ہندوستان میں سیکولرزم محفوظ - نائب صدر وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-20

ہندوستان میں سیکولرزم محفوظ - نائب صدر وینکیا نائیڈو

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا ہے کہ ہندوستان میں سیکولرزم محفوظ ہے ۔ کیونکہ یہ سیکولرزم ملک کے عوام کے ڈی این اے میں موجود ہے ۔ انہوں نے نئی نسل کو ہم آہنگی سے زندگی گزارنے کے ہندوستانی کلچر کے بارے میں واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقلیتوں کے دل جیتنا، اکثریتی فرقہ کا فرض ہے اور پہلے قوم کی اصطلاحوں میں سونچنا اقلیتی فرقہ کا فرض ہے۔ اقلیتی قومی کمیشن کا دسواں سالانہ لکچر دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کسی ملک پر حملہ کی تاریخ نہیں رکھتا ۔ جبکہ ایسے ممالک ہیں جنہوںنے ہندوستان پر حملہ کیا اور اس کو لوٹا ۔ ایسے حملوں کے باوجود ہندوستانی تہذیب باقی رہی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ہی ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے ۔ ہندوستانی تہذیب اور ہندوستانی ورثہ کے بارے میں نئی نسل کو یاد دلانے کی ضرورت ہے۔ نائیڈو قومی تعمیر میں اقلیتیں کے موضوع پر اظہار خیال کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ واضح کرنے دیجئے اور خیالات پیش کرنے دیجئے کہ ہندوستان میں سیکولرزم محض دستور کی وجہ سے محفوظ نہیں ہے بلکہ ہندوستانی عوام کے ڈی این اے میں سیکولرزم ہونے کی وجہ سے ہندوستان میں سیکولرزم محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں سیاست میں تھا تب ہمیشہ یہ کہتا تھا کہ قومی مفاد کو سب سے پہلے اس کے بعد پارٹی کو اور پھر خود کو ملحوظ رکھاجانا چاہئے ۔ تاہم بد قسمتی سے بعض لوگوں نے آخری اصول کو پہلا بنادیا ۔ سالانہ لکچر کے موقع پر موجود شخصیتوں میں وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی بھی شامل تھے ۔

شیلانگ سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس ریمارک پر تنقید کرتے ہوئے کہ ہندوستان میں رہنے والا ہر شخص ہندو ہے ، میگھالیہ کے چیف منسٹر مکل سنگما نے آج کہاکہ ہندوستان ایک سیکولر اور جمہوری ملک ہے اور سیکولرازم ہمارے دستور کا ایک حصہ ہے ۔ سنگما نے آئی اے این ایس کو بتایا ان کا(موہن بھاگوت) کا ایجنڈہ ہندوستانی عوام کو مذہب کے خطوط پر بانٹنا اور فرقہ وارنہ کشیدگی پیدا کرنا ہے ۔ ان کے اس بیان سے یہ مقصد واضح ہوجاتا ہے ۔ ہمیں اسپر غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے ۔ بزرگ کانگریس قائد نے کہا کہ یہ بات قطعی ناقابل قبول ہے کہ ہندوستان میں رہنے والا ہر شخص ہندو ہے ۔ ساری دنیا یہ جانتی ہے کہ ہندوستان ایک سیکولراور جمہوری ملک ہے اور سیکولرازم ہمارے دستور کا ایک حصہ ہے ۔ سنگما نے کہا کہ قوم کو چاہئے کہ وہ ایسی تفرقہ پسند طاقتوں کو فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہ دے کیونکہ یہ خطرناک اور ہندوستان کے لئے ایک خطرہ ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کے سبب ہمارے سیکولر نظریات کو خطرہ لاحق ہے ۔ ہم ان تفرقہ پسند طاقتوں کو مزید سرائیت کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے کیوکہ کسی بھی ملک پر ایسی طاقتوں کا حکم چلانا خطرناک ہوگا ۔ مرکز کی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت، پر آر ایس ایس کا ایجنڈہ نافذ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سنگما نے کہا کہ وہ(مودی حکومت) آر ایس ایس کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے اور اسے نافذ کررہی ہے ۔ان کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے وہ آر ایس ایس کے نظریات نافذ کرتے رہے ہیں اب عوام کے لئے وقت آچکا ہے کہ وہ اپنی تشویش کا اظہار کریں۔ سنگما نے یہ بھی کہا کہ کانگریس مضبوط اور ہندوستان کے سیکولر تانہ بانہ کا دفاع کرنے تیار ہے ۔ ہمیں اپنی توجہ مبذول نہیں ہونے دینا چاہئے ۔ یکے بعد دیگرے بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ سامنے آتا جارہا ہے ۔ ہمیں اس ملک کے مستقبل کا دفاع کرنے تیار ہوجانا چاہئے ۔

Secularism safe in India as it is in people's DNA, says Vice President Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں