بالی ووڈ کے مقبول اداکار اور مکالمہ نویس قادر خان کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-01

بالی ووڈ کے مقبول اداکار اور مکالمہ نویس قادر خان کا انتقال

kader-khan
بالی ووڈ فلمی دنیا کے مشہور اداکار، مکالمہ و منظر نویس قادر خان کا 81 سال کی عمر میں 31/دسمبر کو ٹورنٹو (کناڈا) میں انتقال ہو گیا۔ وہ پروگریسو سپرنیوکلئیر پالسی ڈس آرڈر نامی بیماری میں مبتلا تھے اور طویل عرصہ سے کناڈا میں اپنے فرزند سرفراز اور بہو شائستہ کے ساتھ قیام پذیر تھے۔
ان کے بیٹے سرفراز نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا: "پاپا ہمیں چھوڑ گئے۔ لمبی بیماری کی وجہ سے انہوں نے 31 دسمبرکی شام 6 بجے (مقامی کنیڈین وقت) آخری سانس لی"۔
سرفراز خان نے مزید کہا کہ چونکہ ان کا پورا خاندان کینیڈا میں مقیم ہے، لہٰذا ان کے والد کی آخری رسومات کنیڈا میں ہی ادا کی جائیں گی۔

قادر خان 22 اکتوبر 1937 کو کابل میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق کاکڑ خاندان سے تھا۔ انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے اور ان کا ہر کردار یادگار رہا۔ قادر خان نے اپنی مزاحیہ اداکاری سے بھی شائقین کو محظوظ کیا۔ وہ ایک ہمہ جہت فنکار تھے۔
اپنی لازوال اداکاری کی بدولت انہوں نے کامیڈی فلموں کی ذیل میں 9 فلم فیئرایوارڈز حاصل کیے۔ ان کی مشہورفلموں میں امر اکبر انتھونی، قلی، خون بھری مانگ، بیوی ہو تو ایسی، بول رادھا بول، میں کھلاڑی تو اناڑی، دلہے راجا، حسینہ مان جائے گی، مقصد، نیا قدم، آنکھیں وغیرہ شامل ہیں۔
بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے قادر خان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا۔ جن میں مسٹر نٹور لال ، سہاگ، یارانہ ، قلی اور شہنشاہ وغیرہ شامل ہیں۔
قادر خان کی موت پر امیتابھ بچن نے اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ "قادر خان کا انتقال کر جانا انتہائی مایوس کن خبر ہے۔ وہ ایک بہترین اسٹیج آرٹسٹ تھے جنہوں نے فلموں میں کمال کی اداکاری کی۔ وہ عظیم اسکرپٹ رائٹر تھے جو میری بہترین فلموں میں میرے ہمراہ رہے۔ ان کا ساتھ میرے لیے ہمیشہ اچھا رہا۔"
معروف فلمساز اور ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے قادر خان کو ہمہ جہت خوبیوں سے بھرپور اداکار ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ انہیں خراج عقیدت پیش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ:
"بے مثال رائٹر، اداکار، کامیڈین قادر خان کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ انھوں نے ایک ہی وقت میں ہمیں ہنسایا بھی اور رلایا بھی۔ انھوں نے زبردست مکالموں کے ذریعہ ہمیں تفریح کا موقع میسر فرمایا۔ خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔"
بالی ووڈ ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے بھی قادر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ: "یہ ایک دور کا خاتمہ ہے۔ قادر خان صاحب آپ کی روح کو سکون حاصل ہو۔ ایک غیر معمولی رائٹر اور ہمہ جہت خوبیوں سے بھرا اداکار۔ اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے تعزیت۔"

قادر خان کا ایک انٹرویو (فروری 2007):
An interview with Kader Khan in Pune

Bollywood's famous and renown writer Kader Khan died.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں