ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی رینکنگ - علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اول مقام پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-09

ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی رینکنگ - علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اول مقام پر

علی گڑھ
ایس این بی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ اے ایم یو برادری سے وعدہ کیا تھا کہ 2017تک یونیورسٹی کو ملک کی نمبر ایک یونیورسٹی بنانا ہے ۔ اے ایم یو کی نمبر ایک یونیورسٹی بن گئی ہے ۔ لندن کی ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے اے ایم یو کو ہندوستان میں پہلے مقام پر رکھا ہے ۔ ٹائمز کی ریکنگ گزشتہ روز جاری کی گئی، جس میں اے ایم یو نے ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں7واں مقام حاصل کیا۔اس میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز شامل ہیں۔ یونیورسٹی کی فہرست میں اے ایم یو نے گزشتہ سال کے دوسرے مقام سے چھلانگ لگا کر پہلا مقام حاصل کیا۔ اے ایم یو کو1920میں یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا تھا ۔2020میں 100پورے ہورہے ہیں۔ میرا خواب ہے کہ2020تک اے ایم یو دنیا کی چنندہ200یونیورسٹیوں میں شامل ہو ۔ ریسرچ کو فروغ دینے اور محنت سے یہ مقام حاصل کیاجاسکتا ہے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو پہلا مقام ملنے پر علیگ برادری میں خوشی کا ماحول ہے ۔ اس کامیابی پر یونیورسٹی گورننگ باڈی، اے ایم یو کورٹ کے سینئر ممبر خورشید احمد خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ملک کی اول نمبر کی یونیورسٹی کا مقام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو حاصل ہوگیا ہے ۔ یونیورسٹی کی اس کامیابی پر مسلم یونیورسٹی کے طلبا ئے قدیم و معروف قانون داں ظفر یاب جیلانی نے کہا کہ مسلم یونیورسٹی کا ملک کی ممتاز یونیورسٹیوں کی فہرست میں اول مقام حاصل کرنا انتہائی خوشی کی بات ہے۔ وہاں کے طلبا ، اساتذہ اور وائس چانسلر اس کے لئے قابل مبارکباد ہیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینکنگ میں اے ایم یو کو پہلا مقام ملنا فخڑ کی بات ہے۔ اس کامیابی سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی دنیا کے بہترین اعلی تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، جہاں داخلہ کے لئے معیاری ضابطے اپنائے جاتے ہیں۔ مسلم یونیورسٹی ملک اور دنیا کے سبھی ممالک کے طلبا کی توجہ اپنی جانب مبذول کررہی ہے ۔ غور طلب ہے کہ یونیورسٹی کو اس کامیابی سے کافی فائدہ حاصل ہونے کی امید ہے۔ حکومت ہند کے قانون کے مطابق کسی بھی تعلیمی ادارے کے بجٹ کا اعلان کرتے وقت اس کی رینکنگ اہم ہوتی ہے ، جو تعلیمی ادارے میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوتی ہے ساتھ ہی ساتھ اچھی رینکنگ کی وجہ سے طلبا کو بہتر روزگار کے بھی مواقع ملتے ہیں۔

AMU ranked as top Indian University by Times Higher Education

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں