ہریانہ میں ڈیرہ سچا سودا کے 30 مراکز مہر بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-27

ہریانہ میں ڈیرہ سچا سودا کے 30 مراکز مہر بند

ہریانہ میں ڈیرہ سچا سودا کے 30 مراکز مہر بند
چندی گڑھ، سرسہ
پی ٹی آئی
ہریانہ حکومت نے آج بڑے پیمانے پر کراک ڈاؤن کرتے ہوئے ریاست بھر میں ڈیرہ سچا سودا کے تیس سے زیادہ مراکز کو مہر بند کردیا جب کہ کل کے تشدد میں36افراد کی ہلاکت پر ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کی سخت سرزنش کی ۔ پولیس نے بتایا کہ ڈیرہ سچا سودا کے حامیوں کے پاس سے ایکAK47کے بشمول چا ررائفلیں، پستول، پٹرول بم اور دوسرے ہتھیار ضبط کئے گئے جسے2002کے عصمت ریزی کیس کے سلسلے میں مجرم قرار دئیے جانے پر پچکولہ اور سرسہ میں تشدد اور آتشزنی کے واقعات پیش آئے تھے۔ ڈیرہ کے حامیوں کے خلاف غداری کے دو مقدمات درج کئے گئے ہیں لیکن اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ۔ تشدد کے لئے تنقیدوں کا سامنا کرنے والے ہریانہ حکومت نے پنچکولہ میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس اشوک کمار کومعطل کردیا اور الزام لگایا کہ امتناعی احکام کے نفاذ میں خامیاں رہیں جس کے باعث ضلع میں ہجوم جمع ہوا ۔ ہریانہ میں صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں ہے ۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ ریاست میں تشدد کا کوئی تازہ واقعہ پیش نہیں آیا۔ ریاستی عہدیدار اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں اتوار یا پیر کو بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پیر کو خصوصی سی بی آئی جج جگدیپ سنگھ پنچکولہ سے رہتک کی ڈسٹرکٹ جیل آئیں گے جہاں گرمیت رام رحیم کورکھا گیا ہے اور اس کی سزا کا فیصلہ سنائیں گے ۔ اس دوران فوج نے کہا کہ وہ سرسہ میں ڈیرہ سچا سودا کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ اس دوران رات دیر گئے موصولہ اطلاع کے مطابق سرسہ میں ڈیرہ سچا سودا کے ہیڈ کوارٹر سے اس کے حامیوں کے باہر نکلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ کئی بھگت آج باہر نکلے پہلے وہ چھوٹے چھوٹے گروپوں میں نکلے اور جیسے جیسے دن گزرتا گیا ان کی تعداد زیادہ ہوتی گئی ۔ پولیس لاؤڈ اسپیکر س کے ذریعہ ان سے کہہ رہی تھی کہ وہ ہیڈ کوارٹر کو خالی کردے ۔ پولیس کو امید ہے کہ وہ ہیڈ کوارٹرس بہت بہت جلدی خالی کردیں گے ۔ اس دوران ہریانہ کے سرسہ میں ضلع انتظامیہ نے اتوار کو کرفیو میں صبح چھ بجے سے گیارہ بجے دن تک نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس عہدیدار نے آج شام کہا کہ ہم ڈیرہ ہیڈ کوارٹرس اور آس پاس کے علاقوں میں کرفیو میں صبح چھ بجے سے دن کے گیارہ بجے تک نرمی دیں گے تاکہ لوگ ضروری اشیاء کی خریدی کرسکیں ۔ عہدیدار نے بتایا کہ کرفیو میں نرمی کی مدت کے دوران دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
30 congregation centers of Dera Sacha Sauda sealed

بد ترین تشدد، ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت کی سر زنش
چندی گڑھ
پی ٹی آئی
پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی مکمل بنچ نے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ کو عصمت ریزی کے معاملہ میں خاطی قرار دئیے جانے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر خصوصی سماعت کی، جس میں کم سے کم36افراد ہلاک اور250سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کار گزار چیف جسٹس ایس ایس گارون، جسٹس اونیش اور جسٹس سوریا کانت پر مشتمل بنچ نے صورتحال کو قابو میں لانے میں ناکامی پر حکومت ہریانہ اور مرکز دونوں کی سرزنش کی ۔ عدالت نے کہا کہ جن لوگوں نے املاک کو نقصان پہونچایا ہے اس کا نقصان بھی ان ہی سے وصول کیاجائے ۔ عدالت نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے پنچکولہ کے باشندوں نے عدالت میں مفاد عامہ کے تحت درخواست داخل کرتے ہوئے امن و ضبط کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ کے ڈیڑھ لاکھ افراد شہر میں جمع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے نقض امن کی خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ان خدشات کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے۔ عدالت نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے ہدیات دی ہے کہ کوئی وزیر یا کوئی بھی سیاسی لیڈر کسی بھی عہدہ دار کے کام میں مداخلت نہیں کرے گا۔ عدالت نے کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز بیان پر ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔

ڈیرہ میں داخل ہونے کا ارادہ نہیں: فوج
سرسا، ہریانہ
پی ٹی آئی
فوج نے آج واضح کیا کہ ہریانہ کے سرسا میں ڈیرہ سچا سودا کے احاطہ میں اس کے جوان داخل نہیں ہوئے ہیں اور ایک عہدہ دار نے بتایا کہ ڈیزہ کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے اور اسے ڈیرہ میں داخل ہونے کی کوئی جلدی نہیں ہے ۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ ڈیرہ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں فوج بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ڈیرہ کے سینکڑوں ، ہزاروں حامی پولیس کی اپیل کے باوجود وہاں مقیم ہیں ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

گرمیت بنا قیدی نمبر 1997
اس دوران ڈیرہ سچا سودا چیف گرمیت رام رحیم کو رہتک کی سنہرا جیل کے ایک خصوصی سیل میں رکھا گیا ہے ۔ جیل عہدیداروں نے بتایا کہ اس سیل میں بارہ قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن ڈیرہ چیف کو قیدی تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ اب وہ قیدی نمبر1997بن گیا ہے جس نے آدھی رات تک چہل قدمی کرتے ہوئے اپنی پہلی شب گزاری ۔ اس دوران ڈیرہ سچا سودا کے چیف گرمیت رام رحیم کے حامیوں کے پاس ایک اے کے 47کے بشمول چار رائفل، پستول اور پٹرول بم ضبط کئے گئے ۔ ہریانہ اور پنجاب میں ڈیرہ کے کئی مراکز سے لاٹھیاں، سلاخیں اور کلہاڑیاں وغیرہ بھی برآمد کی گئیں۔ ہریانہ کے بی جے پی ایس سندھو نے یہ بات بتائی ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں