معروف خطاط اور خط فیض نستعلیق کے خالق ڈاکٹر ریحان انصاری کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-15

معروف خطاط اور خط فیض نستعلیق کے خالق ڈاکٹر ریحان انصاری کا انتقال

معروف قلمکار، صحافی، خوش نویس، آرٹسٹ، فیض نوری نستعلیق فانٹ کے خالق اور بھیونڈی کے کامیاب طبیب ڈاکٹر ریحان انصاری، 57 سال کی عمر میں بروز ہفتہ 12/جنوری کی شام بھیونڈی میں انتقال کر گئے۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکا اور تین لڑکیاں ہیں۔
ذرائع کے بموجب ہفتہ کی صبح تقریباً 9 بجے ریحان انصاری کو دل کا دورہ پڑا تو بھیونڈی کے مشہور ڈاکٹروں اور ہم جلیسوں نے عیادت کی اور شہر میں امراض قلب کی ماہر ڈاکٹر ذکیہ اعجاز خان سے رابطہ کیا گیا، چونکہ دل کا دورہ شدید تھا لہذا انھیں تھانے کے کرسٹل ہاسپٹل میں داخل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور دوران علاج عصر کے وقت ان کا انتقال ہو گیا۔ نماز جنازہ رات گیارہ بجے بھیونڈی کے مرکز ہندوستانی مسجد میں ادا کی گئی اور تدفین بھسار محلہ قبرستان میں عمل میں آئی۔

ریحان انصاری کی پیدائش سن 1962 میں شہر بھیونڈی میں ہوئی تھی۔ ابتدائی تعلیم آپ نے رئیس ہائی اسکول سے حاصل کی، بعد ازاں ممبئی سے ڈاکٹری کی ڈگری حاصل کی۔ اسی دوران خطاطی اور کتابت کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ آپ بھیونڈی کے مخلص و معروف سیاست داں اور شاعر شبیر احمد راہی صاحب کے برادر زادے تھے۔ ڈاکٹر صاحب رئیس ہائی اسکول بھیونڈی اور مہاراشٹر کالج ممبئی میں ہفتہ میں ایک دن خطاطی (کیلی گرافی) کی کلاس بھی لیتے تھے۔
ہفت روزہ اخبار "بھیونڈی کے صبح و شام" کی بہترین تزئین و ترتیب، طب پر لکھی گئی کتاب اور فیض نوری نستعلیق کی تخلیق پر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکادمی ایوارڈ سے آپ کو سرفراز کیا گیا تھا۔

حکومت گوا کی جانب سے منعقدہ چار روزہ "آل گوا اردو ٹیچرس ٹریننگ ورکشاپ" (7 تا 10 جنوری 2019) میں ڈاکٹر انصاری نے "ریسورس پرسن ان اردو ہینڈ رائٹنگ اینڈ کیلی گرافی فار ٹیچرس" کی حیثیت سے متواتر دو دن شرکت کی تھی۔ اور اپنے انتقال سے ایک روز قبل ہی وہ ورکشاپ سے بھیونڈی واپس لوٹے تھے۔ ان کے اچانک انتقال کو طبی، صحافتی، سماجی، علمی، ادبی اور تعلیمی نقصان کے طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔ بھیونڈی، ممبئی اور مہارشٹرا کے دیگر شہروں کے علاوہ سوشل میڈیا کے ان کے دوست احباب، محبان اور قدردانوں میں افسوس اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Faiz urdu nastaliq font developer Dr Rehan Ansari passed away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں