پلوامہ میں پولیس کامپلکس پر فدائن حملہ - 8 جوان ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-27

پلوامہ میں پولیس کامپلکس پر فدائن حملہ - 8 جوان ہلاک

سری نگر
پی ٹی آئی
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں صبح سویرے بھاری اسلحہ سے لیس عسکریت پسندوں کے ڈسٹرکٹ پولیس لائنس پر کئے گئے فدائن حملہ میں تا حال سیکوریٹی فورسس کے آٹھ جوان ہلاک ہوگئے جن میں سی آر پی ایف کے چار جوان شامل ہیں ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بارہ گھنٹوں سے جاری انکاؤنٹر میں تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔ عسکریت پسندتنظیم جیش محمد نے اس فدائن حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قصبہ پلوامہ میں آزادی حامی احتجاجی مظاہرین اور سیکوریٹی فورسس کے مابین جھڑپیں شروع ہوئی ہیں ۔ ان اطلاعات کے مطابق سیکوریٹی فورسس نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے طور پر ضلع پلوامہ میں موبائل انٹر نیٹ سروس معطل کردی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انٹر نیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہوں کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ آج علی الصبح تقریبا چار بجے تین عسکریت پسندوں پر مشتمل ایک بھاری مسلح گروپ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنس پر حملہ کرکے اندر داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے اندر داخل ہونے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی اور سیکوریٹی فورسس کی طرف ہتھ گولے داغے۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی ابتدائی فائرنگ میں آٹھ سیکوریٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو پہلے ضلع اسپتال پلوامہ اور بعد ازاں تشویشناک حالت میں سری نگر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ مہلوک پولیس اہلکار کی شناخت کانسٹبل امتیاز احمد شیخ ساکن قاضی کلگام کے طور پر کردی گئی ہے ۔ قبل ازیں ڈی پی ایل کے اندر گولہ باری کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے جاری تھا۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور فدائن عسکریت پسندوں نے ڈی پی ایل کے اندر ایک عمارت میں پناہ لے رکھی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے چھپنے کی جگہ ٹریک کرنے کے لئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے سیکوریٹی فورسس کی اضافی کمک وہاں پہنچادی گئی جنہوں نے ڈی پی ایل کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیا ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران انہیں اپنے گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ عسکریت پسندتنظیم جیش محمد کے ایک ترجمان نے یہاں مقامی میڈیا کو فون پر بتایا کہ تنظیم سے وابستہ عسکریت پسندوں نے ڈی پی ایل پر حملہ انجام دے کر متعدد سیکوریٹی فورس جوانوں کو ہلاک کیا ہے ۔ سیکوریٹی فورسس کی جانب سے وادی میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن آل آؤٹ شروع کرنے کے بعد یہ عسکریت پسندوں کی طرف سے کسی سیکوریٹی فورس کیمپ پر پہلا فدائن حملہ ہے ۔ تاہم سیکوریٹی فورسس نے رواں برس جون میں شمالی کشمیر کے سمبل میں واقع فوجی کیمپ کے قریب چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کرکے فدائن حملہ ناکام بنانے کا دعوی کیا تھا۔ وادی میں رواں ماہ کے دوران سیکوریٹی فورسس نے مختلف عسکریت پسندمخالف آپریشنوں کے دوران23عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔ تاہم ان عسکریت پسندمخالف آپریشنوں کے دوران چھ سیکوریٹی فورس اہلکار اور سات عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسی دوران مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پلوامہ میں انکاؤنٹر کا اعلیٰ سطحٰی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اور انکے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ معتمد داخلہ راجیو مہرشی نے بتایا کہ اسپیشل پولیس فورس کے دو عہدیداراس عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں جن پرعسکریت پسندوں نے قبضہ کرلیا ہے ، وہ محفوظ ہیں یا نہیں ابھی تک اسکا پتہ نہیں چل سکا ہے ، جب کہ ایک مکان کو آگ لگ گئی ہے ۔

Pulwama: 8 security personnel, 3 terrorists killed in attack on police complex

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں