حیدرآباد کی سالانہ کل ہند نمائش کا 79 واں سال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-11

حیدرآباد کی سالانہ کل ہند نمائش کا 79 واں سال

حیدرآباد کے لیے کل ہند صنعتی نمائش المعروف بہ "نمائش" ایک سالانہ 45 روزہ میلے کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ سال 2019، نمائش کا 79 واں سال ہے اور اتنے طویل عرصہ میں بھی نمائش کی دلکشی اور اہمیت میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں آئی ہے بلکہ ہر سال اس کی مقبولیت میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔
پچھلے چند برسوں کے دوران حیدرآباد میں بڑے بڑے شاپنگ مالس قائم ہو چکے ہیں، سال بھر کے دوران مختلف مقامات پر اسی طرح کے میلے بھی لگتے رہتے ہیں اور ماہ رمضان میں تو نمائش ہی کی طرح مختلف شادی خانوں اور فنکشن ہال میں ہر طرح کی دکانیں قائم کی جانے لگی ہیں لیکن ان سب کے باوجود "نمائش" کی اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نمائش نے اپنی مقبولیت کو نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ سال بہ سال اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
نمائش، حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارگی کا بھی جیتا جاگتا نمونہ ہے کیونکہ بلالحاظ مذہب اور طبقہ، بچے بوڑھے جوان سبھی "نمائش" کے دلدادہ ہیں۔ نمائش کی کشش کا یہ حال ہے کہ کئی لوگ مہینہ بھر قبل سے ہی نمائش کے آغاز کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ کئی ایسے شائقین بھی ہیں جو پورے 45 دن تک نمائش کی سیر کو خود کے لیے لازم سمجھتے ہیں اور روزانہ بلاناغہ گھنٹہ دو گھنٹہ ضرور نمائش میں گزارتے ہیں اور یوں نمائش میدان کا ایک آدھ راؤنڈ لگانے تک ان کا دن ختم نہیں ہوتا۔ بعض ایسے بھی شائقین ہیں جو نمائش میدان کا چکر لگانے کے بجائے کسی ایک جگہ بنچ پر بیٹھے بیٹھے لوگوں کی چہل پہل اور نمائش کی گہما گہمی کا نظارہ کرنے میں ہی مطمئن ہو جاتے ہیں۔ اور کچھ لوگوں کے لیے نمائش سال میں ایک مرتبہ "شاپنگ فیسٹول" کی حیثیت رکھتی ہے اور انہیں اپنی چنندہ دکانیں برابر یاد رہتی ہیں اور دکاندار بھی اپنے ایسے مستقل گاہکوں کو بخوبی پہچانتے ہیں۔
ایک شہری نے بتایا کہ وہ 8-10 سال کی عمر سے یعنی گذشتہ کم از کم 30 برسوں سے بلاناغہ ہر سال نمائش کی سیر کو آتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بچپن میں جب نمائش کا داخلہ ٹکٹ صرف 50 پیسے ہوا کرتا تھا تو واپسی کے وقت وہ گیٹ سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہوتے تھے اور اپنے والدین سے نمائش کا مزید ایک راؤنڈ لگانے کی ضد کرتے تھے کیونکہ نمائش کی دلکشی اور کشش انہیں جکڑے رکھتی تھی اور ان کی رائے میں وہی کشش آج بھی برقرار ہے۔
یہی وجہ ہے کہ نمائش کی مقبولیت میں برسوں بعد بھی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے نمائش میں تفریحات کا حصہ سب سے پسندیدہ ہوتا ہے جہاں وہ گھنٹوں گزارنے میں دلچسپی دکھاتے ہیں۔

79th All India Industrial Exhibition at Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں