سردار پٹیل کے ورثہ پر کانگریس اور بی جے پی میں تکرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-11-01

سردار پٹیل کے ورثہ پر کانگریس اور بی جے پی میں تکرار

سردار پٹیل کے ورثہ پر کانگریس اور بی جے پی میں تکرار
نئی دہلی
آئی اے این ایس
سردار پٹیل کے142ویں یوم پیدائش پر منگل کے دن کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ان کے ورثہ پر جھگڑا ہوا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر پٹیل کو درکنار کردینے کا الزام عائد کیا جب کہ کانگریس نے مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد آر ایس ایس کے خلاف پٹیل کے ریمارکس کا حوالہ دیا۔ نئی دہلی میں رن فاریونٹی کو جھنڈی دکھاتے ہوئے مودی نے کہا کہ ماضی میں کچھ لوگوں نے یہ یقینی بنانے کی پوری کوشش کی کہ سردار پٹیل کی خدمات فراموش ہوجائیں لیکن جب قوم نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو ہم نے سردار پٹیل کے ورثہ کو ایک خاص انداز سے منانا شروع کیا تاکہ ان کی خدمات اور کارناموں کو نسل در نسل لوگ یاد رکھیں ۔ کانگریس نے سردار پٹیل کی یاد مناتے ہوئے بی جے پی کی مادر تنظیم راشتریہ سوئیم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے خلاف پٹیل کے ان ریمارکس کا حوالہ دیا جو پٹیل نے آر ایس ایس کے سابق رکن اور آر ایس ایس کے نظریہ سازی وی ڈی ساورکر سے قربت کے لئے جانے جانے والے ناتھو رام گوڈسے کے ہاتھوں مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد کئے تھے ۔ کانگریس نے پٹیل کی تصویر کے ساتھ آر ایس ایس کے خلاف ان کے یہ ریمارکس ٹویٹ کئے۔’’سنگھ( آر ایس ایس) قائدین کی تقریریں زہریلی ہیں۔ اسی زہر کے نتیجہ میں مہاتما گاندھی کا قتل ہوا ۔ پٹیل نے جو اس وقت وزیر داخلہ تھے مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد آر ایس ایس پر امتناع عائد کردیا تھا۔ کانگریس نے اپنے سرکاری ہینڈل سے ٹویٹ کیا کہ قائد آہن سردار پٹیل کی یاد میں جنہوں نے آزادی کے بعد ہندوستان کو متحد رکھنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ایک اور ٹویٹ میں کانگریس نے مہاتما گاندھی کی موت کے بعد پٹیل کے ایک اور ریمارک کا حوالہ دیا جس میں پٹیل نے کہا تھا کہ آر ایس ایس کی سر گرمیاں حکومت اور مملکت کی بقا کے لئے واضح خطرہ ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار پٹیل ہندوستانی نظریہ کے معماروں میں ایک تھے۔ میں انہیں ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت ادا کرتا ہوں۔31اکتوبر کو سردار پٹیل کا یوم پیدائش ہے اور اسی دن سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو انک ے باڈی گارڈ نے قتل کیا تھا۔ کانگریس نے آج اخبارات میں بڑے اشتہارات جاری کئے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اندرا گاندھی کی سمادھی پر جو شکتی استھل کہلاتی ہے، گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ منگل کے دن دوڑ کو جھنڈی دکھانے سے قبل اپنی تقریر میں مودی نے 31اکتوبر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج اندرا گاندھی کی برسی بھی ہے لیکن انہوں نے تفصیل سے گریز کیا۔ سردار پٹیل آزاد ہندوستان کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تھے ۔ انہیں ہندوستان کا مردآہن بھی کہاجاتا ہے ۔انہوں نے انگریزوں کے جانے کے بعد سینکڑوں چھوٹی چھوٹی دیسی ریاستوں کو ہند یونین میں ضم کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے بموجب گجرات اسمبلی الیکشن سے قبل کانگریس پر ڈھکی چھپی تنقید میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ماضی میں بعض جماعتوں اور حکومتوں نے سردار پٹیل کے ملک کو متحد کرنے کے کارناموں کو مٹانے کی کوشش کی۔ پٹیل کے142ویں یوم پیدائش پر دوڑ کو جھنڈی دکھاتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر داخلہ کے تدبر اور سیاسی بصیرت کے باعث ہندوستان آج متحد ہے ورنہ سامراجی حکمراں چاہتے تھے کہ آزادی کے بعد ملک چھوٹی ریاستوں میں بکھر جائے ۔ مودی نے کہا کہ حکومت یا پارٹی کانام لئے بغیر کہا کہ پٹیل کی خدمات کو بھلانے کی کوشش کی گئی لیکن سردار، سردار ہوتا ہے چاہے کوئی حکومت یا پارٹی ان کی خدمات کا اعتراف کرے یا نہ کرے۔ قوم اور ملک کے نوجوان، سردار پٹیل کو نہیں بھولیں گے ۔ مودی کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ گجرات اسمبلی الیکشن سے قبل آیا ہے ۔ سردار پٹیل کا تعلق گجرات ہی سے تھا ۔ رن فاریونٹی کا آغاز میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے ہوا۔ 1.5کلو میٹر کی دوڑ انڈیا گیٹ سی ہیگزاگن، شاہجہاں روڈ ریڈیل کے قریب اختتام کو پہنچی۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اپنا مثالی لیڈر قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ پٹیل نے جدید ہندوستان کی تعمیر اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے میں ملک کی بے لوث خدمت کی ہے۔ لیکن ان کی خدمات کو نظر انداز کیا گیا۔ نائیڈو نے آج سردار پٹیل کے142ویں یوم پیدائش پر نہرو میوزیم اور لائبریری کے زیر اہتمام، گاندھی وادی قومیت کی تعمیر اور سردار پٹیل کی زندگی، کے موضوع پر منعقدہ قومی سمینار اور تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اس موقع پر امور ثقافت کے مرکزی وزیر مہیش چندر ورما لائبریری کے صدر لوکیش چندر اور ڈائرکٹر شکتی سنگھ بھی موجود تھے ۔ نائیڈو نے کہا کہ پٹیل ان کی طالب علمی کے زماے سے ہی ان کے لئے متاثر کن اور مثالی شخصیت رہے ہیں اور وہ ان کے لئے ایک عظیم مینار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پانچ سو ریاستوں کا ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا ۔ انہوں نے ہی ملک کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اگر وہ نہیں ہوتے تو یہ تمام ریاستیں پاکستان کے ساتھ ضم ہوسکتی تھیں یا آزاد رہ سکتی تھیں۔ پٹیل کی وجہ سے ہی ان ریاستوں کا ہندوستان میں انضمام ہوا اور وہ بھی بغیر کسی خوب خرابے کے جب کہ یہ بہت مشکل کام تھا۔
BJP, Congress spar over Sardar Patel's legacy

تجارت میں آسانی کی درجہ بندی میں ہندوستان آگے - ارون جیٹلی
نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان میں تجارت کرنے میں آسانی کی درجہ بندی میں اضافہ سے حوصلہ پاتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج عہد کیا کہ وہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گے تاکہ ہندوستان پچاس سر کردہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے ۔ ورلڈ بینک کے مطابق تجارت میں آسانی کے پیمانہ پر ہندوستان کا درجہ جاریہ سال130سے بڑھ کر100ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ ٹیکس اصلاحات لائسنس کی بہ آسانی اجرائی ، سرمایہ کاروں کا تحفظ اور دیوالیہ ہونے پر مسائل کی یکسوئی ہیں۔ ورلڈ بینک کی درجہ بندی کو منظر عام پر لائے جانے کے چند منٹ بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان واحد بڑا ملک ہے جسے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔ 2014ء میں ہم142ویں پوزیشن پر تھے اور پھر گزشتہ دو سال کے دوران ہماری پوزیشن بہتر ہوئی اور اہم131ویں اور130ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ یہ عام درجہ بندی نہیں ہے مخصوص شعبوں میں درجہ بندی کی گئی ہے اور اس کے لئے سخت پیمانے مقرر کئے جاتے ہیں۔
کانگریس نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مہم جوئی کی پالیسی اور وزیر فینانس ارون جیٹلی کی پیشگی پالیسی نے معیشت کو آفت زدہ بنادیا ہے ۔ عالمی بینک کے جدید رینکنگ میں کاروبار آسانی پیدا کرنے کے عمل سے حقیقت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ جیٹلی کو ملک کا بد ترین وزیر فینانس قرار دیتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ جیٹلی کے پیش کردہ رپورٹس حقیقت میں تبدیلی نہیں لاسکتی ۔ انہوں نے نوٹ بندی کو تباہ کن اور جی ایس ٹی کو ناکام قرار دیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں