ڈیرا سچا سودا سربراہ گرمیت سنگھ کو 20 سال کی جیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-29

ڈیرا سچا سودا سربراہ گرمیت سنگھ کو 20 سال کی جیل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آج دو سادھویوں کی عصمت ریزی پر ڈیرا سچا سوداکے چیف گرمیت رام رحیم سنگھ کو بیس سال جیل کی سزا سنائی اور کہا کہ اس نے ایک جنگلی جانور جیسا کام کیا ہے جس نے اپنی پوتر سادھویوں کو تک نہیں بخشا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پچاس سالہ رام رحیم نے ایسی معصوم اور عقیدت میں اندھی سادھویوں پر جنسی حملہ کرتے ہوئے ایک سنگین جرم کیا ہے اور وہ کسی نرمی کا مستحق نہیں ہے ۔ جج جگدیپ سنگھ نے اپنے حکم میں2002ء کے عصمت ریزی کے دو واقعات میں اسے دس سال قید بامشقت کی دو سزائیں سنائیں۔ ڈیرا چیف کو تین دن قبل ان مقدمات میں مجرم قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ہریانہ میں بڑے پیمانے پر تشدد میں38افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ۔ وکیل صفائی ایس کے گارگ نروانا نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ دونوں سزائیں ایک کے بعد ایک چلیں گی اس کا یہ مطلب ہے کہ اسے جیل میں بیس سال کاٹنے ہوں گے ۔ وکیل نے بتایا کہ اس فیصلے کو چیالنج کیا جائے گا۔ جج نے پچاس سالہ خود ساختہ گروکو دونوں جرائم کے لئے فی کس پندرہ لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی، جن میں سے فی کس چودہ لاکھ روپے عصمت ریزی کی متاثرین کو دئیے جائیں گے ۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ متاثرہ خواتین نے گرمیت رام رحیم کو بھگوان کا درجہ دیا لیکن اس نے اس سنگین نوعیت کا جرم کیا۔ جج نے کہا کہ اس آدمی کے مزاج میں انسانیت اور رحم نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔اور کسی نرمی کا مسحق نہیں ہے ۔ روہتک کی جیل میں فیصلہ سنائے جانے کے دوران ڈرامائی مناظر دیکھے گئے ۔ گرمیت رام رحیم نے جج سے گڑ گڑا کر درخواست کی کہ مجھے معاف کردو ۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد اس نے کمرہ عدالت کو چھوڑنے سے انکار کردیا اور فرش پر بیٹھ گیا لیکن عہدیدار اسے زبردستی باہر لے گئے ۔ سزا کے اعلان سے قبل ان کے حامیوں کی جانب سے امکانی تشدد کی روک تھام کے لئے ہریانہ اور پنجاب میں سیکوریٹی فورسس نے انتہائی درجہ کی چوکسی اختیار کرلی تھی ۔ میڈیا اطلاعات میں کہا گیا کہ فیصلہ سننے کے بعد گرمیت بے اختیار رو پڑا اور ہاتھ جوڑ کر معاف کردینے کی التجا کرنے لگا۔ بعدازاں اس نے جیل لائبریری میں بنائے گئے عدالت کے کمرہ سے جانے سے انکار کردیا۔ سزا سنانے کے فوری بعد ہریانہ و پنجاب کے بشمول کہیں سے کسی تشدد کی اطلاع نہیں ہے ۔ صورتحال کو بگاڑنے سے بچانے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی بی آئی جج جگدیپ سنگھ سزا کا اعلان جیل کے احاطہ میں ہی بنائی گئی عارضی عدالت میں کریں۔ سنگھ کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ روہتک لایا گیا۔ ہیلی کاپٹر نے روہتک کے نواح میں واقع جیل کے قریب لینڈنگ کی ، وہاں سے انہیں سخت سیکوریٹی میں جیل لے جایا گیا ۔ جج نے سزا کے تعین پر استغاثہ اور وکلائے صفائی کے دلائل کی سماعت کے بعد دس سال جیل کی سزا سنائی ۔ جیل کے اطراف ہمہ رخی سیکوریٹی کا گھیرا بنایا گیا تھا، جسے پولیس کے علاوہ نیم فوجی فورسس کی 23کمپنیاں گھیرے ہوئے تھے۔ پورا روہتک عارضی طور پر فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کررہا تھا جہاں جیل جانے والے تمام راستوں پر فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ یہ راستے عام ٹریفک کے لئے بند کردئیے گئے تھے۔ ہریانہ اور پنجاب میں انتہائی چوکسی برتی گئی جہاں حکام نے تشدد کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کے احکام جاری کئے تھے ۔ گرمیت سنگھ کو اپریل2002ء میں لکھے گئے ایک نامعلوم خط کی بنیاد پر اس کی دو مداح خواتین کا جنسی استحصال کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا ۔ سی بی آئی نے دسمبر2002ء میں پنجاب اور ہریانہ ہائیکورٹ کی ہدایت پر یہ مقدمہ درج کیا تھا اور جولائی2007ء میں انبالا کی عدالت میں ڈیرا سچا سودا کے سربراہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ۔ اس میں دو سادھویوں کی1999ء سے2001ء کے درمیان عصمت ریزی کا الزام وضع کیا گیا ۔ جولائی2017ء سے اس کیس کی روزانہ سماعت شروع کی گئی اور17اگست کو بحث ختم ہوئی۔ روہتک کے ڈپٹی کمشنر اتل کمار نے کہا کہ صورتحال ایک چیلنج ہے لیکن ہم نے پوری تیاری کررکھی ہے اور تشدد پھیلانے والوں پر فائرنگ کرنے میں پولیس کوئی پس و پیش نہیں کرے گی۔
سرسہ، ہریانہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ڈیرا سچا سودا کے چیف گرمیت سنگھ کو سزا سنائے جانے کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے منگل کو صبح سات بجے سے شام سات بجے تک کرفیو میں نرمی کافیصلہ کیا ہے۔ اس مدت کے دوران اسکول اور کالجس بھی کھلے رہیں گے ۔ اعلیٰ سطح کی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ سرسہ ٹاؤن میں ڈیرا کا وسیع و عریض ہیڈ کوارٹرس واقع ہے ۔ اس دوران سرسہ کے قریب کوٹلی گاؤں میں نامعلوم افراد نے ایک کار کو نذر آتش کدیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا کارکوڈیرہ کے حامیوں نے آگ لگائی ہے یا دوسروں نے؟ اس دوران ہریانہ حکومت کے ایک سینئر عہدیدار اوما شنکر آئی اے ایس نے بتایا کہ ضلع حکام نے سرسہ میں ڈیرے کے کھاتوں کو قرق کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ تشدد سے متاثر افراد میں معاوضہ تقسیم کیاجاسکے ۔

20 years in jail for Gurmeet Ram Rahim Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں