پلوامہ کشمیر میں دہشت گرد حملہ - 40 سی۔آر۔پی۔ایف جوان شہید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-02-14

پلوامہ کشمیر میں دہشت گرد حملہ - 40 سی۔آر۔پی۔ایف جوان شہید

JK-Pulwama-IED-Blast
جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج بروز جمعرات 14/فروری کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے سی۔آر۔پی۔ایف کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں اب تک سی۔آر۔پی۔ایف کے 40 جوان شہید ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ اتنا بڑا تھا کہ شہیدوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ یوری حملے کے بعد یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دھماکہ خیز مواد سے بھری جیش محمد کی گاڑی، جسے عادل احمد نامی عسکریت پسند چلا رہا تھا، نے سی۔آر۔پی۔ایف کے جوانوں کی بس کو ٹکر دے ماری۔ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کا واقعہ سرینگر جموں شاہراہ پر اونتی پور علاقے میں پیش آیا ہے۔
وزیراعظم مودی نے پلوامہ دہشت گرد حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ:

پلوامہ میں سی۔آر۔پی۔ایف جوانوں پر حملہ بزدلی ہے، میں اس ظالمانہ حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، ہمارے جوانوں کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پورا ملک شہید جوانوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسی دوران صدر کانگریس راہل گاندھی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں سی۔آر۔پی۔ایف کے قافلے پر بزدلانہ حملے میں شہید ہوئے جوانوں کی شہادت پر غمزدہ ہیں، ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمی جوانوں کی عاجلانہ صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔


کانگریس کے مرکزی ترجمان رندیپ سرجےوالا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "ہم پلوامہ میں بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ عظیم قربانی دینے والے 18 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے خاندانوں سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔" مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ "اڑی، پٹھان کوٹ، پلوامہ - مودی حکومت کے ذریعے قومی سلامتی سے سمجھوتا کیا جانا مسلسل جاری ہے۔"


Kashmir's Pulwama Terror Attack, IED Blast

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں