پہلی محبت - ناولٹ از ایوان ترگنیف - اردو ترجمہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-02-14

پہلی محبت - ناولٹ از ایوان ترگنیف - اردو ترجمہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

pahli-mohabbat-ivan-turgenev

ایوان ترگنیف (پ: 9/نومبر 1818 ، م: 3/ستمبر 1883)
روسی ادب کا عظیم ڈراما نویس، ناول و افسانہ نگار رہا ہے جس کی تحریروں سے بڑے بڑے ادیب اور دانشور متاثر ہوئے۔ 1860 میں تورگنیف کا ناولٹ "پہلی محبت [First Love]" اشاعت پذیر ہوا جس میں 21 سالہ لڑکی اور 16 سالہ لڑکے کی داستان محبت بیان کی گئی ہے۔ تورگنیف کے بیشتر ناولوں کی طرح اس کا بیانیہ بھی سوانحی طرز پر بنا گیا۔ اور مصنف کے دعویٰ کے مطابق یہ اس کے تمام سوانحی ناولوں سے زیادہ حقیقت پرور ہے۔ ناقدین کی رائے اس ناول پر منقسم رہی۔ ایک طبقہ کا کہنا تھا کہ اپنے وقت کے سماجی رجحانات اور مسائل کی یہ ناول عکاسی نہیں کرتا جبکہ ناقدین کا دوسرا طبقہ اس بات کا قائل تھا کہ اپنے وقت کے ایک نازک سماجی مسئلہ کو اس ناول میں نہایت دانشورانہ سطح پر برتا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس ناول میں دکھایا گیا کہ جو 21 سالہ لڑکی اپنے سے کم عمر لڑکے کی محبت میں مبتلا ہوتی ہے، بعد ازاں اس پر انکشاف ہوتا ہے کہ وہ لڑکا اس کے شوہر کی پہلی بیوی کی اولاد ہے۔
یومِ محبت (14/فروری) کے موقع پر تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں اپنے دور کا یہ مقبول ناول "پہلی محبت (اردو ترجمہ)" پیش خدمت ہے۔ تقریباً سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ناول کے اردو مترجم مخمور جالندھری، ناولٹ اور صاحبِ ناولٹ کے متعلق لکھتے ہیں ۔۔۔
ادیب کی حیثیت سے تورگنیف اپنی حقیقت پسندی کی وجہ سے مشہور رہا ہے۔ وہ زندگی کے مشاہدات کو فنکارانہ رنگ دینے میں کمال رکھتا تھا۔ تعلیم و ثقافت کا اعلیٰ معیار رکھنے والا یہ ادیب وقت کے نئے تقاضوں پر فوراً عبور حاصل کر لیتا تھا۔
تورگنیف کا مشہور ناول "کھلاڑی کے خاکے [A Sportsman's Sketches]" 1852ء میں شائع ہوا، جو روسی کاشتکاروں کی تکالیف اور مصائب کے بیان پر مبنی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ روس میں کسانوں کی آزادی کا اولین محرک یہ ناول تھا۔
تورگنیف روسی عورتوں کے مزاج و مسائل کی بہترین عکاسی کے لیے بھی مشہور ہے۔ وہ اپنے ناولوں میں روس کی عورتوں کی بیداری، زندگی کی مقدس چیزوں کے لیے ان کی تلاش، ان کے مضبوط کردار، ان کے محبت کرنے والے دل، اوباشی، رذالت اور کمزوری، نفرت، شجاعت اور صداقت کے لیے ان کی تعریف اور ان کی اندرونی زندگی کی قوت کا ثنا خواں ہے۔

تورگنیف کے زیرنظر ناولٹ "پہلی محبت" کا مرکزی کردار زنیدا ایک ایسی عورت ہے جو ذہانت، شگفتگی، تازگی، توانائی اور زندگی کی مسرتوں کا مجسمہ ہے۔ یہ ناولٹ مصنف کے اپنے طبقہ کی اندوہناک داستاں بھی ہے۔ اس ناولٹ میں مصنف اس دولت مند دانشور پود کو پیش کرتا ہے جو انسان دوستی اور آزاد خیالی کے پردے میں خود پسندی اور ہوس پرستی کو چھپائے ہوئے تھی۔

***
نام ناولٹ: پہلی محبت [First Love]
مصنف: ایوان ترگنیف
اردو ترجمہ: مخمور جالندھری
تعداد صفحات: 96
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Pahli Mohabbat by Ivan Turgenev (Urdu).pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Pahli Mohabbat [First Love], a novelette (Urdu translation) by Ivan Turgenev, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں