہا تھا۔ پسماندگان میں تین دختران شامل ہیں۔

محمد ضمیر الدین نظامی کو طغریٰ نویسی میں بڑی مہارت حاصل تھی۔ انہوں نے وصلی، کاغذ کے علاوہ ابری، آئینے، لکڑی، پتھر، کپڑے، مسور کی دال، پھلی، تل، چاول اور املی کے بیج پر بھی کئی طغرے لکھے۔
انہیں اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کی جانب سے 1988ء میں نقد رقم اور توصیفی سند پیش کی گئی تھی۔ انہوں نے مشہور و ممتاز خوش نویس محمد غوث الدین، عبدالغفار اور مصور قلم علی بن عبدالرحیم یمانی سے اس فن کی تربیت حاصل کی اور پھر اپنی ذاتی کاوش و عشق سے اسے کمال پر پہنچا دیا تھا۔ حیدرآباد دکن کے سالار جنگ میوزیم میں ان کی خوش نویسی کے نمونے موجود ہیں۔
ضمیر الدین نظامی صاحب کے بےشمار شاگرد ہیں، جن میں سے اکثر نے خوش نویسی کو بطور پیشہ اختیار کیا ہے۔ انہیں 1982 میں مولانا ابوالکلام آزاد ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے منعقد کردہ مقابلہ خوشنویسی میں فنِ نستعلیق میں انعام اول اور فنِ "خط ثلث" میں نواب مفخم جاہ بہادر نے انعام دوم عطا کیا تھا۔
ادارۂ ادبیات اردو حیدرآباد (پنجہ گٹہ) کے "تربیتی مرکز خوش نویسی" کے سینئر استاد کی حیثیت سے تین (3) سال تک انہوں نے خدمت انجام دی تھی۔ 1993ء کے کل ہند مقابلہ خوش نویسی میں مغربی بنگال اردو اکیڈیمی کی جانب سے انعام اول کا مستحق قرار دیا گیا تھا۔ ان کے کمالِ فن کے بارے میں جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجس (جموں) نے اطلاع دی تھی کہ کل ہند خطاطی مقابلہ 1995-96 کے لیے اعلیٰ و عمدہ خطاطی پر "اکیڈیمی بیسٹ ایوارڈ" کے لیے محمد ضمیر الدین نظامی کو منتخب کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے اردو روزناموں کے علاوہ روزنامہ انقلاب بمبئی میں بھی انہوں نے کام کیا تھا۔
فنِ خوش نویسی کا یہ انمول و نایاب ستارہ 31/مارچ 2020ء کو غروب ہو گیا۔

zameeruddin-nizami calligraphy

Mohammed Zameeruddin Nizami, veteran Calligraphist of Hyderabad passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں