نہرو و گاندھی خاندان نے گجرات کے لیے کچھ بھی نہیں کیا - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-04

نہرو و گاندھی خاندان نے گجرات کے لیے کچھ بھی نہیں کیا - وزیراعظم مودی

نہرو و گاندھی خاندان نے گجرات کے لئے کچھ بھی نہیں کیا - وزیراعظم مودی
بھڑوچ(گجرات)
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے دن کہا کہ بلیٹ ٹرین پراجکٹ کی مخالفت کرنے والوں کو بیل بنڈیوں میں سفرکرنا چاہئے۔1.1لاکھ کروڑ کے پراجکٹ کی مخالفت پر کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی ۔ احمد آباد اور ممبئی کو جوڑنے والا یہ پراجکٹ جاپان کی جانب سے روبہ عمل لایاجائے گا۔ مودی نے کہا کہ کانگریس حکومت بھی یہ پراجکٹ چاہتی تھی لیکن وہ اس میں ناکام رہی اسی لئے وہ اس کی مخالفت کررہی ہے ۔ مودی نے نرمدا کے کنارے گجرات کے شہر بھڑوچ کے قریب امور شوگر فیکٹری میں انتخابی ریالی سے خطاب میں کہا کہ بلٹ ٹرین پراجکٹ کی مخالفت کرنے والوں کو بیل بنڈیوں میں سفر کرنا چاہئے ۔ ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں ہوگی۔ مودی نے کہا کہ ممبئی۔ احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل راہداری جاپان کی سرکاری انٹر نیشنل کو آپریشن ایجنسی بنائے گی اور اس سے گجرات میں روزگار کے زبردست مواقع کھلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تصور کیجئے کہ اس علاقہ بھڑوچ کے لئے کتنا روزگار پیدا ہوگا۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ بلیٹ ٹرین پراجکٹ کے لئے سمنٹ، لوہا اور مزدور کہاں سے آئیں گے ؟ کیا یہ ہندوستان سے نہیں آئیں گے؟ اور انہیں کون خریدے گا؟ جاپان، کیا یہ بڑی معاملت نہیں ہے؟ مودی نے کہا کہ یوپی اے کی منموہن سنگھ حکومت بھی یہ پراجکٹ لانا چاہتی تھی لیکن لا نہیں سکی۔ این ڈی اے حکومت نے معمولی قیمت پر یہ پراجکٹ حاصل کرلیا جو کانگریس کو ناگوار گزررہا ہے ۔ میری کانگریس سے صرف ایک شکایت ہے اگر اسے کوئی چیز حاصل نہیں ہوسکتی جو دوسروں کو حاصل ہوجاتی ہے تو اسے تکلیف کیوں ہوتی ہے ۔ مودی نے نہرو۔ گاندھی خاندان پر طنز کیا کہ وہ گجراتی ہونے کا دعوی کرتے ہیں لیکن ریاست کے لئے انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ مودی نے کہا کہ کچ اور بھڑوچ کے دو اضلاع میں جہاں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے بی جے پی دور اقتدار میں کافی ترقی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا جو سب سے اونچا مجسمہ نصب ہونے والا ہے اس سے بھی علاقہ کی ترقی ہوگی اور بیرونی سیاح یہاں آئیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ریاست کے ساحل پر1300چھوٹے جزیروں کو ترقی دینا چاہتی ہے ۔ ان میں بعض جزیرے سنگا پور سے بھی بڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھڑوچ اور گجرات کے بہتر مستقبل کے لئے بی جے پی کو ووٹ دینا چاہئے۔ یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم مودی نے اتوار کے دن کانگریس قائد احمد پٹیل پر جو نہرو۔ گاندھی خاندان کے با اعتماد رفیق سمجھے جاتے ہیں بالواسطہ تنقید کی۔ بھڑوچ میں انتخابی ریالی سے خطاب میں مودی نے احمد پٹیل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یو پی اے دور میں آپ کے پاس وسیع اختیار تھا۔ وزیر اعظم خود آپ پر منحصر تھا ۔ وزیر اعظم کی قیامگاہ کے دروازے ہمیشہ آپ کے لئے کھلے تھے ۔ گاندھی۔ نہرو خاندان آپ کو بھروسہ مند ساتھی سمجھتا تھا اگر آپ کو گجرات کی اتنی فکر ہوتی تو آپ گجرات کے لئے کچھ کرتے آپ نے نرمدا پر ایک پل تک تعمیر نہیں کرایا ۔ غور طلب ہے کہ احمد پٹیل کا تعلق ضلع بھڑوچ سے ہے۔ راجیہ سبھا الیکشن کے دوران کانگریس ارکان اسمبلی کو بنگلورو لے جائے جانے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مودی نے کہا کہ احمد پٹیل آپ نے اپنے نجی فائدہ کے لئے ارکان اسمبلی کو بنگلورو تفریح کے لئے منتقل کیا اور بناس کنٹھا کے عوام کو سیلاب میں چھوڑ دیا۔

گجرات کی بی جے پی حکومت نے خواتین سے وعدے وفا نہیں کئے - راہول گاندھی
نئی دہلی
یو این آئی
گجرات اسمبلی الیکشن سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اتوار کے دن ریاست کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے خواتین سے کئے گئے وعدے وفا نہیں کئے ۔ وزیر اعظم سے سوالات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ گجرات میں بی جے پی کے بائیس سالہ دور اقتدار میں ریاست کی خواتین کو کوئی تحفظ ، تعلیم یا تغذیہ نہیں ملا۔ خواتین کا استحصال ہوا چاہے وہ آنگن واڑی ورکرس ہوں یا آشاورکرس۔ عورتوں کے حصہ میں صرف مایوسی آئی ۔ گجرات کی بی جے پی حکومت نے گجرات کی بہنوں سے صرف کھوکھلے وعدے کئے جنہیں پورا کرنے کا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا۔ نائب صدر کانگریس نے قبل ازیں ریاست کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے خانگی کمپنیوں سے اونچے دام پر برقی خرید کر ریاستی حکومت کے خزانہ کو نقصان پہنچایا ۔ ہفتہ کے دن راہول نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اسکولوں اور کالجوں میں طلباء کو قابل استطاعت تعلیم فراہم کرنے میں ناکام رہی ۔ انہوںنے پوچھا تھا کہ تعلیم پر خرچ کے معاملے میں گجرات 26ویں مقام پر کیوں ہے ؟ نوجوانوں کا قصور کیا ہے ؟ آئی اے این ایس کے بموجب نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اتوار کے دن وزیر اعظم مودی سے پانچواں سوال کیا۔انہوں ںے ریاست میں خواتین کے تحفظ، صحت ، تعلیم اور عورتوں کے خلاف جرائم پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے گجرات کی خواتین سے جھوٹے وعد ے کئے ۔ گجرات میں بی جے پی گزشتہ بائیس برس سے بر سر اقتدار ہے اور ملک کی اس ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم پر صرف تین فیصد کو سزا ملتی ہے۔ مختلف مرکزی ایجنسیوں اور اداروں کے ریکارڈ کے حوالے سے راہول نے نشاندہی کی کہ انسانوں کی اسمگلنگ میں گجرات تیسرے مقام پر ہے ۔ عورتوں پر ایسڈ سے حملوں میں ریاست کو پانچواں اور نابالغ لڑکیوں کی عصمت ریزی میں دسواں مقام حاصل ہے ۔ اکتوبر2001تا مارچ2014گجرات کے چیف منسٹر رہ چکے مودی سے راہول نے پوچھا کہ گجرات میں خواتین کی شرح خواندگی سال2001میں70فیصڈ تھی جو2011ء میں گھٹ کر57فیصد کیوں ہوگئی۔ احمد آباد اور سورت جیسے نہایت اہم شہر خواتین کے خلاف جرائم کے معاملہ میں دس سرکردہ شہروں میں کیوں شامل ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں