کچھ شرارتی عناصر پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے زخمی جوانوں کے اعضاء کی فرضی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لوگوں میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔ برائے مہربانی ایسی تصاویر اور پوسٹ کو فارورڈ با لائک مت کریں۔ اگر آپ کی نظر سے ایسی کوئی پوسٹ گزرے تو اس کے متعلق مندرجہ ای-میل پر اطلاع کریں:
webpro@crpf.gov.in
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فوج اور سی آر پی ایف نے مشاورتی اعلامیہ جاری کر کے کہا تھا کہ موجودہ مایوس کن اور تکلیف دہ حالات میں مہلوکین کے خاندان کی غمزدہ تصاویر کو دکھانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ دہشت گرد یہی چاہتے ہیں کہ ملک میں دہشت کا ماحول بنے۔ ایسی تصاویر دہشت گردوں کا حوصلہ بڑھاتی ہیں۔ سی آر پی ایف نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری طور پر تصدیق ہونے تک مہلوک جوانوں کے نام فلیش نہ کیے جائیں۔
قبل ازیں حکومت نے بھی میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔ دہشت گردانہ حملے کی کوریج کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی حکومت نے نجی ٹی وی چینلز کو آگاہ و متنبہ کیا تھا۔ حکومت کی طرف سے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے جموں کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے پس منظر میں تمام ٹی وی چینلز سے اس طرح کے مواد کی پیش کشی سے پرہیز کرنے کو کہا ہے، جس سے تشدد بھڑک سکتا ہو یا ملک مخالف رخ کو فروغ ملتا ہو۔ وزارت کی جانب سے جاری مشاورتی اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ:
حالیہ دہشت گردانہ حملے کو دیکھتے ہوئے ٹی وی چینلز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی طرح کے مواد کے تئیں محتاط رہیں جو تشدد کو بھڑکا سکتا ہو یا تشدد کو فروغ دے سکتا ہو یا جو لا اینڈ آرڈر قوانین کو متاثر کرتا ہو یا ملک مخالف رخ کو فروغ دیتا ہو یا پھر ملک کی سالمیت کو متاثر کرتا ہو۔
CRPF Warns Against Sharing Fake Pictures And Posts On Pulwama Attack
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں