ڈاکٹر شائستہ خان خدابخش لائبریری پٹنہ کی ڈائرکٹر مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-18

ڈاکٹر شائستہ خان خدابخش لائبریری پٹنہ کی ڈائرکٹر مقرر

shaista-khan-aligarh
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری میں ڈپٹی لائبریرین کی عہدہ پر فائز ڈاکٹر شائستہ خان بیدار کو خدابخش لائبریری پٹنہ کا ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شائستہ بیدار کی ابتدائی تعلیم دہلی اور پٹنہ میں ہوئی، وہ مگدھ مہیلا کالج (پٹنہ) کی ممتاز طالبہ رہی ہیں۔ انہوں نے پٹنہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے تاریخ میں بی۔اے (آنرس)، ایم۔اے اور پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لائبریری سائنس اور فارسی میں ماسٹرز کیا۔
ڈاکٹر شائستہ بیدار خدابخش لائبریری کے سابق ڈائرکٹر عابد رضا بیدار کی دختر ہیں۔ واضح رہے کہ خدابخش لائبریری پٹنہ کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے عابد رضا بیدار کا دور لائبریری کی تاریخ میں ایک سنہرے دور سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ خدابخش اورینٹل لائبریری میں ڈائرکٹر کا عہدہ گذشتہ چار سال سے مخلوعہ تھا۔ مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے ڈاکٹر شائستہ بیدار کی تقرری کو حال ہی میں منظوری عطا کی ہے۔ مذکورہ تقرر تین سال کی مدت کے لیے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے۔
ڈاکٹر شائستہ بیدار لائبریری سائنس میں مشرقیات کی ماہر ہیں، مخطوطات شناسی ہند اسلامی مشرقیات میں علمی کاموں کے لیے اپنی مخصوص شناخت رکھتی ہیں۔ ہندوستان میں محفوظ مخطوطات کے بڑے ذخائر پر ان کی گہری نظر ہے۔ انہوں نے مخطوطات کی متعدد جلدیں مرتب کی ہیں۔ مولانا آزاد لائبریری کے نادر مخطوطات کا کٹیلاگ ان کے اہم کارناموں میں شامل ہے۔ حال ہیں میں سرسید اور علی گڑھ تحریک سے متعلق ببلیوگرافی تیار کی ہے جو تین جلدوں اور تقریباً دو ہزار صفحات پر محیط ہے۔ علاوہ ازیں علی گڑھ تحریک اور سرسید سے متعلق ان کے تحریر کردہ متعدد مضامین ملک کے مقتدر اخبارات میں شائع ہوتے رہے ہیں۔
ڈاکٹر شائستہ بیدار کے خدابخش لائبریری میں تقرر پر علیگ برادری نے اظہار مسرت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ خدابخش لائبریری میں اپنی علمی کاوشوں سے نمایاں خدمات انجام دیں گی۔

Dr Shaista Khan Bedar appointed as Director of Khuda Bakhsh Public Library, Patna

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں