ماضی کے جھروکوں سے - دلچسپ ادبی تحریروں کا انتخاب - راشد اشرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-03-20

ماضی کے جھروکوں سے - دلچسپ ادبی تحریروں کا انتخاب - راشد اشرف


ماضی کے جھروکوں سے
تقسیم ہند سے قبل تا بیسویں صدی کی چھٹی دہائی کے رسائل و جرائد سے دلچسپ ادبی تحریروں کا ایک انتخاب
زندہ کتابیں سلسلہ نمبر 70
مرتب: انجینئر راشد اشرف (کراچی)

زندہ کتابیں سلسلے کی یہ 70 ویں کتاب ہے۔
یہ مضامین مختلف رسائل و جرائد سے منتخب کیے گئے ہیں اور ایک طرح سے انہیں دوبارہ زندہ کیا گیا ہے سو یہ "زندہ کتابیں" سلسلے میں شامل کی گئی ہے۔
ان مضامین کے انتخاب میں اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے کہ منتخب کردہ تحریریں خشک نہ ہوں مبادا پڑھنے والا اکتا جائے۔

رسائل و جرائد کے بحر ِذخار کو کنگھالنا آسان نہیں۔ کیسے کیسے آبدار موتی اس کی تہ میں پوشیدہ ہیں۔راقم نے ایسے ہی رسائل کی مدد سے 2015ء میں "اردو کے نادر و کمیاب شخصی خاکے" کی دو ضخیم جلدیں مرتب کی تھیں جنہیں احباب نے بے حد پسند فرمایا تھا۔
جب میں یہ کہتا ہوں کہ "پسند فرمایا تھا" تو محض اس بنا پر نہیں کہ چند برقی خطوط آ گئے یا کسی رسالے میں کتاب کا تعارف کرادیا گیا۔ ایسی کئی کتابیں ہیں جن کی اشاعت ثانی کی نوبت آئی ہے اور یہ ثبوت ہے قارئین کی پسندیدگی کا۔ خودنوشت آپ بیتیوں، رسائل و جرائد اورد یگر متفرق کتب سے "حیرت کدہ" اور "دل ہی تو ہے" مرتب کی گئیں۔ اول الذکر ایک ہزار کی تعداد میں شائع ہوئی اور چند ماہ قبل اس کا دوسرا ایڈیشن شائع ہوا ہے۔ "حیرت کدہ" کی دوسری جلد بھی جلد شائع ہونے والی ہے۔

2014ء میں راقم نے "گلدستہ شاہد احمد دہلوی" (ماہنامہ ساقی دہلی و کراچی سے دلچسپ تحریروں کے انتخاب پر مبنی کتاب) پر کام کے دوران ساقی کے علاوہ دیگر جرائد سے متفرق موضوعات پر کئی تحریریں علاحدہ کرکے محفوظ کر لی تھیں۔ زیر نظر کتاب میں ایسے ہی کئی مضامین شامل ہیں۔ اس سلسلے میں کراچی کی کئی لائبریریوں سے استفادہ کیا گیا۔
حال ہی میں بیدل لائبریری کے محمد زبیر صاحب کی کرم فرمائی کے سبب سیارہ و اردو ڈائجسٹ کا دستیاب ریکارڈ بھی عرق ریزی سے دیکھا گیا۔ یہ بھی اک جہانِ دگر ہی ہے۔ نہ صرف زیر نظر کتاب بلکہ "شکاریات کی ناقابل فراموش داستانیں" کی تیسری اور چوتھی جلد کے لیے بھی کئی قیمتی اور اہم مضامین ملے۔ "حیرت کدہ" کی دوسری جلد کے لیے بھی اس ذخیرے سے ماورائے عقل و مافوق الفطرت واقعات پر مبنی کئی اہم اور دلچسپ تحریروں کا انتخاب کیا گیا۔

بعض لوگوں کے نزدیک ماضی کی کھوج میں رہنا مثبت عمل ہے اور بعضوں کے نزدیک یہ محض تضیع اوقات ٹھہرا۔ سچ پوچھئے تو رسائل و جرائد میں ایسے ایسے موتی پنہاں ہیں کہ تلاش شروع کیجئے تو یہ فیصلہ کرنا مشکل کہ کسے چھوڑیے اور کسے محفوظ کیجئے۔ 50ء تا 70ء کی دہائیوں میں ادبی رسائل میں بڑے لوگ لکھا کرتے تھے۔ موضوع معمولی ہو مگر ان کا قلم چھوتے ہی اس میں ایک جان پڑ جاتی تھی۔ آج بھی موضوعات کی کمی نہیں مگر لکھنے والا نہیں رہا۔ اردو و سیارہ ڈائجسٹ کا مکمل ریکارڈ دیکھ کر تو راقم ورطہ ئ حیرت میں پڑ گیا۔ ساٹھ اور ستر کی دہائیوں میں ان میں بے شمار ایسے مضامین شائع ہوئے کہ جن کی تازگی آج بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ زیر نظر انتخاب کے آخر میں "شب گزیدہ" کے عنوان سے باذوق قارئین کے لیے ایک کہانی میں نے خصوصی طو ر شامل کی ہے۔ امریکی تاریخ میں "کالوں"یعنی نیگروز کے ساتھ ہونے والے ہتک آمیز رویوں کے موضوع پر یہ ایک حساس اور دل گداز تحریر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اسے پسند فرمائیں گے۔

"ماضی کے جھروکوں سے" کا یہ انتخاب راقم الحروف کا ہے۔ جیسا بھی ہے، وہ اس پر مطمئن ہے۔ یہ بھی درست ہے کہ۔۔۔۔۔حق ادا نہ ہوا۔ صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کے لیے۔

"زندہ کتابیں" کے سلسلے میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ کتاب کی قیمت ہر حال میں اسی معیار کی شائع ہونے والی دیگر کتابوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہو۔6102 ء میں شروع کیے گئے اس سلسلے کی کامیابی و پذیرائی میں قارئین کا تعاون شامل ِ حال ہے۔ "زندہ کتابیں" کا نام کم قیمت معیاری کتب کی پہچان بن گیا ہے۔ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں۔

- انجینئر راشد اشرف
کراچی۔ مارچ 2020ء

ماضی کے جھروکوں سے

صفحات:435 ۔۔ قیمت: 500
ناشر: اٹلانٹس پبلی کیشنز، کراچی
رابطہ:
اے 36 ایسٹرن اسٹوڈیو، بی 16 سائٹ کراچی
فون:
0092-300-2472238
0092-21-32581720
برقی پتہ: atlantis.publications[@]hotmail.com

یہ کتاب یہاں بھی دستیاب ہوگی:
ویلکم بک پورٹ اردو بازار کراچی فون نمبر 32639581
فضلی، سنز، اردو بازار کراچی: 0336-2633887
دنیا بھر میں ترسیل کے لیے اٹلانٹس کے درج بالا ای میل پتے پر رابطہ کیجیے، اٹلانٹس اپنے وضع کردہ نظام کے تحت کہیں بھی ترسیل کو ممکن بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

***
Rashid Ashraf
ای-میل : zest70pk[@]gmail.com
راشد اشرف

An Introduction to a book of old classic literature "Mazi ke jharokon se" by Rashid Ashraf

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں